عطیۂ خون: قربانی کی معراج اور دردِ انسانیت کا عملی اظہار
انسانی تاریخ کا مطالعہ اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ نوعِ انسانی کی بقا اور ترقی ہمیشہ باہمی تعاون، ایثار، قربانی اورہمدردی کے اصولوں سے وابستہ رہی ہے۔ انہی اعلیٰ انسانی اقدار کی ایک روشن اور عملی مثال’عطیۂ خون دینے والوں کا عالمی دن ہے۔جو ہرسال۱۴ ؍جون کودنیا بھرمیں منایا جاتا ہے ۔ یہ دن ان بے لوث انسانوں کے لیے خراجِ تحسین ہے جو اپنی زندگی کے قیمتی ترین عطیے یعنی خون کودوسروں کی جان بچانے کے لیے پیش کرتے ہیں ۔ بظاہریہ ایک طبّی عمل معلوم ہوتا ہے مگردرحقیقت یہ انسانیت کی خدمت، اخوتِ انسانی اورایثار کے اعلیٰ ترین مظاہرمیں سے ایک ہے جو کہ نہ صرف معاشرتی بلکہ روحانی اوراخلاقی سطح پر بھی بےحد اہمیت کا حامل ہے ۔
یہ عالمی دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی جان کی قدروقیمت کتنی عظیم ہے اورایک قطرۂ خون کسی کی زندگی اورموت کے درمیان حدِ فاصل بن سکتا ہے ۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد حادثات، بیماریوں، سرجریوں اوردیگرطبّی ضروریات کے باعث خون کے محتاج ہوتے ہیں اورایسے میں عطیہ دہندگان کا کردار کسی مسیحا سے کم نہیں ہوتا ۔ لہٰذا یہ دن نہ صرف ان افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے منایا جاتا ہے بلکہ معاشرے میں اس شعور کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ ہر صحت مند فرد کسی نہ کسی کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔اسلامی تعلیمات میں انسانی جان کی حُرمت اوراس کی حفاظت کو غیرمعمولی اہمیت دی گئی ہے ۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :وَمَنۡ اَحۡیَاہَا فَکَاَنَّمَاۤ اَحۡیَا النَّاسَ جَمِیۡعًا (المائدہ: ۳۳)جس نے اسے زندہ رکھا تو گویا اس نے تمام انسانوں کو زندہ کر دیا ۔
یہ عظیم اصول ہمیں اس بات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ انسان کی جان کی قدر پوری انسانیت کے برابر ہے۔ یہ آیت عطیۂ خون کی اہمیت کو نہایت جامع انداز میں واضح کرتی ہے کیونکہ خون دینا دراصل کسی انسان کی جان بچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔اسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
کُلُّ مَعْرُوْفٍ صَدَقَۃٌ۔ ہر نیکی صدقہ ہے۔(صحیح بخاری کتاب الادب حدیث: ۶۰۲۱ )
اس عالمی دن کے بنیادی مقاصد میں سب سے اہم مقصد رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خون کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ عوام میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا، خون دینے کے محفوظ طریقوں سے متعارف کروانا اورعطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی کرنا بھی اس دن کے اہم اہداف میں شامل ہے۔ہمارے پیارے آقا فخرِدوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کی خدمت کو اہم قرار دیتے ہوئے فرمایا ۔اللہ تعالیٰ اس بندے کی مدد میں رہتا ہے جو اپنے بھائی کی مدد میں لگا رہتا ہے۔(صحیح مسلم حدیث نمبر۴۸۵۳)
یہ حدیث اس حقیقت سے روشناس کرواتی ہے کہ جو شخص دوسروں کی مدد کرتا ہے خدا تعالیٰ خود اس کی مدد کرتا ہے ۔ جب کوئی شخص اپنا خون عطیہ کرتا ہے تو وہ دراصل ایک ایسے انسان کی مدد کررہا ہوتا ہے جوزندگی کی جنگ لڑ رہا ہوتا ہے ۔
عطیۂ خون دینے والوں کے لیےعالمی دن کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ موجودہ دور میں طبی سہولیات کی ترقی کے باوجود خون کی کمی ایک مسئلہ بن چکی ہے ۔ حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح اورمہلک بیماریوں کےعلاج میں خون کی مسلسل ضرورت اس امر کی متقاضی ہے کہ معاشرے میں زیادہ سے زیادہ افراد اس نیک عمل میں حصہ لیں۔
مزید برآں یہ دن حکومتوں، طبی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو اس بات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ وہ خون کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اورمنظّم بنائیں ۔ خون کے ذخیرے کی مناسب دیکھ بھال، اس کی محفوظ ترسیل اور ضرورت مند افراد تک بروقت رسائی، ایک ایسا نظام چاہتا ہے جس میں اجتماعی کوششیں شامل ہوں ۔ اگر ہم اس موضوع کے وسیع تناظرمیں غورکریں تو یہ واضح ہوتا ہے کہ عطیۂ خون محض ایک طبّی عمل نہیں بلکہ ایک سماجی تحریک ہے ۔ جس کا مقصد انسانیت کوایک دوسرے کے قریب لانا، باہمی ہمدردی کوفروغ دینا، اور معاشرتی ہم آہنگی کو مستحکم کرنا ہے ۔ یہ عمل انسان کو خود غرضی سے نکال کر ایثاراورقربانی کے اعلیٰ معیارپر فائز کرتا ہے ۔
نئی نسل کی ذمہ داریاں اس حوالے سے نہایت اہم ہیں ۔ سب سے پہلے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس عمل کی اہمیت کو سمجھیں اوراپنی صحت کے مطابق باقاعدگی سے خون عطیہ کریں ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے دوستوں، اہلِ خانہ اور معاشرے کے دیگر افراد میں بھی اس شعور کو اجاگر کریں کہ خون دینا ایک محفوظ اورمفید عمل ہے ۔ نوجوان نسل سوشل میڈیا، تعلیمی اداروں اورمختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے اس پیغام کو عام کرسکتی ہے۔ وہ خون عطیہ کرنے کی مہمات میں حصہ لے کر، رضاکارانہ خدمات انجام دے کراورضرورت مند افراد کی مدد کر کے اس عظیم مقصد کو آگے بڑھا سکتے ہیں ۔
اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو یہ عمل نہ صرف دنیاوی فلاح کا ذریعہ ہے بلکہ آخرت میں بھی اجروثواب کا باعث ہے ۔ جب ایک انسان اپنی سہولت اوروقت اور توانائی کو دوسروں کی زندگی بچانے کے لیے وقف کرتا ہے تو وہ دراصل اللہ تعالیٰ کی رضا پانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی وہ جذبہ ہے جوایک معاشرے کوترقی یافتہ، مہذب اوربا اخلاق بناتا ہے۔ ہمیں ایثار، قربانی اورہمدردی کا درس دیتا ہے۔ عطیۂ خون انہی اعلیٰ اقدار کا عملی مظہر ہے۔ یہ ہمیں ایک ذمہ داراورمفید معاشرے کا حصہ بناتا ہے جس میں ہم دوسروں کو بھی اس عظیم خدمت کی طرف راغب کر سکتے ہیں ۔
الغرض عطیۂ خون ایک ایسا عمل ہے جو بظاہر چھوٹا لیکن اثرات کے لحاظ سے نہایت عظیم ہے ۔ یہ نہ صرف ایک انسان کی جان بچاتا ہے بلکہ پورے خاندان کو خوشی اور امید فراہم کرتا ہے ۔ یہ ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم اپنے وسائل کو صرف اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ دوسروں کی فلاح کے لیے بھی استعمال کریں ۔ اگر ہرصحت مند فرد سال میں چند مرتبہ خون دینے کا عزم کر لے تو دنیا میں کسی بھی شخص کوخون کی کمی کے باعث موت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ یہی اس دن کا اصل مقصد اور سب سے بڑا ہدف ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں انسانیت کی خدمت کرنے، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور ایثار و قربانی کے جذبے کو اپنانے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ثم آمین۔




