اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواستہائے دعا

٭…زبیراحمدصاحب مبلغ سلسلہ دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ خاکسار بعمر ۳۶؍سال جنوری ۲۰۲۵ء سے نیورولوجیکل مرض ’موٹر نیورون ڈیزیز‘ (MND-ALS) کے باعث بیمار ہے۔ جسمانی کمزوری اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اعضاء کو حرکت دینا کافی مشکل ہو چکا ہے۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے ليے وہیل چیئر پر مکمل انحصار ہے۔ مزید یہ کہ کھانا پینا، پہلو بدلنا، ٹانگوں کو حرکت دینا اور بستر پہ بیٹھنا، لیٹنا کچھ بھی خود نہیں کر پاتا۔ سب کام افراد خانہ ہی کرتے ہیں۔ بولنے کی رفتار بھی بہت سست ہوچکی ہے اور کافی طاقت لگاکر بولا جاتا ہے۔ نظر بھی متاثر ہورہی ہے۔ خاکسارنے اندرون و بیرون ملک کئی ماہر نیورولوجسٹس سے معائنہ کروایا ہے۔ ایلوپیتھک ڈاکٹرز کے مطابق اس کا علاج موجود نہیں اور دو تین سال کی یہ جان لیوا بیماری ہے۔ہومیوپیتھک علاج جاری ہے۔

٭…مسعود احمد پاشا صاحب کینیڈا سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چھوٹے بھائی، شیخ وحید احمد محمود صاحب ابن شیخ محمود احمد سعید حیدرآبادی ان دنوں سر میں ٹیومر کی وجہ سے شدید علیل ہیں۔ ڈاکٹروں نے آپریشن تجویز کیا ہے اور موصوف اس وقت جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

٭… ناصر محمود طاہر صاحب مبلغ سلسلہ دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ عذرا بیگم صاحبہ اہلیہ رانا محمد الطاف صاحب ذیابیطس، بلڈ پریشر اور دیگر عوارض کی وجہ سے کافی علیل اورکمزورہیں۔ ۲۷؍جولائی ۲۰۲۶ء کو ان کی ایک میجر سرجری ہوئی ہے۔

٭… طاہر احمد صاحب جمالی مربی سلسلہ دفتر صدر صدر انجمن احمدیہ قادیان لکھتے ہیں کہ خاکسار کی بڑی بہن محترمہ بشارت بیگم صاحبہ اہلیہ عبد المعصوم صاحب آف راجوری کشمیر کی گذشتہ دنوں دہلی کے ایک ہسپتال میں open heart surgery ہوئی ہے۔ سرجری کے بعد clotting ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے دوبارہ آپریشن کیا ہے تا حال مکمل ہوش نہیں آئی۔ موصوفہ ابھی Ventilator پر ہیں اور حالت تشویشناک ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل و رحم سے جملہ مریضان کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، ہر بیماری اور تکلیف کو جڑ سے ختم فرمائے، تمام علاج اور آپریشنز کو کامیاب فرمائے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

سانحہ ہائے ارتحال

٭…عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی یہ دو سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:

۱۔ ربوہ کے قدیمی خاندان کے فرد اور جماعت فرینکفرٹ کے نہایت مخلص خادم عبدالسلام چیمہ صاحب مورخہ ۸؍جولائی ۲۰۲۶ء کو نصف شب سے ذرا قبل عارضہ قلب کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

آپ عبد القدیر چیمہ صاحب واقف زندگی آفس سپرنٹنڈنٹ دفتر پرائیوٹ سیکرٹری ربوہ کے سب سے بڑے صاحبزادے تھے۔ آپ کی پیدائش ۲۸؍دسمبر ۱۹۴۹ء کو چنیوٹ میں ہوئی۔ دراصل جب حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے وقف کی تحریک فرمائی تو یہ خاندان قادیان میں آباد تھا اور امام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے خاندان کے سربراہ حضرت عبدالحکیم چیمہ صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے دونوں بیٹوں عبدالقدیر چیمہ صاحب اور عبدالرحیم چیمہ صاحب کو وقف کر دیا۔ چنانچہ عبدالقدیر چیمہ صاحب سرکاری نوکری چھوڑ کر قادیان آ گئے اور تاوفات جماعتی ملازمت میں مرکز میں ہی رہے۔ عبدالسلام چیمہ صاحب کی پیدائش ان دنوں میں ہوئی جب ربوہ آباد ہو رہا تھا اور کارکنان کی فیملیاں اور جامعہ احمدیہ چنیوٹ میں آباد تھے۔ مرحوم ۱۹۷۵ء میں جرمنی آ گئے اور یہاں حلقہ Frankfurter Bergمیں ۳۶؍سال بطور سیکرٹری مال اور اسی اثناء میں ۱۶؍سال بطور صدر حلقہ خدمت کی توفیق پائی۔ اسی طرح ۱۶؍سال جلسہ سالانہ جرمنی پر کھانا کھلانے کی نظامت میں بطور ناظم ضیافت ڈیوٹی سرانجام دی۔

مرحوم انتہائی مخلص، ملنسار اور ہر وقت خدمت اور دوسروں کی مدد کرنے پر تیار رہتے۔ ان کی نماز جنازہ ۹؍جولائی کو بعد از نماز عصر بیت السبوح میں مکرم عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے پڑھائی جس میں احباب بہت بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ آپ کی تدفین ۱۰؍جولائی کو نور مسجد کے قریب قبرستان میں ہوئی جہاں مکرم محمد الیاس منیر صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھا ئی اور قبر تیار ہونے پر دعا کروائی۔ مرحوم نے اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

۲۔ سابق امیر جماعت افغانستان محمد اسمٰعیل احمدی صاحب تین ماہ بیمار رہنے کے بعد مورخہ ۱۴؍جولائی کو بعمر ۷۸؍برس فرینکفرٹ کے ایک ہسپتال میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

آپ عبدالغفور صاحب آف Paktia کے صاحبزادے تھے۔ ننھیال کی طرف سے آپ کا تعلق سید احمدنور صاحب کابلی کے خاندان سے تھا جو آپ کے نانا سید فقیرمحمد خان صاحب کے چچا زاد بھائی تھے۔ سید فقیر محمد خان صاحب کی وفات قادیان میں ہوئی اور بہشتی مقبرہ میں مدفون ہیں۔

محمد اسمٰعیل احمدی صاحب مرحوم نے افغانستان کی جماعت میں شعبہ مال اور اصلاح و ارشاد میں لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔

آپ پانچ سال افغانستان میں امیر جماعت کے عہدہ پر بھی فائز رہے۔ مرحوم نیک، عبادت گزار، قناعت پسند اور بہت ہی سادہ احمدی تھے۔ جوانی میں ہی نظام وصیت میں شامل ہونے کی توفیق پائی۔ آپ کا وصیت نمبر ۲۴۵۴۸ ہے۔ آپ نے افغانستان میں اتحادی افواج کے قیام کے دوران بطور ترجمان اور ٹیکنیکل مدد گار خدمت سر انجام دی۔ ۲۰۱۵ء میں آپ اہلیہ کے ہمراہ جرمنی آ گئے اور جماعتی اعتبار سے حلقہ ہوکسٹ میں قیام پذیر ہوئے۔ ہر چند کہ آپ کا گھر بیت السبوح سے ۲۰؍کلو میٹر سے بھی زیادہ دور تھا آپ پیرانہ سالی کے باوجود جمعہ کی نماز و دیگر مرکزی اجلاسات پر بیت السبوح بڑی باقاعدگی سے حاضر ہوتے۔

آپ کی نماز جنازہ ۱۷؍جولائی کو بعد از نماز عصر مسجد بیت السبوح میں مکرم امیر صاحب جرمنی نے پڑھائی۔ آپ کی تدفین ۲۳؍جولائی کو فرینکفرٹ گریس ہائم کے قبرستان میں عمل میں آئی جہاں پہلے مبشر احمد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی اور قبر تیار ہونے پر دعا کروائی۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے نیز ان کی اولاد کو ان کی نیکیاں اور حسنات جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اعلان نکاح

سید سہیل احمد صاحب واقف زندگی استاد آف جماعت گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بھائی سید فہیم احمد صاحب ولد ڈاکٹر سید نعیم احمد صاحب کا نکاح عزیزہ عظمیٰ اعظم صاحبہ بنت محمد اعظم صاحب کے ساتھ مورخہ ۱۷؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک بعد از نماز جمعہ بیت الاسلام، کینیڈا میں مکرم امیر صاحب کینیڈا نے پڑھایا۔

بھائی موصوف، حضرت سید قاسم شاہ صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ اور حافظ سید باغ علی شاہ صاحب معین الدین پور گجرات کی نسل سے ہیں اور بطور جنرل سیکرٹری حلقہ Scarborough North خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اس سے قبل خدام الاحمدیہ ضلع و علاقہ کراچی میں بھی مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق پاچکے ہیں۔

عزیزہ عظمیٰ اعظم صاحبہ، حضرت مولا داد صاحب سیالکوٹیؓ اور حضرت فتح الدین صاحب گجراتیؓ صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کی نسل سے ہیں، الحمدللہ۔ اوائل عمر سے ہی جماعت کےساتھ لگاؤ رہا ہے۔ اس وقت شعبہ آئی ٹی میں خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔

اللہ تعالیٰ یہ نکاح ہر دو فریقین، خاندانوں اور جماعت کے ليےہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین(مرسلہ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button