یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کا ۴۵واں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان کے ساتھ مجلس انصاراللہ جرمنی کو اپنا پینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ’’الخیر کلہ فی القرآن‘‘ کے مرکزی موضوع پر دینی و روحانی ماحول اور تنظیمی روایات کے ساتھ تین دن ۱۰؍تا۱۲؍جولائی۲۰۲۶ء Karlsruhe میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

مجلس انصاراللہ جرمنی کی خوش قسمتی یہ تھی کہ اس اجتماع کے بابرکت موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے خصوصی پیغام بھی موصول ہوا جو مکرم بشیر احمدریحان صاحب صدر مجلس انصار اللہ جرمنی نے افتتاحی تقریب میں پڑھ کر سنایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سالانہ اجتماع کے ليے مکر م نسیم احمد باجوہ صاحب مبلغ سلسلہ و امام مسجد بیت الفتوح یوکے کو مرکزی نمائندہ مقرر فرمایا جو تینوں دن اجتماع کے پروگراموں میں شامل رہے اور آپ نے افتتاحی اور اختتامی تقریب کی صدارت بھی کی۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے شعبہ سمعی و بصری نے یوٹیوب کے ذریعے سالانہ اجتماع کی افتتاحی و اختتامی تقریب اور تلقین عمل و علمی و تربیتی پروگرام براہ راست نشر کيے۔ اس سال سالانہ اجتماع کی مجموعی حاضری۷۰۱۲؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء کی تاریخ اور مقام کی منظوری کے ساتھ ہی تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی نے مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر اوّل کو منتظم اعلیٰ اور ڈاکٹر راشد نواز صاحب قائد اشاعت کو سیکرٹری اجتماع مقرر کیا۔ بعد ازاں ۱۹؍رکنی اجتماع بورڈ اور ۱۴۸؍اراکین پر مشتمل نیشنل اجتماع کمیٹی تشکیل دی گئی۔

مورخہ ۶؍جون کو مسجد بیت الواحد ہاناؤ میں صدر صاحب کی زیر صدارت نیشنل اجتماع کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں اجتماع کے انتظامات اور مختلف شعبہ جات کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلہ میں اجتماع کمیٹی اور ناظمین اعلیٰ علاقہ کے ساتھ متعدد آن لائن میٹنگز بھی منعقد ہوئیں۔

اجتماع کی تیاری کے لیے وقار عمل کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا جس میں مجموعی طور پر ۵۲۹؍انصار نے حصہ لیا اور اجتماع کے انتظامات بروقت مکمل کیے۔ اجتماع سے ایک روز قبل تمام منتظمین و کارکنان کی خصوصی میٹنگ میں انہیں اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانے کے ساتھ اس امر کی تاکید کی گئی کہ تمام شاملین ہمارے مہمان ہیں اور ان کے آرام و سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔ آخر میں مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے ذکر الٰہی کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں صدر صاحب نے منتظم اعلیٰ اجتماع اور مبلغ انچارج کے ہمراہ اجتماع کے تمام شعبہ جات کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

پہلا دن: اجتماع کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ انصار کی آمد اور ان کی رجسٹریشن کا سلسلہ نماز جمعہ تک جاری رہا۔ دوپہر ایک بج کر ۲۰؍منٹ پر مرکزی پنڈال میں مرکزی نمائندہ صاحب نے نماز جمعہ و عصر پڑھائیں۔ اس کے بعد وہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا اور پھر ایک مختصر وقفہ کیا گیا۔

پونے چار بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مرکزی نمائندہ صاحب نے لوائے انصار اللہ جبکہ صدر صاحب نے جرمنی کا جھنڈا لہرایا۔ پھر مرکزی نمائندہ صاحب نے دعا کروائی۔

سالانہ اجتماع کا افتتاحی اجلاس چار بجے مرکزی نمائندہ صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب نے افتتاحی کلمات میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصار اللہ جرمنی کے ليے بھجوایا گیا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس کا جرمن ترجمہ مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے پڑھا۔ مرکزی نمائندہ نے فضائل قرآن پاک کے حوالہ سے انصار کو اپنی زندگیاں گزارنے کی طرف توجہ دلائی اور بعد ازاں دعا کروائی جس کے ساتھ ہی افتتاحی اجلاس اختتام کو پہنچا۔

دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز تہجد او رنماز فجر کی اجتماعی ادائیگی سے ہوا۔ درس القرآن اور تلاوت قرآن کریم کے بعد شاملین اجتماع نے انفرادی و اجتماعی سیر کی۔ اس دن صبح سویرے کا دلچسپ ایونٹ ایک نمائشی کرکٹ میچ تھا جوناظمین اعلیٰ علاقہ صاحبان اور نیشنل مجلس عاملہ، مجلس انصار اللہ جرمنی کے درمیان کھیلا گیا جو نیشنل عاملہ نے جیت لیا۔ بعد ازاں حسب شیڈیول علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جوکہ دوپہر ۱۲؍بجے تک جاری رہے۔

علمی و تربیتی اجلاس:دوپہر ۱۲؍بجے مین پنڈال میں اجتماع کے علمی و تربیتی اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت مبلغ انچارج صاحب نے کی۔ اس اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم محمد احمد راشدپاک ترک صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ ایمان بالغیب‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد’’نحن انصاراللّٰہ‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام کو مکرم محمد ظفراللہ خان صاحب نائب صدر صف دوم نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے دکھایا۔ بعد ازاں صدر اجلاس کی دعا سے اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

تلقین عمل: تین بجے دوپہر تلقین عمل کا پروگرام مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعدتلقین عمل کے پروگرام میں اجتماع کے مرکزی موضوع پر پہلی تقریر مبلغ انچارج صاحب نے کی۔ بعد ازاں صدر صاحب نے مجلس انصاراللہ جرمنی کی مساعی برائے سال ۲۰۲۵ء اعداد و شمار اور پریزنٹیشن کے ساتھ شاملین اجتماع کے سامنے رکھے۔ رپورٹ کے بعد مکرم امیر صاحب نے جرمن زبان میں تقریر کی جس کا اردو ترجمہ مکرم وسیم احمد غفار صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے پیش کیا۔ امیر صاحب نے تلقین عمل کے اس اجلاس کی اختتامی دعا کروائی۔ بعد ازاں نماز مغرب تک مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات جاری رہے۔ رات پونے دس بجے نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔

تیسرا دن:سالانہ اجتماع کے تیسرےاور آخری دن کا آغاز بھی نماز تہجد اور فجر کی نمازوں کی اجتماعی ادائیگی اور درس القرآن سے ہوا۔ صبح سے لے کر نماز ظہر تک علمی و ورزشی مقابلہ جات کے فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

اختتامی اجلاس و تقسیم انعامات:نماز ظہر و عصر کے بعد اڑھائی بجے مرکزی نمائندہ صاحب کی زیر صدارت اختتامی اجلاس تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔بعدازاں سالانہ اجتماع کی رپورٹ مکرم منتظم اعلیٰ اجتماع نے پیش کی جس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ مرکزی نمائندہ صاحب نے علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کے علاوہ دیگر شعبہ جات، شعبہ مال، موبائل احمدیہ لنگر، احمدیہ چیریٹی واک، ۱۰۰؍مساجد ٹارگٹ وصولی، علاقائی اجتماع، حسن کارکردگی چھوٹی و بڑی مجالس میں انعامات تقسیم کيے۔ ۲۰۲۵ء کا عَلم انعامی مجلس نوئے ویڈ نے حاصل کیا۔ اسی طرح ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ، بیلجیم اور برطانیہ کے وفود کی خدمت میں مجلس انصاراللہ جرمنی کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقسیم انعامات کے بعد مرکزی نمائندہ صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں انصار کو وقف عارضی کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد صدر صاحب نے کارکنان، شعبہ جات، مرکزی مہمان، بیرون ممالک کے وفود اور دیگر احباب کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا سے پہلے صدر صاحب نے اجتماع کی حاضری پڑھ کر سنائی۔ امسال اجتماع کی کُل حاضری ۷۰۱۲؍رہی۔ اس میں انصار اللہ کی تعداد ۳۹۱۵؍تھی، خدام ۱۱۵۴؍، اطفال ۹۲۳ اور ۴۲۱؍بچے شامل ہوئے۔ حاضری کے بعد معزز مہمان خصوصی نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ سالانہ اجتماع اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:فاروق احمد چیمہ۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ جرمنی)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس انصاراللہ جرمنی کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

پیارے ممبران مجلس انصار اللہ جرمنی

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

اس موقع پر میرا پیغام یہ ہے کہ انصار اللہ وہ تنظیم ہے، جماعت کا وہ حصہ ہے جو اپنی بلوغت کی عمر کو پہنچ چکا ہے اور اس لحاظ سے اس کی ذمہ داری ہے کہ باقی افراد جماعت کے لیے نمونہ بنیں۔ اپنی نسلوں کی اصلاح کے لیے، اپنی نسلوں کو بچانے کے لیے، اپنی نسلوں میں دین کی محبت پیدا کرنے کے لیے، اپنی نسلوں کو خدا تعالیٰ سے جوڑنے کے لیے، اپنی نسلوں میں جماعتی احترام اور تعلق پیدا کرنے کے لیے ایسے نمونے قائم کریں جو ایک مثال ہوں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم اپنی حالتوں کو تبدیل کرنے والے ہوں۔ اپنے بچوں کی حالتوں میں تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ہوں۔ اپنے گھروں کے ماحول کو پُر امن رکھنے والے ہوں۔ اپنے معاشرے کے ماحول کو پُرامن رکھنے والے ہوں اور آخر میں اس دنیا کو امن اور سلامتی کا پیغام پہنچانے والے ہوں اور اس دنیا کو ایک خدا کا ماننے والا بنانے والے ہوں اور دنیا میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا لہرانے والے ہوں اور دنیا کو آپؐ کے جھنڈے تلے لانے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم ہمیشہ ایسے ہی انصار بن کر رہیں۔ آمین

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ لوئر ریور ریجن، گیمبیا کا ریجنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button