ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے تحت ریویو میٹنگ کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو مورخہ ۳و۴؍فروری ۲۰۲۶ء بروز منگل و بدھ ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ بخشی بازار ڈھاکہ میں دو روزہ ریویو میٹنگ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اس میٹنگ میں ملک بھر کی جماعتوں کے امراء، صدران، فیلڈ میں خدمات انجام دینے والے مربیان و معلمین، نیز سیکرٹری مال اور سیکرٹری تربیت شامل ہوئے۔

۳؍فروری کو بعد از نماز مغرب و عشاء پہلے اجلاس کا آغاز مکرم عبد الاوّل خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا۔ بعد ازاں مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کی منظور شدہ تجاویز پیش کی گئیں اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے متعلقہ سیکرٹریان نے رپورٹس پیش کیں۔ مزید برآں بعض مقامی جماعتوں نے بھی اپنی کارکردگی کی رپورٹس پیش کیں۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اظہار خیال کیا۔

اسی اجلاس میں جماعت احمدیہ برطانیہ کے ممبر ڈاکٹر احسان احمد صاحب نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے تجارت کے میدان میں ترقی کے امکانات اور اس کے جماعتی فائدہ کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

۴؍فروری کو صبح ۹؍بجے دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس میں مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کی منظور شدہ تجویز پر عملدرآمد کے حوالہ سے رپورٹ پیش کی گئی جس کا مقصد ملک بھر میں احباب جماعت کو قرآن کریم ناظرہ سکھانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کرنا تھا۔ اس سلسلہ میں بعض مقامی جماعتوں نے اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس اہم تجویز کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں اور ان کے حل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے تربیتی پہلوؤں پر تقریر کی۔

سہ پہر ساڑھے تین بجے اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کی مالی تجاویز پر عملدرآمد کی رپورٹ مکرم نیشنل سیکرٹری مال صاحب نے پیش کی۔ بعدازاں مقامی جماعتوں نے اپنے تاثرات بیان کیے۔ ہر احمدی کا درست بجٹ تیار کروانے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں باقاعدگی سے چندہ جات کی ادائیگی نیز کمزور احباب کی مالی تربیت کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض ہوا۔ اختتامی دعا کے ساتھ یہ ریویو میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔

اس ریویو میٹنگ میں کُل ۱۱۰؍جماعتوں کی نمائندگی رہی۔ شریک ہونے والے امراء و صدران کی تعداد ۱۰۲ جبکہ ۶۱؍سیکرٹریان مال اور ۴۴؍سیکرٹریان تربیت تھے۔

۵؍فروری کو صبح سے شام تک مربیان و معلمین کی علیحدہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مربیان کے ساتھ مختلف ملاقاتوں کی ویڈیوز دکھائی گئیں جن میں ۳۰؍جنوری ۲۰۲۶ء کو برطانیہ کے مربیان سے ملاقات اور ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو جامعہ احمدیہ جرمنی کے اساتذہ سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ ان ارشادات کی روشنی میں مربیان و معلمین کو خصوصی توجہ دلائی گئی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر کامل طور پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت ہائے احمدیہ گیمبیا میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button