ربوہ کا موسم(یکم تا۷مئی ۲۰۲۶ء)
یکم مئی جمعۃ المبارک کو صبح آسمان صاف تھا یعنی بادل بالکل نہیں تھے، البتہ ہلکی ہوا رواں دواں تھی، جو تمام دن چلتی رہی جس نے موسم خوشگوار بنائے رکھا۔ شام کے وقت یہ ہوا کچھ سرد ہوگئی اور ساتھ ہی بادلوں کو بھی لے آئی، اور رات ٹھنڈی ہوگئی۔ رات کے کسی پہر بوندا باندی بھی ہوئی۔ ہفتہ کو نماز فجر کے وقت یہی ہوا چل رہی تھی، آسمان پر بادل بھی موجود تھے، ہوا اور بادلوں کی وجہ سے سارا دن خوشگوار بنا رہا۔ شام کے وقت یہ ہوا تیز بھی ہوگئی اور اس میں خنکی بھی شامل ہوگئی، رات گئے بادلوں نے بھی اپنی آمد کا اعلان کردیا اور خاموشی سے تمام آسمان پر پھیل گئے جن میں بجلی بھی چمک رہی تھی، ساتھ ہی تیز ہوا نے اپنا رنگ جمانا شروع کردیا جس میں مٹی کی آمیزش بھی ہوتی چلی گئی۔ رات کے پچھلے پہر آنے والی یہ آندھی تیز رفتار ی سے جاری رہی۔ مٹی سے بچنے کے لیے لوگ کھڑکیاں اور دروازے بند کرکے نیند کی آغوش میں چلے گئے۔ کچھ دیر بعد اللہ تعالیٰ نے آندھی کی صف لپیٹ دی اور بادلوں کو بھی کہیں دُور لے گیا۔ اتوار کو نماز فجر کے وقت گذشتہ رات کے موسم کے اثرات موجود تھے۔ مشرق کی طرف کچھ بادل نظر آرہے تھے، آسمان کا باقی حصہ صاف تھا، اہم بات یہ تھی کہ تیز اور یخ بستہ ہوا چل رہی تھی۔ جس کی وجہ سے مئی کے آغاز میں صبح کے وقت باقاعدہ ٹھنڈ لگتی تھی۔ سوموار کو صبح بادلوں کی ہلکی تہ آسمان پر نظر آرہی تھی جس کی وجہ سے دھوپ کی تمازت پوری طرح زمین پر نہیں پہنچ رہی تھی۔ نماز عصر کے بعد اچانک مغرب کی طرف سے گہرے سُر مئی رنگ کے بادل نمودار ہوئے اور ساتھ ہوا بھی چلنا شروع ہوگئی، دیکھتے ہی دیکھتے یہ بادل سارے آسمان پر پھیل گئے اور مغرب کے قریب ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ کچھ دیر بعد ہی اس بارش نے تیز رفتار پکڑ لی اور موسلا دھار برسنا شروع ہوگئی، بارش کا یہ سلسلہ ڈیڑھ دو گھنٹے تک جاری رہا پھر کچھ آہستہ ہوگیا جونہی بارش ہلکی ہوئی تو درمیانی رفتار سے چلنے والی ہوا ایک دم تیز طوفان میں بدل گئی یہ طوفان اتنا تیز تھا کہ ربوہ میں کئی جگہوں پر درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے اور بعض جگہ ان کے بڑے بڑے ٹہنے ٹوٹ گئے جس سے واپڈا کی تاریں متاثر ہوئیں۔ مسجد مہدی گول بازار کے سامنے چوک میں درخت گرنے سے ہیوی طاقت کی تاریں زمین بوس ہوگئیں ان کی مرمت کے کام کے ليے یہ چوک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔ اسی طرح ساہیوال روڈ، ربوہ کے دیگر محلہ جات اور گردو نواح کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت گرنے کی اطلاع ملی۔ سوموار کو صبح کا موسم معمول کے مطابق تھا گذشتہ رات کی بارش اور طوفان کے اثرات موجود تھے موسم میں قدرے خوشگوار تبدیل محسوس ہوتی تھی۔
منگل کو گرمی تھی لیکن دوپہر کے وقت چلنے والی ہوانے موسم کو معتدل کردیا۔ یہ رات کو تیز اور ٹھنڈی ہوگئی جس سے رات اچھی گزری گئی۔ بدھ اور جمعرات کے دن بھی گرم تھے آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ خوب نکلی ہوئی تھی اور سارا دن سورج چمکتا رہا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۵؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)




