نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۷؍جون ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ خورشید اختر صاحبہ اہلیہ مکرم میاں محمد یعقوب صاحب مرحوم (مورڈن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ خورشید اختر صاحبہ اہلیہ مکرم میاں محمد یعقوب صاحب مرحوم (مورڈن۔ یوکے)

۱۹؍جون ۲۰۲۶ء کو ۹۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت قائم دین صاحب رضی اللہ عنہ کی نواسی اور حضرت چودھری نواب دین صاحب رضی اللہ عنہ کی بہو تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجدگزار، غریبوں کا خیال رکھنے والی ہمدرد، خدمت خلق کے جذبے سے سر شار،مہمان نواز، چندوں میں باقاعدہ اور خلافت سے بےحد عقیدت کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ نے فیصل آباد میں سیکرٹری ناصرات اور نائب صدر لجنہ ضلع کے علاوہ صدر لجنہ پیپلزکالونی کے طورپر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔آپ کوتبلیغ کا بہت شوق تھا۔آپ نے دو بیعتیں بھی کروائیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا، چار بیٹیاں اور پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم لئیق احمد طارق صاحب (شہیدآف فیصل آباد) کی والدہ، مکرم وسیم احمد ناصر صاحب (آف یوکے) کی خالہ اور خوش دامن اور مکرم سعید احمد وسیم صاحب (واقف زندگی MTA) کی نانی تھیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم کریم الدین احمد صاحب ابن مکرم چودھری صلاح الدین احمد صاحب (شاہ تاج شوگر ملز منڈی بہاؤالدین)

۲۸؍اپریل ۲۰۲۶ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ شاہ تاج شوگر ملز میں بطور جنرل مینیجر (ایڈ منسٹریشن) اور جماعت شاہ تاج اور ضلع منڈی بہاؤالدین میں سیکرٹری امور عامہ کے طورپر خدمت کررہے تھے۔ کچھ عرصہ صدر جماعت شاہ تاج شوگر ملز بھی رہے۔ آپ ادارے اور جماعت کے Legal معاملات کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے تھے اور ہمہ وقت اس خدمت کے لیے حاضر رہتے تھے۔ مرحوم صوم صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، بڑےشفیق، ملنسار، غریب پرور، بڑوں اور بزرگوں کا احترام کرنے والےایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ محبت کا اظہار اُن کی ہر بات سے ہوتا تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹااور دوبیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرمہ سید ہ درّعدن ریحانہ احمد جیسال صاحبہ (سابق انچارج لجنہ سیکشن مرکزیہ یوکے) اہلیہ مکرم اطہر احمد جیسال صاحب (ہنسلو۔یوکے)

۱۴؍جون۲۰۲۶ء کو ۷۱سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت سید غلام حسین شاہ صاحب رضی اللہ عنہ (آف بھیرہ) کی پوتی، حضرت دلاور شاہ بخاری صاحب رضی اللہ عنہ کی نواسی اور مکرم سید محمود احمد شاہ صاحب (آف کراچی) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ نے لمبا عرصہ تک لجنہ سیکشن مرکزیہ کی انچارج کے علاوہ ہنسلو کی مقامی اور ریجنل صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ ایک علمی اور دینی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپ نے ۱۷ سال کی عمر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی متعدد کتب کا گہرا مطالعہ کیا ہواتھا۔ لجنہ سیکشن میں بطور انچارج خدمت انجام دیتے ہوئے آپ نے اپنی ذاتی مصروفیات کو پسِ پشت ڈال کر ہمیشہ جماعتی کاموں کو مقدم رکھا۔ بڑی محنتی اور شفیق خاتون تھیں۔اپنی ساتھی ممبرات کو پیار سے کام سکھاتیں اور کسی کمی کی صورت میں گلہ کرنے کی بجائے خود وہ کام سرانجام دے کر دوسروں کی خاموش تربیت کرتیں۔ خلافت سے آپ کا عشق مثالی تھا۔ ۲۰۱۸ء میں حضورانور کے ارشاد پر آپ نے افریقہ کا دورہ کیا اور مختلف زبانیں بولنے والی لجنہ ممبرات کی نہایت صبر و تحمل اور آسان فہم انداز میں تربیت کرنے کی توفیق پائی۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں اور تہجد کی پابند، مخلوقِ خدا کا درد رکھنے والی ایک ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔ توکل علی اللہ آپ کی شخصیت کا نمایاں وصف تھا اور آپ ہر مشکل میں دوسروں کو بھی یہی نصیحت کرتیں کہ دعا کرو اور معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دو۔ آپ جماعت میں بچوں اور بچیوں کے رشتوں کے لیے فکر مند رہتیں اور ہمیشہ دعاؤں کے ساتھ صدقہ دے کر ہر اہم کام کا آغاز کرتی تھیں۔ آپ کی شادی ایک سکھ خاندان میں ہوئی اورآپ کے شوہر نے اپنے خاندان میں اکیلے احمدیت قبول کی تھی۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی اور پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم مرزامحمد عمر صاحب (آف فیصل آباد)

۱۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کو۳۷ سال کی عمر میں ملائیشیا میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا مکرم مرزامحمد رمضان ننگلی صاحب کے ذریعہ آئی جنہوں نے ۱۹۴۴ء میں ایک خواب کی بناء پر احمدیت قبول کی تھی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،بڑے سخی دل، غریب پرور، ضرورتمندوں کا خیال رکھنے والے،ہمدرد، مخلص اور ایک نیک فطرت انسان تھے۔ تحریک جدید اور وقف جدید کا اعلان ہوتے ہی سال کا چندہ یکمشت ادا کردیتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدین، تین بھائی، چار بہنیں،اہلیہ، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم مرزا محمد عامر صاحب مربی سلسلہ کے چھوٹے بھائی تھے۔

۴۔ مکرم جان محمد Lemanski صاحب (Poland)

۲۵؍اپریل ۲۰۲۶ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ۲۰۱۰ء میں آپ نے ایک اخبار میں جماعت کے متعلق یہ پیغام پڑھا کہ The Messiah has comeجس نے آپ کے دل پر گہرا اثر ڈالا۔ اور آپ نے پہلے جماعت سے رابطہ قائم کیا اور پھر جماعتی تعلیمات کا مطالعہ شروع کیا اور جلد ہی احمدیت قبول کرلی۔ مرحوم کو مطالعہ کا بے حد شوق تھا اور آپ ایک علمی شخصیت کے مالک تھے۔ اگرچہ آپ اردو اور عربی زبانوں سے واقف نہ تھے لیکن جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے۔ بہت انہماک اور توجہ سے ساری باتیں سنتے اوراس سے روحانی سکون و اطمینان محسوس کرتے تھے۔ آپ نماز سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل مشن ہاؤس پہنچ جاتے اور وہاں صفائی بھی کرتے۔ مالی قربانی میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے اور چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔ مرحوم بڑے خوددار، خدمتِ دین کے جذبے سے سرشار ایک مخلص مثالی احمدی تھے۔

۵۔مکرمہ الامین صاحبہ اہلیہ مکرم فرید جمن بخش صاحب (سرینام جنوبی امریکہ)

۱۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ۵۷سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ اپنے خاندان میں اکیلی احمدی تھیں۔ بڑی مہذب، شائستہ مزاج، نفاست پسند، سگھڑ اور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل خاتون تھیں۔ گذشتہ تیس سال یونیورسٹی آف سرینام میں مختلف شعبوں میں کام کرتی رہیں۔ ملک میں پائی جانے والی جڑی بوٹیوں، پھولوں اور پودوں کے بارے میں وسیع علم رکھتی تھیں۔ جماعتی پروگراموں اور جلسوں پر بڑی نفاست سے گلدستے بنا کر لاتیں۔ رمضان المبارک میں افطار کے لیے مختلف پھلوں کے جوس اور رنگارنگ کھانے تیار کر کے لانا آپ کا شعار رہا۔ آپ کی طرف سے دی جانے والی افطاری ہمیشہ منفرد اور شاندار ہوتی تھی۔ عیدین کے موقع پر جماعتی انتظام کے تحت بچوں کے لیے چاکلیٹ اور دیگر لوازمات سے مزین پیکٹ تیار کر کے لاتیں اور خودجا کر بچوں کے ہاتھ میں دیتیں۔ جلسہ سالانہ اور دیگر مواقع پر آنے والی معزز مہمان خواتین کو بہت عمدگی سے سنبھالتیں اور ان کے ساتھ با مقصد اور علمی گفتگو کرتیں۔ جماعت کی طرف سے طلباء کو دیے جانے والے تعلیمی ایوارڈز بہت عمدگی سے سجاتیں۔ جماعتی پکنک کے موقع پر بچوں کے لیے دلچسپ پروگرام ترتیب دینے میں بھرپور کر دار ادا کرتیں۔ ۲۰۰۸ء میں صد سالہ خلافت جوبلی کے موقع پر اپنے میاں اور اکلوتے بیٹے کے ساتھ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کی توفیق پائی اور حضور انور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔اسی طرح اپنی فیملی کے ساتھ جلسہ سالانہ گیانا اور ٹرینیڈاڈ میں بھی شامل ہونے کا موقعہ ملا۔ جماعتی پروگراموں اور جمعہ میں باقاعدگی سے شامل ہوتیں۔ تقاریر اور خطبہ جمعہ بہت غور سے سنتیں اور بعد میں سوال بھی کرتیں۔گذشتہ ایک سال سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں اور بڑے صبروہمت کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کرتی رہیں۔ پسماندگان میں میاں، اکلوتا بیٹا، بہو اور ایک پوتی اور غیر از جماعت سوگواران میں ان کی ضعیف والدہ،ایک بھائی اور تین بہنیں شامل ہیں۔آپ کے میاں مکرم فرید جمن بخش صاحب گزشتہ تیس سال سے زائد عرصہ سے نیشنل سیکرٹری مال سرینام اور بیٹے مکر م سعید احمد صاحب بھی نیشنل سیکرٹری وقف جدید کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

۶۔مکرم مشتاق احمد صاحب ابن مکرم بشیر احمد صاحب (کارشالٹن۔یوکے)

۲۵؍اپریل ۲۰۲۶ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت بابو قاسم الدین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ آپ کا تعلق تر گڑی ضلع گوجرانوالہ سے تھا۔ مرحوم پیشہ کے لحاظ سے سُنار تھے اور اپنی ایمانداری اور دیانتداری کی وجہ سے عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ۲۰۱۷ء میں یو کے شفٹ ہوئے اور جماعت کیسا تھ گہرا تعلق رکھا۔ نماز اورروزہ کے پابند، چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ، بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت کےسا تھ عقیدت کاگہرا تعلق تھا۔پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button