اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ فیرکے ریجن، آئیوری کوسٹ مورخہ ۱۸؍جولائی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث بقضائے الٰہی بعمر ۳۱؍سال وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کو وفات سے چند روز قبل سینے میں تکلیف ہوئی تھی اور وہ اس کا علاج کروا رہے تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہیں۔ مرحوم موصی بھی تھے۔
نماز جنازہ مورخہ ۲۲؍جولائی کو آئیوری کوسٹ کے شہر آبی جان میں خاکسار کی امامت میں ادا کی گئی جس کے بعد جسد خاکی پاکستان بھجوا دیا گیا۔
مرحوم کی پیدائش ۱۵؍ستمبر ۱۹۹۵ء کو ہوئی۔ آپ نے ۲۰۰۸ء میں مدرسۃ الحفظ ربوہ سے حفظِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ ۲۰۱۹ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ سے فارغ التحصیل ہوئے۔ بعد ازاں نمل، اسلام آباد سے ایم اے فرنچ کی ڈگری حاصل کرنے کی سعادت پائی۔ کچھ عرصہ اسلام آباد میں بطور مربی سلسلہ خدمت کی توفیق پائی۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں بطور مبلغ سلسلہ تقرری کے بعد آئیوری کوسٹ تشریف لے گئے۔ ابتدا میں دابو شہر میں بطور مبلغ سلسلہ خدمت انجام دی۔ اس دوران ناندی بو میں واقع مقامی معلم کلاس میں کچھ عرصہ بطور استاد پڑھانے کی بھی توفیق ملی۔ بعد ازاں آپ کا تقرر فیرکے میں بطور ریجنل مبلغ سلسلہ ہوا جہاں آپ وفات تک خدمت دین بجا لاتے رہے۔
مرحوم انتہائی ملنسار، مہمان نواز، ہنس مکھ، مخلص خادم دین، وقف کی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں ادا کرنے والے اور خلافت سے گہری محبت رکھنے والے وجود تھے۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے قرآن کریم ناظرہ مع قواعد اردو اور فرانسیسی زبان میں آن لائن پڑھانے کی بھی سعادت حاصل کر رہے تھے۔
مورخہ ۲۵؍جولائی کو جنازہ لاہور پہنچا جہاں سے ربوہ لے جایا گیا اور اسی روز نماز جنازہ ادا کی گئی، بعدازاں کثیر تعداد میں احباب کی موجودگی میں مرحوم کی تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل میں عمل میں آئی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین (مرسلہ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
اعلانات ولادت
٭…نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے ان جوڑوں کو اولاد کی نعمت سے نوازا ہے:
۱۔ محمد غلام رسول صاحب مبلغ سلسلہ اور عافیہ عفرین صاحبہ کے ہاں مورخہ ۱۲؍جون ۲۰۲۶ء کو بیٹی کی ولادت ہوئی، الحمد للہ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت نو مولود کو وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا اور ’تحمیدہ احمد‘ نام عطا فرمایا۔ نو مولود کے دادا، شہید سبحان مڑل صاحب نے ۸؍اکتوبر ۱۹۹۹ء کو کھلنا جماعت کی مسجد میں بم دھماکے کے نتیجہ میں شہادت کا رتبہ پایا تھا۔
۲۔ محمد قاسم حسین صاحب اور ندرت جہاں صاحبہ کے ہاں یکم اگست ۲۰۲۶ء کو بیٹی کی ولادت ہوئی، الحمدللہ۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت نومولود کو وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل فرمایا اور ’مہم حسین‘ نام عطا فرمایا۔
۳۔ حنیف احمد صاحب اور تانیہ چودھری صاحبہ کے ہاں ۳؍جولائی ۲۰۲۶ء کو بیٹے کی ولادت ہوئی، الحمد للہ۔ نومولود کا نام ’اظہر احمد‘ رکھا گیا ہے۔
٭…ندیم احمد تنویر بٹ صاحب آف جماعت بریڈفورڈ، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کے بیٹے نعمان احمد شمس بٹ صاحب کو یکم جون ۲۰۲۶ء کو بیٹی سے نوازا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
نو مولود کا نام ’علیحہ نعمان‘ رکھا گیا ہے۔ نومولود، خاکسار اور منور سلطانہ صاحبہ کی پوتی، محمد یونس صاحب بھٹی کی نواسی اور عبد اللطیف بٹ صاحب مرحوم کی پڑپوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ان تمام نومولود بچوں کو لمبی، صحت مند اور بابرکت زندگی عطا فرمائے، انہیں دین اسلام اور خلافت احمدیہ کا مخلص خادم بنائے اور ہر میدان میں اپنی رضا کے مطابق ترقی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭



