امریکہ (رپورٹس)

کینیڈا میں سالانہ نیشنل اجتماع نومبائعین کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیڈا کے شعبہ تربیت نومبائعین کے زیر انتظام مورخہ ۱۲؍اپریل۲۰۲۶ء بروز ہفتہ مسجد بیت الاسلام، وان میں نیشنل اجتماع نومبائعین منعقد ہوا جس میں۶۵؍نومبائعین مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ٹورانٹو اور اس کے نواحی علاقوں کی جماعتوں اور امارات کے مقامی سیکرٹریان نومبائعین نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس اجتماع کو کامیاب بنایا۔ فجزاھم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء

اس اجتماع کی ایک خاص بات یہ تھی کہ سیکرٹریان کے ساتھ ساتھ نومبائعین کو بھی اجتماع کی مختلف ڈیوٹیاں تفویض کی گئی تھیں تاکہ انہیں جماعتی کاموں کا تجربہ حاصل ہوسکے۔

شرکاء کو صبح کا ناشتہ پیش کیا گیا پھر سب کی رجسٹریشن ہوئی۔ اجتماع کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جسے ایک نومبائع نے پیش کیا۔ پروگرام کا افتتاحی اجلاس مکرم سہیل مبارک شرما صاحب مبلغ انچارج کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ مکرم زبیر افضل صاحب نیشنل سیکرٹری شعبہ تربیت نومبائعین نے افتتاحی تقریر کی۔ مکرم عامر مہاراج صاحب نے نومبائعین کے حالیہ دورہ یوکے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ان کی ملاقات پر مشتمل ایک پریزنٹیشن پیش کی جس سے وہاں موجود نومبائعین اس قدر متاثر ہوئے کہ سابقہ دورے میں شامل دو نومبائعین کے ساتھ ساتھ آٹھ نئے نومبائعین نے بھی جلسہ سالانہ یوکے پر جانے کے ليے رجسٹریشن کروالی۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں نومبائعین کو چند نصائح کیں۔

اس پروگرام کے بعد سپورٹس کا سیشن منعقد ہوا جس میں بہت سے نوجوان نومبائعین نے پُرجوش طریق پرحصہ لیا۔

نماز ظہر اور ظہرانہ کے بعد ایک غیررسمی اجلاس شروع ہوا جس میں تین نوجوان مربیان کرام (مکرم عمیر خان صاحب، مکرم اعزاز خان صاحب اور مکرم مصلح شنبور صاحب) نے نومبائعین سے گھل مل کر باتیں کیں اور انہیں جماعتی اصولوں اور روایات سے آگاہ کیا اور اس راہ میں آنے والی مشکلات پر قابو پانے اور ثبات قدمی سے رہنے کے متعلق نصائح کیں۔ چند نومبائعین نے احمدیت کی طرف اپنے سفر کی رُوداد سنائی جو نہ صرف علمی بلکہ روحانی پہلوؤں پر بھی مشتمل تھیں۔

اختتامی اجلاس کا آغاز بھی ایک نومبائع کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ خاکسار (واقف زندگی شعبہ تربیت نومبائعین کینیڈا) نے امام اور جماعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سپورٹس میں جیتنے والے نومبائعین کو میڈلز دیے گئے اور شریک ہونے والے تمام نومبائعین میں تحائف تقسیم کيے گئے۔ آخر میں مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب نیشنل سیکرٹری امورعامہ نے اختتامی تقریر کی اور دعا کے بعد اس بابرکت اور ایمان افروز اجتماع کا اختتام ہوا۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع سے تمام شاملین کو بھرپور مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے نیز ہم سب کو ایمان و ایقان میں مزید بڑھائے۔ آمین

(رپورٹ:انصر رضا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میکسیکو کا چھٹا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button