ربوہ کا موسم(۲۰ تا ۲۶؍مارچ ۲۰۲۶ء)
۲۰؍مارچ جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آسمان بادلوں سے خالی تھا، جس کی وجہ سے دن بھر دھوپ نکلی رہی لیکن ہلکی ٹھنڈی ہوا چلنے کی وجہ سے گرمی کم محسوس ہوتی تھی بعد دوپہر یہ ہلکی ہوا اچانک تیز اور یخ بستہ بن گئی اور رات بھر چلتی رہی۔ ہفتہ ۲۱؍مارچ کو عید الفطر کا دن تھا، آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے۔ صبح کے وقت ہلکی ہوا رواں دواں رہی۔ عید کے دن خوشگوار موسم تھا جسے لوگوں نے خوب انجوائے کیا۔ بادلوں کی وجہ سے شام کے بعد موسم سرد ہوگیا، یہ بادل رات بھر چھائے رہے۔ اتوار کو بھی موسم کی یہی کیفیت قائم رہی اور موسم خوشگوار بنا رہا، شام کے وقت ٹھنڈی ہوا نے بھی ڈیرے جمالیے اور سردی مزید گہری ہو گئی۔ سوموار کو گرم دن تھا۔ بادلوں کی غیر موجودگی میں گرمی آہستہ آہستہ آتی چلی جارہی ہے۔
منگل کو مطلع تو صاف تھا لیکن ساتھ ٹھنڈ ی ہوا کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی کی طرف مائل رہا۔ بدھ کو آسمان پر بادل کچھ کم تھے جس کی وجہ سے گرمی محسوس تو ہوتی تھی لیکن ساتھ ہوا نے موسم اچھا کيے رکھا۔ سر شام ہی ہوا چلنا شروع ہوگئی جو تیز بھی تھی اور سرد بھی۔ مغرب کے وقت ہلکی بوندا باندی شروع ہوگئی اور موسم ٹھنڈا ہوگیا، آہستہ رفتار کی یہ بارش کچھ دیر تک ہی جاری رہی، تاہم رات گئے بھی ہلکی بارش ہوتی رہی۔ جمعرات کو بادلوں کی ہلکی تہ چھائی ہوئی تھی اور ساتھ ٹھنڈی ہوا کی آمیزش سے موسم خوشگوار بن گیا۔ دو دنوں کی ہلکی بارش کی وجہ سے ربوہ کے گلی محلے اور کوچہ و بازار میں چھڑکاؤ ہوگیا اور مٹی بیٹھ گئی جس سے ہر طرف اُڑتی دھول ختم ہوکر رہ گئی۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۹؍ اور کم سے کم ۱۷؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)




