افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ گنی بساؤ کا پانچواں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ گنی بساؤ کو اپنا پانچواں نیشنل سالانہ اجتماع ۵تا۷؍جون ۲۰۲۶ء ریجن بافاٹا کے گاؤں کنتوبیل میں منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ اجتماع کی صدارت صدر مجلس انصاراللہ گنی بساؤنے کی۔ اس بابرکت اجتماع میں ملک بھر سے ۳۱۵؍انصار نے شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا جس کے بعد قرآن کریم کے دروس اور مختلف تربیتی پروگرام منعقد ہوئے۔ اجتماع کے دوران تلاوت قرآن کریم، عہد انصار، قصائد اور علمی و تربیتی تقاریر کا سلسلہ جاری رہا۔ مقررین نے ’’اللہ تعالیٰ کے دین کی نصرت میں انصار کا کردار‘‘، ’’ختم نبوت کی حقیقت‘‘، ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘، ’’نماز باجماعت کی برکات‘‘، ’’حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت‘‘، ’’آئندہ نسلوں کی دینی تربیت‘‘ اور ’’نظام خلافت کی برکات‘‘ جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔

اجتماع کے دوسرے روز علمی و تربیتی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ مختلف علمی مقابلوں میں قرآن کریم کی منتخب آیات، دعاؤں، احادیث نبویہ ﷺ، حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات، خلفائے راشدین اور خلفائے احمدیت کے بارے میں معلومات نیز عمومی دینی معلومات شامل تھیں۔ مختصر تقاریر کے مقابلوں میں ’’وفات مسیحؑ‘‘، ’’ختم نبوت‘‘ اور ’’خلافت‘‘ جیسے موضوعات پر شرکاء نے تقاریر کیں۔

اجتماع میں جسمانی صحت اور باہمی اخوت کے فروغ کے لیے مختلف کھیلوں کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں رسہ کشی، دوڑ اور دیگر اجتماعی مقابلے شامل تھے۔

اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، عہد انصاراللہ کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مبلغ انچارج مکرم محمد احسن میمن صاحب نے اختتامی تقریر کرتے ہوئے انصار کو نمازوں کی پابندی، خلافت احمدیہ سے مضبوط وابستگی، مالی قربانیوں اور خدمت دین کے میدان میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ بعدازاں اجتماعی دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

شرکائے اجتماع نے اس پروگرام کو روحانی، علمی اور تنظیمی اعتبار سے نہایت کامیاب قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اجتماع کے دوران حاصل ہونے والی نصائح کو اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بناتے ہوئے جماعتی خدمات میں پہلے سے بڑھ کر حصہ لیں گے۔

(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: لولیو، سویڈن کی بعض اہم سیاسی و مذہبی شخصیات سے جماعتی وفد کی ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button