ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کی جانب سے کوفکراکرو، ساں پیدر ومیں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
مکرم وقارالحق صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۳؍جولائی ۲۰۲۵ء بروز اتوار ساں پیدرو(San-Pédro) ریجن کے ایک گاؤں کوفکراکرو(Koffikrakro) میں مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس کیمپ کا مقصد ان ضرورت مند لوگوں تک پہنچنا تھا جنہیں ہسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات تک آسانی سے رسائی ممکن نہیں ہے۔ اس گاؤں میں پہلی مرتبہ ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم ایک روز قبل مکرم کونے نوسومبیئے صاحب جنرل سیکرٹری ہیومینٹی فرسٹ کی قیادت میں خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) کے پاس ساں پیدرو شہر پہنچ گئی۔ اس ٹیم میں دو ڈاکٹر ز مکرم احمد کولیبالی صاحب اور ڈاکٹر Kouadio Vianney صاحب شامل تھے۔ اس کیمپ کے انعقاد سے گاؤں اور آس پاس کے دیہات کے تقریباً ۲۳۰؍سے زائدمریضوں نے استفادہ کیا جہاں میڈیکل کیمپ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا اور حسبِ ضرورت انہیں مفت ادویات بھی مہیا کیں۔ مزید برآں میڈیکل ٹیم نے صحت سے متعلقہ مسائل کے بارے میں تمام افراد کو مفید نصائح بھی کیں اور کئی ایک افراد کے بلڈ پریشر، شوگر اور بلڈ گروپ ٹیسٹ بھی مفت کيے گئے۔
کیمپ کے انعقاد پر گاؤں کے چیف اور مقامی لوگوں نے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے اس میڈیکل کیمپ کو بہت سراہا اور تہ دل سے شکریہ اد اکیا۔
اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کو آئندہ بھی خدمت انسانیت کے کام اسی لگن و جذبہ سے کرنے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کینیا کے اٹھاون ویں جلسہ سالانہ کا با برکت انعقاد




