ہنسنامنع ہے!
غلطی
نعیم تنخواہ کا لفافہ لیے اکاؤنٹنٹ کے پاس آیا اور کہا: جناب اس میں پانچ سو روپے کم ہیں۔
اکاؤنٹنٹ نے کہا: پچھلے مہینے جب تمہارے لفافے میں پانچ سو روپے زیادہ چلے گئے تھے تب تم میرے پاس کیوں نہیں آئے تھے؟
نعیم: تب آپ نے پہلی بار غلطی کی تھی اس لیے میں نے برداشت کر لیا تھا۔ لیکن دوسری بار آپ کی غلطی برداشت نہیں کر سکتا۔
تعریف
خوب سیر ہوکر کھانا کھانے کے بعد کھانے پر مدعو بڑے افسر نے ایک اونچی ڈکار لی تو میزبان کو لگا کہ اب شاید وہ اس کے کھانے کی تعریف کریں گے۔
لیکن ایسا کچھ کہنے کی بجائے افسر نے کہا:تم جانتے ہو میرے پاس بہت جانور ہیں۔ جانور مجھے دیکھتے ہی میرے گرویدہ ہو جاتے ہیں۔ میں جب ان کے پاس جاتا ہوں تو چھوٹے بڑے جانور دوڑتے آتے ہیں اور میرے ہاتھ چاٹتے ہیں۔
ہاں اگر آپ کھانا کھانے کے بعد ہاتھ دھو لیا کریں تو جانور آپ کے ہاتھ چاٹنا چھوڑ دیں گے۔ میزبان نے جل کر کہا۔
آرٹ کا قدردان
آرٹ کی نمائش میں ایک شخص نے اپنے برابر کھڑے ہوئے آدمی سے کہا: چھوٹی تصویروں کو دیکھ کر میرا دل بجھ سا جاتا ہے۔ جبکہ بڑی تصویریں مجھے ہمیشہ بہت خوب صورت اور ولولہ انگیز معلوم ہوتی ہیں۔
وہ شخص ان تصاویر کا مصور ہی تھا وہ بولا: شاید آپ آرٹ کے بہت بڑے قدردان ہیں ۔
اُس شخص نے فوراً جواب دیا۔ نہیں، میں تو تصویروں کے فریم بنانے والا ہوں۔
سیاستدان
ایک تقریب میں ایک صاحب کی ملاقات اپنے پسندیدہ سیاست دان سے ہوئی تو انہوں نے ازراهِ محبت قدرے جوش و خروش سے کہا: آپ سے ملنے کی بڑی خواہش تھی میں نے آپ کے بارے میں اتنا کچھ سنا ہے کہ…
سیاست دان بات کاٹتے ہوئے بولا: ضرور سنا ہوگا لیکن آپ اُسے ثابت نہیں کرسکتے۔
تلاش
ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق میرے پاس آپ کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔ رپورٹ کے نتائج بتاتے ہیں کہ آپ صرف چوبیس گھنٹے مزید زندہ رہ سکتے ہیں۔ڈاکٹر نے مریض کو بتایا۔
یہ کیا کہہ رہے ہیں آپ ڈاکٹر صاحب؟ آپ نے مجھے فوراً کیوں نہیں بتایا۔ مریض نے ڈاکٹر سےکہا۔
یہی بات بتانے کے لیے تو میں آپ کو گزشتہ ایک ہفتے سے تلاش کر رہا ہوں! ڈاکٹر نے فوراً جواب دیا۔
چائے بسکٹ
ایک شخص اپنے کنجوس دوست کے گھر گیا۔ کافی دیر بعد صرف بد مزہ چائے پینے کو ملی۔ جاتے وقت اس نے میزبان سے گلہ کیا: اتنی دیر بعد چائے پلائی اور وہ بھی بد مزہ اور بے ذائقہ…
تو کنجوس دوست نے اس کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ایک بات یاد رکھنا دوست! کہ اگر اگلی دفعہ چائے کے ساتھ بسکٹ بھی کھانا چاہتے ہو تو تعریف کردو ورنہ آئندہ تم چائے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھو گے۔
٭…٭…٭