امریکہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ برازیل کے دوسرے سالانہ پیس سمپوزیم کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ برازیل کو مورخہ ۲۹؍جنوری ۲۰۲۶ء بروز جمعرات اپنا دوسرا سالانہ پیس سمپوزیم مسجد بیت الاول، برازیل میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ممبرات لجنہ اماءاللہ کے علاوہ صرف خواتین کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۶۰؍سے زائد حاضری رہی جس میں تین شہروں سے ممبرات لجنہ اماءاللہ کے علاوہ مقامی خواتین نے بھی شرکت کی۔ شہر کی سیکرٹری تعلیم Poliana Ferrarez بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں۔

مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل نے سب مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد نظم پیش کی گئی۔ بعدازاں Fernanada Moman نے ’’عورت-امن کی سفیر‘‘ اور Sabrina Marins نے ’’معاشرتی امن کے قیام اور سماجی ہم آہنگی میں مسلم خواتین کا کردار‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ سیکرٹری تعلیم نے عورتوں کی اس تقریب پر بہت خوشی کا اظہار کیا۔ مکرمہ ناعمہ وسیم صاحبہ اور مکرمہ آئلہ ظفر صاحبہ نے ایک معلوماتی دستاویزی رپورٹ پیش کی جس میں جماعت احمدیہ کے تعارف کے علاوہ دنیا میں جو جنگوں کے حالات ہیں اس کا پرامن حل اور ہیومینٹی فرسٹ کے ذریعہ جماعت احمدیہ کی انسانی خدمات کا ذکر کیا۔ مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے اپنی تقریر میں مہمان خواتین کو اسلام اور احمدیت کا تعارف کروایا نیز بتایا کہ حضرت عیسیٰؑ وفات پا چکے ہیں اور مسیح موعود آگئے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے کتاب مسیح ہندوستان میں‘ کا تعارف بھی کروایا چنانچہ بعد میں چند خواتین نے یہ کتاب بھی خریدی۔ علاوہ ازیں صدر صاحبہ نے اسلام میں عورتوں کے حقوق کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا نیز سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔

کئی خواتین جو پہلی مرتبہ تشریف لائی تھیں ان کو مسجد اور لائبریری کا دورہ بھی کروایا گیا اور تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت اچھا اور کامیاب پروگرام ہوا۔ طب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون Ana Beatriz نے اس پروقار تقریب میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور اس بات کا ذکر بھی کیا کہ اس کے ذریعہ یہاں کے لوگوں کے عورتوں کے بارے میں کئی شکوک دور ہوئے ہیں اور اسلام میں عورت کا جو حقیقی مقام ہے اس کا اندازہ ہوا ہے۔ شہر کے دو اخباروں Tribuna de Petropolis اور Diario de Petropolis نےبھی اس یادگار تقریب کی بڑی خوبصورتی سے کوریج کی اور گروپ فوٹو کےساتھ یہ شہ سرخی لگائی کہ ’’احمدی خواتین کا مسجد بیت الاول میں پیس سمپوزیم کاانعقاد‘‘۔

اللہ تعالیٰ ان کوششوں میں برکت ڈالے اور یہاں کے لوگوں کو حق قبول کرنے کی بھی توفیق ملے۔ آمین

(رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس صحت امریکہ کے زیر انتظام پہلے مسرور والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button