یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ یوکے ۲۰۲۶ء کا دوسرا دن

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد، نماز فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ بعد ازاں شاملین اجتماع کے لیے ناشتہ پیش کیا گیا۔

علمی و ورزشی مقابلہ جات اور صحت کی سہولیات: دوسرے روز مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ کھیلوں کے میدان میں فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، کبڈی اور ’’طاقتور ناصر‘‘ کے مقابلہ جات ہوئے جن میں کھلاڑیوں نے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ مقابلے دیکھنے والوں نے بھی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقاریر اور بیت بازی شامل تھے۔ مختلف مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انصار اور کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

شعبہ ایثار کے تحت ہیلتھ ایڈوائزری سروس بھی جاری رہی جس میں انصار کے بلڈ پریشر کی جانچ کے علاوہ ڈاکٹرز نے مختلف صحت کے مسائل کے حوالے سے طبی راہنمائی فراہم کی۔ بڑی تعداد میں انصار نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔

مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز: اجتماع کے دوسرے روز چار پینل ڈسکشنز منعقد ہوئیں جن میں تربیت، تاریخ، سائنسی موضوعات اور ذاتی تجربات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔

پہلی نشست ’’اگلی نسل کی پرورش: ہمارے بچوں کو ہم سے کیا چاہیے؟‘‘ کے عنوان سے ہوئی۔ مکرم ڈاکٹر عزیز حفیظ صاحب نے نشست کی میزبانی کی جبکہ پینل میں مکرم محمد احمد خورشید صاحب مربی سلسلہ اور مکرم نثار آرچرڈ صاحب سیکرٹری تربیت یوکے شامل تھے۔ مقررین نے نئی نسل کی تربیت، والدین کی ذمہ داریوں اور بچوں کی ضروریات کے حوالے سے گفتگو کی۔

دوسری نشست ’’دو ہجرتیں اور اُن کی برکات‘‘ کے موضوع پر ہوئی جس کی میزبانی مکرم رضا احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ پینل میں مکرم حافظ ظفر اللہ صاحب ایڈیٹر الفضل انٹرنیشنل، مکرم منیر دین صاحب، مکرم راحیل احمد صاحب، مکرم باری ملک صاحب اور مکرم قدوس ملک صاحب شامل تھے۔ گفتگو میں خلافت کی پہلی ہجرت قادیان سے پاکستان اور دوسری ہجرت پاکستان سے برطانیہ کے تناظر میں پیش آنے والی مشکلات، تجربات اور حاصل ہونے والی برکات کا جائزہ لیا گیا۔

تیسری نشست ’’جب سورج اور چاند ایک قطار میں ہوئے: کائنات کے معجزات‘‘ کے عنوان سے ہوئی۔ مکرم حمزہ الیاس صاحب نے نشست کی نگرانی کی جبکہ مکرم نوید ملک صاحب، مکرم ڈاکٹر انس رانا صاحب اور مکرم منصور کلارک صاحب مبلغ سلسلہ پینل کا حصہ تھے۔

چوتھی نشست ’’آزمائش سے نکھرتا وجود: صحت، ایمان اور ثابت قدمی کا ایک ذاتی سفر‘‘ کے عنوان سے ہوئی۔ مکرم رفیق بھٹی صاحب نے بطور میزبان فرائض انجام دیے جبکہ مکرم حافظ اعجاز صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ و چیئرمین سائیکلنگ کلب، مکرم ابو ہریرہ صاحب (گنیز بک ریکارڈ ہولڈر) اور مکرم ڈاکٹر حمزہ صدیق صاحب نے پینل ممبران کے طور پر حصہ لیا۔ نشست میں صحت کے لیے سائیکلنگ کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ مکرم ابو ہریرہ صاحب نے مسلسل ۳۲؍گھنٹے سائیکلنگ کے ذریعے گنیز بک کا ریکارڈ قائم کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات، تجربات اور ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے۔

چاروں نشستوں میں پینل ممبران نے اپنے موضوعات کے مختلف پہلوؤں پر معلوماتی گفتگو کی۔ حاضرین کو سوالات کرنے کا موقع بھی دیا گیا جن کے پینل ممبران نے جواب دیے۔

حضور انور کا اجتماع لجنہ اماء اللہ سے خطاب : مجلس انصار اللہ کے اجتماع کے ساتھ لجنہ اماء اللہ کا سالانہ اجتماع بھی جاری رہا۔ اس موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لجنہ اماء اللہ سے بصیرت افروز خطاب فرمایا جسے ایم ٹی اے کے ذریعے اجتماع گاہ سے دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا گیا۔

بعد ازاں صدر مجلس انصار اللہ یوکے مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع ’’درود و استغفار‘‘ کے حوالے سے قرآن کریم، احادیث نبویہ اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں اس موضوع کی اہمیت بیان کی اور انصار کو ان کی دینی و تربیتی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

نماز، کھانا اور تربیتی نشست: شام ۷؍بجے شاملین کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ بعد ازاں رات ۸؍بجے نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔

نمازوں کے بعد ’’اپنے بزرگوں کی یاد: احمدیت تک ہمارا سفر‘‘ کے عنوان سے ایک نشست ہوئی جس میں جماعت احمدیہ کی روحانی ترقی کے مختلف ادوار کا ذکر کرتے ہوئے بعض بزرگوں کی زندگیوں سے ایمان افروز واقعات بیان کیے گئے۔ ان واقعات میں احمدیت سے وابستگی اور دین کی خاطر قربانیوں کے مختلف پہلو نمایاں تھے۔

اس طرح مجلس انصار اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع کا دوسرا روز عبادات، علمی و تربیتی نشستوں، تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات، صحت سے متعلق سہولیات اور مختلف پروگراموں سے مزین رہا۔ اجتماع کا مرکزی موضوع ’’درود و استغفار‘‘ دن بھر کی سرگرمیوں میں نمایاں رہا اور اجتماع کے پروگراموں کو روحانی و تربیتی سمت فراہم کرتا رہا۔ انصار نے مختلف پروگراموں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اس بابرکت اجتماع سے استفادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button