بینن میں مرکزی مبلغین و لوکل مشنریز کے لیے ریفریشر کورس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو مورخہ ۷تا۹؍فروری ۲۰۲۶ء کو مبلغین کرام و لوکل مشنریز جنوبی بینن کا ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی، فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس ریفریشر میں بینن کے ۱۹؍میں سے ۹؍ریجنز کے۶۰؍مرکزی مبلغین کرام و لوکل مشنریز نے شمولیت کی۔

پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم محمد لقمان بصیریو صاحب امیر بینن نے مبلغین کے کردار، نمونہ اور ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے انہیں جماعت کے ليے اعلیٰ مثال بننے کے متعلق نصائح کیں۔ نیز مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن نے مبلغین کرام و مشنریز کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے علمی و روحانی معیار کو بلند کرنے، حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب اور نصائح کو نہ صرف باقاعدگی سے سننے بلکہ ان پر کما حقہ ٗعمل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس پروگرام میں تمام مبلغین و مشنریز کو اپنی رائے کے اظہار اور نکات پیش کرنے کا کہا گیا جس پر اکثریت نے اظہار رائے کیا جنہیں ضبطِ تحریر میں لایا گیا۔ نیشنل سیکرٹری تبلیغ مکرم نوید عیسیٰ صاحب نے ’’تبلیغ احمدیت-جماعتی ترقی کے لیے اہم ذریعہ‘‘ کے موضوع پر تقریر پیش کی۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو نکات کی شکل میں پریزنٹیشن کے ساتھ پیش کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی مبلغین سے توقعات کو بیان کیا۔ اس کے ساتھ مکرم محمد راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری بینن نے مربیان کے ليے لائحہ عمل اور رپورٹ کی بہتر اور بروقت رسائی کے ليے پریزنٹیشن پیش کی۔

نمازوں اور طعام کے وقفہ کے بعد تمام مبلغین و مشنریز کو تین کمیٹیوں میں تقسیم کیا گیا جن کو تین مختلف موضوعات پر تفکر کے بعد تجاویز پیش کرنے اور ایک مضبوط لائحہ عمل تیار کرنے کا کام سپرد کیا گیا۔ موضوعات درج ذیل ہیں: بڑے شہروں میں مؤثر و نتائج خیز تبلیغ کے ليے لائحہ عمل، سوشل میڈیا پر کیسے تبلیغ کے کام کو نتیجہ خیز بنایا جائے اور غیر مذاہب یا لا مذہب لوگوں میں تبلیغ کے ليے پختہ لائحہ عمل۔
نماز عشاء کے بعد کمیٹیوں نے اپنی کارروائی کی رپورٹ پیش کی نیز مزید اضافہ کے ليے تجاویز پیش کی گئیں۔
دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد ’’روحانی ترقی کے ليے نماز کا کردار‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کےبعد حافظ اسماعیل صاحب نے ’’اللہ تعالیٰ سے زندہ تعلق کے قیام‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور رمضان المبارک کے دوران کيے جانے والے پروگرامز پیش کيے جن میں نماز تراویح، دروس، نماز کے ليے مساجد کو آباد کرنے کا لائحہ عمل، دورانِ ماہ رمضان ریڈیو اور ٹی وی پروگرامز کا انعقاد شامل تھے۔
نائب امیر و نیشنل سیکرٹری مال مکرم عبدالرؤوف مالکی صاحب نے بینن میں چندے کے نظام کو بہتر بنانے اور چندہ جات میں اضافہ کے ليے لائحہ عمل پیش کیا جس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے چندہ کی اہمیت پر نصائح کیں اور احباب میں اس اہمیت کو اجاگر کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
نماز و طعام کے وقفہ کے بعد مکرم پوکوہولا قاسم صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نےتقریر کی جس میں ایک مکمل تربیتی پلان بنانے اور اس پر عمل کا کہا۔ اس کے علاوہ ایک عملی خاکہ بھی پیش کیا جس کے بعد مکرم اوسینی علیوصاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نو مبائعین نے نومبائعین کی تربیت کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدہٗ تربیتی پلان پر ایک سیر حاصل مباحثہ ہوا جس میں احباب جماعت کے تربیتی معیار کو بلند کرنے کے ليے تجاویز اور مشورے پیش کيے گئے۔
ریفریشر کورس کے تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور ’’خلافت سے زندہ اور مضبوط تعلق‘‘ کے موضوع پر درس ہوا۔ تیسرے دن کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد پہلی تقریر مکرم محمد راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری نے ’’نظام جماعت کے استحکام کے لیے صدران کی ذمہ داریاں اور مبلغین کا کردار‘‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن پیش کی۔ اس کے بعد مبلغ انچارج صاحب نے مبلغین کو میدانِ عمل میں کامیاب اور مؤثر بننے کے ليے نصائح کیں۔ اس کے علاوہ کام میں تیزی اور بہتری پیدا کرنے کے ليے نئے فارم تشکیل دیے گئے جن کے ساتھ ماہانہ رپورٹس کو پہلے سے بہتر اور جلد مکمل کرنے کی تلقین کی۔
اسی طرز پر ۱۴تا۱۶؍فروری ۲۰۲۶ء بینن کے شمالی ریجنز میں یہ ریفریشر کورس منعقد کیا گیا جس میں بعینہٖ انہی موضوعات پر مبلغین کرام نے تقاریر کیں۔ اس پروگرام میں شمولیت کے ليے مبلغ انچارج صاحب مع نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب پاراکو ریجن میں گئے جہاں اس ریفریشر کورس کا انعقاد ہوا۔ اس پروگرام میں بینن کے شمال میں موجود ۱۰؍ریجنز کے ۶۰؍مبلغین کرام اور لوکل مشنریز نے بھی شمولیت کی۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے بہترین نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بیلجیم کی جماعت لیئر اور دلبیک میں نیوایئرریسپشن کا انعقاد



