ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ بوبوجلاسو، برکینا فاسو
ریجنل صدر لجنہ اماء اللہ بوبو جلاسو Mme Diabaté/ Ouattara Thiangniré Fanta صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ بوبو جلاسو کا ریجنل اجتماع ’’جماعت کی سرگرمیوں میں فعال شمولیت کے لیے لجنہ کو متحرک کرنے کی حکمت عملی: اہمیت اور مستقبل کا لائحہ عمل‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۳و۱۴؍جون ۲۰۲۶ء کو بوبو جلاسو شہر میں منعقد ہوا۔ نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے صدر لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کی نمائندگی میں دو ممبرات نیشنل عاملہ نے اجتماع میں شرکت کی۔
افتتاحی اجلاس:اجتماع کا پہلا اجلاس دوپہر تین بجے نماز ظہر و عصرکے بعد ریجنل احمدیہ مسجد بوبو جلاسو میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد ریجنل صدر صاحبہ نے سب مہمانوں اور شاملین اجتما ع کو خوش آمدید کہا۔ پھر اجتماع کے مرکزی موضوع پر وارو حوا صاحبہ نے تقریر کی۔ افتتاحی اجلاس کا اختتام دعا سے ہوا۔
علمی و ورزشی مقابلہ جات:افتتاحی اجلاس کے فوراً بعد شام پانچ بجے ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ لجنہ کے مقابلے مسجد کے اندرونی ہال میں جبکہ ناصرات کے مقابلے مسجد کے وسیع صحن میں منعقد ہوئے۔ لجنہ و ناصرات نے بہت دلچسپی سے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
رات آٹھ بجے نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد مقابلہ جات دوبارہ شروع ہوئے اور رات دس بجے تک جاری رہے۔
اختتامی اجلاس:اجتماع کے دوسرے دن کا آغازصبح چار بجے نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد پانچ بجے نماز فجر ادا کی گئی۔ اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم وترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد ریجنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے اختتامی تقریر کی۔ اجتما ع کے ليے نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے خصوصی پیغام بھجوایا تھا جو اُن کی نمائندہ سکاندے عائشہ صاحبہ نے پڑھ کر سنایا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی لجنہ ممبرات و ناصرات میں انعامات تقسیم کيے گئے۔ نیشنل صدر صاحبہ کی نمائندہ کابورے عائشہ صاحبہ نے اجتماع کے شاندار انتظامات پر اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور اختتامی تقریر کی۔ آخر پرریجنل صدر صاحبہ نے دعا کروائی۔ ریجنل اجتماع میں مجموعی طور پر ۱۰۷؍لجنہ ممبرات، ۵۰؍ناصرات اور بچوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: لٹویا میں واقع جاپانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری کی جماعتی مشن ہاؤس آمد




