فری ٹاؤن، سیرالیون میں ڈاکٹر موسیٰ الحسن الموسوی کی آمد اور مکرم امیر صاحب سے ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۹؍نومبر ۲۰۲۵ء کو مشہور مفکر و مذہبی سکالر ڈاکٹر موسیٰ الحسن الموسوی (عراقی النسل، مقیم ناروے) اہل تشیع کی مقامی تنظیم Ahlulbayt Servants Mission (خادمان اہل بیت) کے ایک وفد کے ساتھ احمدیہ ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن تشریف لائے۔ مذکورہ بالا شیعہ کمیونٹی کے جماعت احمدیہ سیرالیون سے نہایت خوشگوار تعلقات ہیں۔ یہ جلسہ سالانہ سمیت تمام اہم پروگرامز میں بھرپور جذبات اور جوش کے ساتھ شامل ہوتے ہیں۔ موصوف پی ایچ ڈی ڈاکٹر، معروف مصنف اور متعدد علمی و فکری کتب کے مصنف ہیں جبکہ کئی تصانیف زیرِ طبع ہیں۔ انہیں قبل ازیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر موسیٰ الموسوی مختلف اہم علمی و سماجی عہدوں پر فائز ہیں جن میں العراق میگزین کے مدیرِاعلیٰ، العراقیہ چینل کے ڈائریکٹر، عراقی کلچرل سینٹر ناروے کے ڈائریکٹر اور انٹرنیشنل کونسل فار ریلیجس اینڈ ہیومن ڈائیلاگ کے سیکرٹری جنرل شامل ہیں۔ نمایاں علمی خدمات کے اعتراف میں موصوف کو متعدد اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ ذاتی طور پر سیرالیون تشریف لائے تھے۔ موصوف کا اپنے ملک کی جماعت سے بھرپور رابطہ ہے۔ موصوف نے مذکورہ مقامی تنظیم کے توسط سے جماعت احمدیہ سیرالیون کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا اور امیر صاحب سے ملاقات کا پیغام بھجوایا۔

اس موقع پر مکرم امیر صاحب سے تفصیلی ملاقات ہوئی جنہوں نے مہمانِ خصوصی اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا۔ وفد میں دی فورم آف انٹر ریلیجس کونسل آف سیرالیون کے اراکین بھی شامل تھے جو سیرالیون میں مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اہلِ سنت، اہلِ تشیع اور جماعت احمدیہ پرکے اراکین پر مشتمل ایک فعال تنظیم ہے۔ ہیڈکوارٹرز آمد پر وفد کا استقبال کیا گیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب کے دفتر میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
مکرم امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی دینی و سماجی خدمات بالخصوص سیرالیون میں جماعت کے کردار پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر موسیٰ الموسوی نے جماعت احمدیہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اپنی گہری عقیدت کا اظہار کیا۔ موصوف نے کہا کہ فرقہ واریت سے بالا ہو کر سب سے بڑا رشتہ انسانیت کا ہے اور جماعت احمدیہ بلا تفریق رنگ و نسل امن و محبت کی تعلیم کا پرچار کر رہی ہے۔ انہوں نے جماعت کے معروف ماٹو “محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں” کا حوالہ دیتے ہوئے اسے اتحادِ بین المسلمین کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔
نمازِ مغرب و عشاء کے بعد لائبریری ہال میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب نے معزز مہمانوں کا تعارف کروایا جن میں اراکین نیشنل عاملہ، مربیانِ کرام، نائب امراء اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ بعدازاں ڈاکٹر موسیٰ الموسوی کے وفد کا تعارف تنظیم کے جنرل سیکرٹری صاحب نے کروایا۔ مختصر تقاریر کے بعد دعا کے ساتھ یہ بابرکت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




