افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ کے مختلف ریجنز میں جلسہ یوم مصلح موعود کا نہایت شاندار اور بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی نہایت ایمان افروز ماحول میں یوم مصلح موعود منانے کی توفیق ملی۔ یہ مبارک دن ملک بھر کی تمام جماعتوں میں نہایت عقیدت، نظم و ضبط اور روحانی ماحول میں منایا گیا جس نے افراد جماعت کے ایمانوں کو تازگی بخشی اور غیر از جماعت احباب پر بھی نہایت مثبت اثرات مرتب کیے۔

اس سال گنی بساؤ کے مختلف ریجنز میں مجموعی طور پر ۷۷؍پروگرامز منعقد ہوئے جن میں کُل حاضری ۳۴۸۳؍ رہی۔ الحمدللہ، ان پروگرامز میں جماعت کے افراد کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی نمایاں شرکت رہی۔

ان اجتماعات میں احباب جماعت نے حضرت مصلح موعودؓ کی علمی، روحانی اور تنظیمی خدمات کے مختلف پہلوؤں سے بھرپور استفادہ کیا۔ پیشگوئی مصلح موعود پڑھ کر سنائی گئی اور اس کی تشریح بھی پیش کی گئی۔ تقاریر میں بالخصوص درج ذیل موضوعات کو اجاگر کیا گیا: خلافت ثانیہ کے دور میں جماعت احمدیہ کی عالمگیر ترقیات، حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت قرآن اور تفسیر کبیر جیسے عظیم علمی کارنامے، یوم مصلح موعود منانے کے اغراض و مقاصد اور اس کی روحانی اہمیت اور تبلیغ اسلام اور تربیت جماعت میں آپؓ کی غیر معمولی خدمات۔

رمضان کے بابرکت مہینہ کے دوران ملکی سطح پر دو ریڈیو پروگرامز بھی نشر کیے گئے جن میں پیشگوئی مصلح موعود، خلافت ثانیہ کی برکات اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ ان پروگرامز کے ذریعے ۷؍لاکھ افراد تک پیغام حق پہنچا اور سننے والوں نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

الحمدللہ، مختلف مقامات پر جلسے کے ساتھ ساتھ دعائیہ اجتماعات، تلاوت قرآن کریم، نظموں اور سوال و جواب کی نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ بعض جماعتوں میں بچوں اور نوجوانوں کی شمولیت بھی قابل ذکر رہی جنہوں نے تقاریر، نظمیں اور دیگر پروگرامز کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(رپورٹ:زاہداحمدبھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ٹورانٹو ویسٹ، کینیڈا میں تقریب آمین کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button