مجلس خدام الاحمدیہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء
منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ریجن ساں پیدرو(San-Pedro) کو اپنا سالانہ ریجنل اجتماع ’’خدام الاحمدیہ اور جماعت احمدیہ کی ترقی‘‘ کے مرکزی موضوع پر ریجن کی ایک مجلس گراں بیربی (Grand-Bereby) میں مورخہ ۴ و ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت و فرانسیسی ترجمہ اور عہد کے بعد تقاریر ہوئیں۔ اس دوران ایک تقریر بموضوع ’’مجلس خدام الاحمدیہ کے ممبر کی ذمہ داریاں‘‘ آجانی عبدالماجد صاحب ناظم اطفال نے کی۔
اس افتتاحی اجلاس کے بعد علمی وورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ نماز ظہر وعصر نیز طعام کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی اور عشائیہ کے بعد مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا جس کے بعد پہلے دن کا اختتام ہوا۔
دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد و فجر و درس بعنوان’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ سے ہوا۔
خاکسار کی صدارت میں اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد تراؤرے احمد صاحب نے ’’ایک حقیقی خادم کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کيے گئے جس کے بعدخاکسار نے ’’خلافت سے بہترین تعلق کیسے قائم رکھا جائے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ الحمدللہ
امسال ریجنل اجتماع کی کُل حاضری ۷۵؍افراد پر مشتمل رہی۔ اللہ تعالیٰ اس کے دور رس اثرات مرتب کرے اور خدام واطفال ساں پیدرو کو ایمان و ایقان میں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




