یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ ہالینڈکی نویں چیریٹی واک ۲۰۲۶ء

محمود احمد شاہد صاحب قائد عمومی مجلس انصاراللہ ہالینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ ۸؍اگست ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ مسجد بیت العافیت، المیرے میں نویں چیریٹی واک کا انعقاد ہوا۔ اس واک کا مقصد اسلام احمدیت کا تعارف اور اسلامی تعلیمات اور خدمت انسانیت کو مقامی افراد تک پہنچانا تھا۔ امسال ۲۰؍ہزار یورو عطیات جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، جو Humanity First Netherlands, Leger des Heils یعنی Salvation Army اور De Sportspullenbank Nederlandیعنی The Sports Equipment Bank Netherlandsکو دیے جانے تھے۔ تینوں اداروں کی جانب سے بیت العافیت کے احاطہ میں معلوماتی سٹالز بھی لگائے گئے۔

واک کے انتظامات کے لیے ایک ورکنگ کمیٹی قائم کی گئی اور مختلف شعبہ جات کے نگران مقرر کیے گئے۔ مقامی کونسل سے اجازت حاصل کرکے ۱۱.۴؍کلومیٹر طویل روٹ ترتیب دیا گیا جس کا آغاز اور اختتام بیت العافیت پر ہوا۔ شرکاء کی راہنمائی کے لیے ۱۵؍مارشلز تعینات کیے گئے جبکہ روٹ پر دو مقامات پر ریفریشمنٹ اور راہنمائی کے سٹالز قائم کیے گئے۔ راستے کی نشاندہی کے لیے تیر کے نشانات اور جھنڈے لگائے گئے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے روٹ کی گاڑیوں اور سائیکلوں کے ذریعے نگرانی کی جاتی رہی۔

پروگرام کی تشہیر کے لیے پوسٹرز اور عطیات وصولی فارم تمام مجالس تک پہنچائے گئے تاکہ انصار اپنے غیر از جماعت دوستوں کو بھی اس کارخیر میں شامل کر سکیں۔ صبح ۹؍بجے سے شاملین کی رجسٹریشن اور استقبال کا آغاز ہوا۔ استقبالیہ پروگرام میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، صدر مجلس انصاراللہ ہالینڈ کی تقریر، واک کے نگران اعلیٰ مکرم راشد صدیقی صاحب کی ہدایات اور دعا ہوئی۔ بعد ازاں شرکاء کا گروپ فوٹو لیا گیا۔

واک میں مجموعی طور پر ۱۰۲؍ممبران نے حصہ لیا جن میں ۸۸؍انصار، ۱۱؍خدام، ۸؍اطفال اور ۵؍غیر از جماعت ڈچ مہمان شامل تھے۔ شرکاء کو گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ان کی سہولت کے لیے راستے میں ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا۔ واک کی تکمیل پر صدر مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے شرکاء کا استقبال کیا اور انہیں یادگاری میڈلز دیے۔ ظہرانہ کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

پروگرام کی میڈیا کوریج کے لیے ایک مقامی آن لائن اخبار جس کے تقریباً ۳۰؍ہزار قارئین ہیں، میں اشاعت کے لیے مضمون ارسال کیا گیا جبکہ مجلس انصار اللہ کے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے بھی پروگرام کی تشہیر کی گئی جس کے نتیجہ میں اسلام احمدیت کا پیغام وسیع پیمانے پر پہنچا۔

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس اطفال الاحمدیہ ہالینڈ کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button