امریکہ (رپورٹس)

جماعت گیانا کا اکتالیسواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء اور مسجد بیت النور کی تقریب سنگ بنیاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیانا کو مورخہ یکم فروری ۲۰۲۶ء کو جارج ٹاؤن میں نئی مرکزی مسجد ’’بیت النور‘‘ کا سنگ بنیاد رکھنے اور جلسہ سالانہ کے انعقاد کی سعادت حاصل ہوئی۔

جماعت احمدیہ گیانا کی مرکزی مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں گذشتہ کئی سال سے مختلف مساعی جاری تھیں۔ اس ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر مکرم فیض نوشیروان صاحب مرکزی آرکیٹیکٹ، یوکےنے گیانا کا دورہ کرکے جماعتی پراپرٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں حضور انور نے سابقہ مسجد اور مشن ہاؤس کو منہدم کرکے نئی منصوبہ بندی کے مطابق مسجد، دفاتر اور مشن ہاؤس کی تعمیر کی منظوری عطا فرمائی۔

نومبر ۲۰۲۵ء میں پرانی مسجد اور مشن ہاؤس کو مسمار کر دیا گیا۔ لکڑی سے تعمیر شدہ مشن ہاؤس فروخت کر دیا گیا جبکہ قابل استعمال سامان دیگر جماعتی املاک میں استعمال کیا گیا جس سے جماعت کو کئی ہزار ڈالر کی بچت ہوئی۔ ان تیاریوں کے بعد مسجد کے سنگ بنیاد اور جلسہ سالانہ کی مشترکہ تقریب کی منصوبہ بندی کی گئی۔

اس تاریخی موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مکرم ملک لال خان صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا کو اپنی نمائندگی میں سنگ بنیاد رکھنے کے لیے مقرر فرمایا۔ سنگ بنیاد کی اینٹ وہ متبرک اینٹ تھی جسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امریکہ میں مسجد فتح عظیم کے افتتاح کے موقع پر دعا کے ساتھ متبرک فرمایا تھا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

یہ تقریب سعید مورخہ یکم فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کی گئی۔سب سے پہلے جلسہ سالانہ کی تقریب رکھی گئی جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور تقاریر کے بعد تعلیمی اعزازات کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد دعا کے ساتھ اس مختصر جلسہ کا اختتام ہوا۔

بعد ازاں سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف مذہبی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی اور اپنے تاثرات پیش کیے۔ ان میں ریجنل پولیس کمانڈر کے نمائندہ انسپکٹر نفستے مورس صاحب، جارج ٹاؤن کے سابق میئر پنڈت اوبراج نارائن صاحب، انٹر ریلیجس آرگنائزیشن کے نمائندہ نیل باکس صاحب، ریٹائرڈ پولیس کمانڈر اوین ٹراٹز صاحب، برہما کماری تنظیم کی نمائندہ سسٹر کناری صاحبہ اور صدر مملکت گیانا کے نمائندہ و وزیر پبلک سروس آنجناب ذوالفقار علی صاحب شامل تھے۔ مقررین نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کی انسانی خدمات کو سراہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بعض شخصیات کی عدم موجودگی کے باعث ان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM)، صدر جماعت و مبلغ انچارج برازیل اور صدر صاحبہ گیانا شامل تھے۔

اپنی اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا نے ’’بیت النور‘‘ کے بابرکت نام اور مسجد کے روحانی و معاشرتی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد جارج ٹاؤن میں الٰہی نور، راہنمائی اور امن کا مرکز بنے گی۔ انشاءاللہ

اختتامی دعا کے بعد سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سب سے پہلے مکرم امیر صاحب کینیڈا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نمائندگی میں اینٹ رکھی۔ آنجناب ذوالفقار علی صاحب نے صدر مملکت کی نمائندگی میں اینٹ رکھی جبکہ خاکسار نے صدر جماعت و مبلغ انچارج گیانا کی حیثیت سے اینٹ رکھی۔ اس کے بعد نیشنل عاملہ، مسجد کمیٹی، جماعت کے بزرگ اراکین، مہمانان کرام اور دیگر احباب نے اینٹیں رکھیں۔ مجموعی طور پر ۱۳۱؍افراد اینٹیں رکھیں۔

اس تقریب میں تقریباً ۱۵۰؍افراد شامل ہوئے جن میں قریباً ۶۰؍غیر احمدی اور غیر مسلم مہمان تھے۔ مہمانان کرام میں قائم مقام امریکی سفیر جان کرپن صاحب بھی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر کینیڈا اور امریکہ سے تقریباً ۱۵؍کاروباری احباب بھی گیانا تشریف لائے جو احمدیہ مسلم بزنس ایسوسی ایشن کینیڈا کے تحت ایک تجارتی وفد کی صورت میں آئے تھے۔ انہوں نے مختلف حکومتی اور کاروباری اداروں سے ملاقاتیں کیں اور گیانا میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا۔

اسی طرح مکرم منصور احمد صاحب کی نگرانی میں پانچ رضاکار مسجد کی تعمیر میں معاونت کے لیے گیانا پہنچے جبکہ سرینام سے مکرم لئیق احمد مشتاق صاحب مبلغ انچارج کی نمائندگی میں پانچ رکنی وفد نے بھی شرکت کی۔

اگلے روز ورلڈ انٹرفیتھ ہارمنی ویک کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا نے اسلامی دعا کروائی جبکہ اسلامی تعلیمات پر پیغام مکرم فہد پیرزادہ صاحب نے پیش کیا۔ تقریب میں تقریباً ۲۰۰؍افراد شریک ہوئے جن میں سکولوں کے طلبہ کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ملک کے وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کی کوآرڈینیٹر بھی تقریب میں موجود تھیں۔

بعد ازاں وفد کی ملاقات آنجناب مارک فلپس (Brigadier (Ret’d) Mark Phillips)صاحب پرائم منسٹر گیانا سے ہوئی۔ پرائم منسٹر صاحب نے وفد کو بھرپور وقت دیا اور جماعت کے تعارف و خدمات کو سراہا۔ اسی طرح اقوام متحدہ کی کوآرڈینیٹر مکرمہ جین کماؤ (Jean Kamau)صاحبہ اور پارلیمنٹ کی رکن آنجناب گیل ٹشیرا (Gail Teixeira) صاحبہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں جماعت احمدیہ اور اس کے فلاحی منصوبوں کا تعارف پیش کیا گیا۔

کینیڈین ہائی کمشنر آنجناب سباستیاں سیگوئن (Sébastien Sigouin)صاحب نے وفد کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا جہاں انہوں نے جماعت کا خیرمقدم کیا اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کا خصوصی انتظام بھی کیا۔ الحمدللہ

بروز منگل وفد نے بربیز ریجن کا دورہ کیا اور جماعت کی مختلف مساجد و مشن ہاؤسز کا معائنہ کیا جن میں نیو ایمسٹرڈیم مشن ہاؤس، مسجد ناصر روزگنال، مسجد رحمٰن ایڈن برگ اور مسجد مہدی شامل ہیں۔ مسجد مہدی گیانا کی پہلی احمدیہ مسجد ہے۔ اس موقع پر مقامی احباب سے ملاقات اور ایک مختصر تربیتی نشست بھی منعقد ہوئی۔

وفد نے جماعت کی چالیس ایکڑ اراضی کا بھی دورہ کیا جو مرحوم مکرم یوسف خان صاحب نے جماعت کو عطیہ کی تھی۔ اس اراضی کے دو ایکڑ حصہ میں جماعتی قبرستان اور مقبرہ موصیان قائم کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ اس موقع پر خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

دورہ کے دوران مکرم محمد ناصر صاحب اور مکرم ایمان اللہ صاحب سے ملاقات و رابطہ ہوا۔ اختتام پر مہمانوں کو گیانا کی یادگاری اشیاء پیش کی گئیں اور دریائے ڈیمیرارا کی سیر کروائی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تمام پروگرام نہایت کامیاب رہے اور شاملین کے لیے ایمان افروز ثابت ہوئے۔ اللہ تعالیٰ مسجد بیت النور کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور اسے ملک بھر میں اسلام احمدیت کے پیغام، امن، سلامتی اور ہدایت کا مرکز بنائے۔ آمین

(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ قزاقستان میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button