ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ قزاقستان میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ قزاقستان کی مختلف جماعتوں کو امسال بھی جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

الماتی:جماعت احمدیہ الماتی میں امسال جلسہ یوم خلافت مورخہ ۲۷؍مئی کو مکرم سلمان عبد اللین صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ۸۰؍افراد شامل تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور حدیث کے بعد مکرم ثابت صاحب سیکرٹری امور عامہ قزاقستان نے ’’خلافت خدا کی ایک رحمت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔

آستانہ:جماعت احمدیہ آستانہ کو بھی جلسہ یوم خلافت مورخہ ۲۷؍مئی کو بعد نماز ظہر و عصر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم باؤرجان صاحب مقامی معلم نے جلسے کی صدارت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم معلم صاحب نے ’’خلافت کی اہمیت و ضرورت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ کُل حاضری ۳۵؍رہی۔ جلسے کے بعد ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

سیمئی: جماعت احمدیہ سیمئی کو مورخہ ۲۷؍مئی کو جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں ۲۸؍احباب شامل ہوئے۔ جلسے کی مرکزی تقریر مکرم آقان صاحب معلم سلسلہ نے روسی زبان میں ’’نظام خلافت اور اس کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔ بعد ازاں معلم صاحب نے احباب جماعت کی طرف سے خلافت کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔ جلسے کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

شمکنت: جماعت احمدیہ شکمنت کا جلسہ یوم خلافت مورخہ ۲۳؍مئی کو نماز ظہر وعصر کے بعد منعقد ہوا۔ اس جلسے میں مکرم خالد احمد صاحب انچارج مرکزی رشین ڈیسک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصولہ پیغام رشین اور قزاق دونوں زبانوں میں پڑھ کر سنایا گیا۔ آخر پر مکرم انچارج صاحب رشین ڈیسک نےخلافت کے موضوع پر رشین میں تقریر کی۔ جلسے میں کُل ۵۴؍افراد نے شرکت کی جن میں دو مہمان بھی شامل تھے۔ الحمدللہ

جلسے کے بعدتمام شاملین کو کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد سوال و جواب کی مجلس ہوئی جس دوران احباب جماعت نے مہمان خصوصی صاحب سے مختلف علمی سوالات کيے۔ یہ مجلس تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔

تلدی کورغان: تلدی کورغان میں ۲۷؍مئی کو جلسہ یوم خلافت منایا گیا۔ مکرم داؤرین یشانوف صاحب مبلغ سلسلہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر اجلاس نے خلافت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ جلسے میں کل ۱۵؍افراد شامل ہوئے۔ بعد ازاں تمام شاملین کی ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی۔

پاولادار:پاولادار میں مورخہ ۲۸؍مئی کو جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا جس میں کُل ۱۳؍احباب نے شرکت کی جس میں چار نومبائع احباب ہیں۔ مکرم انتصار احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خلافت کی اہمیت اوربرکات‘‘ کے موضوع پرقزاق زبان میں تقریر کی۔ خلافت کے متعلق سوال و جواب کی مجلس بھی ہوئی جس میں نومبائعین کے سوالوں کے جواب دیے گئے نیز پروگرام کے بعد ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا۔

قاراغندا: قزاقستان کے شہر قاراغندہ میں مورخہ ۲۸؍مئی کو جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیاجس میں پانچ احباب نے شرکت کی۔ جلسے کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اورنظم سے ہوا۔ بعد ازاں ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ کے متعلق مکرم کاشف عدیل صاحب مبلغ سلسلہ نے تقریر کی۔ جلسے کے بعد بچوں کا بھی پروگرام ہواجس میں بچوں سے یوم خلافت کے حوالہ سے سوالات پوچھے گئے اور بچوں کو انعام بھی دیے گئے۔

اتراؤ: قزاقستان کے شہر اتراؤ میں مورخہ ۲۷؍مئی کو جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا جس میں ۵؍احباب نے شرکت کی۔ جلسے کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اورنظم سے ہوا۔ ’’خلافت کی اہمیت اور یوم خلافت جماعت میں کیوں منایا جاتاہے؟‘‘ کے حوالہ سے مکرم احسان احمد طاہر صاحب مبلغ سلسلہ نے مختصراً بتایا۔ نیز یوم خلافت کے حوالہ سے ایک ۱۵؍منٹ کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ بعدازاں کوئز کی صورت میں دو اطفال سے سوالات بھی پوچھے گئے۔

تراز: قزاقستان کے شہر تراز میں مورخہ ۲۸؍مئی کو جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں چار افراد شامل ہوئے۔ جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں اُسامہ سرور صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’یوم خلافت کی اہمیت اور ہم یوم خلافت کیوں مناتے ہیں؟‘‘ کےمتعلق احباب جماعت کو آگاہ گیا۔ جلسے کے بعد بچوں سے یوم خلافت کے متعلق کچھ بنیادی سوالات بھی پوچھے گئےاور بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

اقتاؤ: جماعت احمدیہ اقتاؤ کو مورخہ ۲۷؍مئی بروز بدھ یوم خلافت منانے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم جسلان صاحب مقامی معلم نے ’’خلافت سے تعلق میں ہی سب برکات ہیں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور مکرم عدنان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے احباب جماعت کو خلافت سے پختہ تعلق قائم رکھنے کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں ہفتہ وار خط لکھنا، جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا اور بچوں کے دلوں میں خلیفہ وقت اور جماعت کا مقام و مرتبہ پیدا کرنے کے لیےعملی نمونہ دکھانا ضروری ہے، کے متعلق بیان کیا۔

اس موقع پرمقامی جماعت کی صدر لجنہ اماءاللہ مکرمہ گلجان صاحبہ نے سب ممبرات لجنہ اماءاللہ کو دوران سال تعاون کرنے پر اعزازی اسناد اور تحائف بھی دیے۔ اس جلسے میں ۴۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:عطاء الرب چیمہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ كینیا كی چھیالیسویں مجلس شوریٰ كا بابركت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button