یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ یوکے کا ۴۷واں سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء۔ دوسرا دن

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ یوکے کا ۴۷واں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۸تا ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہورہا ہے۔ ۱۹؍ستمبر کو اجتماع کا دوسرا دن تھا۔ دھوپ اور ہلکی ٹھنڈی ہوا کے باعث موسم نہایت خوش گوار رہا۔ شاملین کے لیے ناشتے میں چنے کا سالن، روٹی، سوجی کا حلوہ، بریڈ، سیریلز، دودھ اور چائے کا انتظام تھا۔

دوسرے دن کی باقاعدہ کارروائی صبح ۱۰؍بجے صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے محترمہ قرۃ العین عینی صاحبہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور عہد سے شروع ہوئی۔ محترمہ آمنہ الایساؤی بھنّو صاحبہ نے تلاوت قرآن کریم و انگریزی ترجمہ پیش کیا جبکہ محترمہ عطیۃ العزیز صاحبہ نے اردو ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے نے عہد دہرایا۔

اس کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ لجنہ اجتماع گاہ (Main Marquee) میں گروپ ۱۵تا۲۵؍سال کی انگریزی تقریر اور نظم کے مقابلے ہوئے۔ ان کی صدارت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے اور صدر لجنہ PAAMA محترمہ قرۃ العین ورک صاحبہ (ریجنل صدر مڈل سیکس) نے کی۔

Competition Marquee میں گروپ ۲۵؍سال سے زائد عمر کی لجنہ ممبرات کے انگریزی تقریر اور نظم کے مقابلے ہوئے۔ مقابلہ انگریزی تقریر کی صدارت محترمہ نینا قدسیہ صاحبہ نے جبکہ مقابلہ نظم کی صدارت محترمہ روحانہ محمود صاحبہ نے کی۔

مقابلہ جات کے اختتام پر لجنہ اجتماع گاہ میں محترمہ ماٹینا حکیم صاحبہ ریجنل صدر نارتھ ویسٹ نے ’’تقویٰ۔ مادہ پرست دنیا میں ایک مومن کی ڈھال‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں پریزینٹیشن پیش کی۔

اس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں انگریزی تقریر، نظم اور ناصرات کے مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والی ممبرات کو انعامات دیے گئے۔ نیز عائشہ اکیڈمی سے فارغ التحصیل طالبات کو اسناد اور قرآن کریم پیش کیے گئے۔

بعد ازاں مین مارکی میں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس میں آلو گوشت، چکن پاستہ، چاول، روٹی اور پھلوں میں نارنجی شامل تھے۔

شام ۴ بج کر ۳۴؍منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز لجنہ اجتماع گاہ میں تشریف لائے اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔

حضور انور کے خطاب کے بعد نو مبائعات کے مقابلہ جات ہوئے۔ بعد ازاں امور طالبات کے تحت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے اور سیکرٹری امور طالبات کے ساتھ نشست ہوئی۔ طالبات نے تعلیم کے ساتھ عبادات کے معیار بلند کرنے، یونیورسٹیوں میں ہونے والی تقریبات، تبلیغ، بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے اور اپنی احمدی شناخت کے حوالے سے سوالات کیے جن کے صدر صاحبہ نے جواب دیے۔

بعد ازاں نماز مغرب و عشاء باجماعت مین مارکی میں ادا کی گئیں۔ اس کے بعد کھانے کی مارکی میں رات کا کھانا پیش کیا گیا جس میں لنگر کا دال چاول اور روٹی شامل تھی۔

٭…٭…٭

(رپورٹ از شعبہ اشاعت۔ لجنہ اماء اللہ برطانیہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button