افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ سکول کنشاسا میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

اللہ کے فضل و کرم سے احمدیہ سکول کنشاسا ۱۹۸۹ء سے قائم ہے اور تعلیمی خدمات میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس سکول کو مکرم صدیق احمد منور صاحب مبلغ سلسلہ نے قائم کیا جو جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کے امیر بھی رہے تھے۔

سال ۲۰۲۱ء میں مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت کونگو کنشاسا نے سکول کے تمام تر معاملات مبلغ سلسلہ کنشاسا کے سپرد کر دیے اور اللہ کے فضل و کرم سے سکول میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے۔ جیسا کہ پرائمری کے آخر میں بورڈ کے امتحانات جنہیں مقامی طور پر ENAFEPکہا جاتا ہے میں قبل ازیں احمدیہ سکول کے طلبہ کی کارکردگی کچھ خاص نہ رہی تھی۔ اس حوالہ سے اللہ کے فضل سے ۲۰۲۱ء کے بعد سے تدریجی طور پر ترقی ہوئی اور سال گذشتہ میں بورڈ کے پرائمری امتحان میں احمدیہ سکول کے ۳۰؍طلبہ شامل ہوئے اور سب کے سب پاس ہوئے۔ ۱۲؍طلبہ نے ستر فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے اور دو طلبہ نے ۸۰؍فیصد اور ۸۴؍فیصد نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

انہی طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے احمدیہ سکول کنشاسا میں مورخہ ۹؍مئی ۲۰۲۶ء کو ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ سے تقریب کاآغاز ہوا۔ اس سکول نیز جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا گیا۔

بورڈ کے امتحان میں ستر فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبہ و طالبات میں مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ بعدازاں اپنی تقریر میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی اور ملک و قوم کی خدمت کے حوالے سے نصائح کیں۔ اسی طرح مکرم امیر صاحب نے اعلان کیا کہ جو طالب علم بھی بورڈ کے امتحاں میں اسی فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرے گا اس کو جماعت احمدیہ کی طرف سے سیکنڈری سکول میں داخلہ کے وقت فیس کا ایک حصہ بطور سکالر شپ دیا جائے گا۔

تقریب میں اساتذہ و طلبہ کے علاوہ طلبہ کے والدین بھی موجود تھے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور حاضرین میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button