جماعت احمدیہ گنی بساؤ کے پندرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد
٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں، دروس، مختلف علمی و روحانی موضوعات پر تقاریر کا اہتمام
٭… جلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی اجلاس میں آن لائن شمولیت ٭… ۵۰۵۰؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو اپنا ۱۵واں جلسہ سالانہ ۲۶تا ۲۸؍دسمبر۲۰۲۵ء دارالحکومت بساؤ میں جماعت کی زمین ’ربوہ‘ پر منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ بابرکت جلسہ روحانی، علمی اور تبلیغی اعتبار سے بے حد کامیاب رہا۔
تیاریوں کا آغاز:جلسہ کی تیاریوں کا آغاز تقریباً دو ماہ قبل کر دیا گیا تھا۔ خدام، اطفال، انصار اور ممبرات لجنہ اماءاللہ نے وقارِ عمل میں نہایت جوش و خروش سے حصہ لیا اور جلسہ کے تمام انتظامات احسن رنگ میں مکمل کیے۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن:جلسہ کا آغاز نماز تہجد اور درسِ قرآن کریم سے ہوا۔ شاملین نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہِ راست خطبہ جمعہ ایم ٹی اے کے ذریعہ سنا۔ بعد ازاں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں لوائے احمدیت اور قومی پرچم لہرائے گئے۔ دعا کے بعد جماعتی نمائش کا افتتاح ہوا۔
پہلا اجلاس مکرم مبلغ انچارج صاحب گنی بساؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ معزز مہمانانِ کرام جن میں مقامی حکام، مذہبی راہنما اور سماجی شخصیات شامل تھیں نے جماعت احمدیہ کی امن پسندانہ اور اسلامی خدمات کو سراہا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ مختلف اجلاسوں میں نماز، خلافت، مالی قربانی، آمد مسیح، نظام جماعت اور تربیت جیسے اہم موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد خواتین کے حقوق اور اسلامی تعلیمات پر درس اور سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا دن:اختتامی اجلاس میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان سے براہِ راست خطاب ایم ٹی اے کے ذریعے مقامی زبان کریول کے ترجمہ کے ساتھ سنا گیا۔ اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اختتامی دعا کے ساتھ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
شمولیت و کوریج:الحمدللہ، جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء میں ۵۰۵۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ جلسہ کی کارروائی کی نیشنل ٹی وی، ریڈیو چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھرپور انداز میں کوریج کی گئی۔ تمام تقاریر اور دروس فیس بک پر بھی لائیو نشر کيے گئے جس سے بیرون ملک مقیم گنی بساؤ کے مقامی لوگوں نے بھی فائدہ اٹھایا۔
اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو قبول فرمائے، جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو ترقیات سے نوازے اور ہمیں خلافت احمدیہ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)



