متفرق

ربوہ کا موسم(۳۱؍جولائی تا۶؍اگست ۲۰۲۶ء)

۳۱؍جولائی جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت آسمان بادلوں سے بھرا ہوا تھا، ہلکی اور خنک ہوا رواں دواں تھی، صبح سات بجے کے قریب اچانک مشرق سے بادلوں کی گھٹا آئی اور موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جو دو اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ باقی تمام دن ہلکے بادل آسمان پر دیکھے گئے، ساتھ ہی ہوا نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، بارش کی وجہ سے بڑھتی ہوئی گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ہفتہ کو فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادل موجود تھے، صبح ساڑھے آٹھ بجے اُفق کی غربی طرف سے گہرے بادلوں کی گھٹا اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان کے چاروں طرف چھا گئی اور تیز بارش شروع ہوگئی جو ایک گھنٹے تک برستی رہی، بارش کے بعد آسمان جزوی طور پر ابر آلود ہوگیا، کبھی دھوپ نکلتی اور کبھی سورج بادلوں کے پیچھے چھُپ جاتا، دوپہر بارہ بجے کے قریب جنوبی طرف سے گہرے نیلے رنگ کے بادل اُبھرے اور آسمان پر پھیل گئے، جس کی وجہ سے تین گھنٹے تک لگا تار تیز بارش برستی رہی۔ اس بارش سے سڑکوں، بازاروں اور گلی کوچوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ جس سے ٹریفک اور پیدل چلنے والے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ بازار کے بعض حصوں میں ایک، ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ اتوار کو ہوا نہ ہونے کی وجہ سے حبس اور گرمی رہی، کبھی کبھار ہوا چلنے سے کچھ سکون ہوتا، بصورت دیگر حبس ڈیرے ڈالے رکھتا۔ اسی طرح گرمی سے مقابلہ کرتے دن بیت گیا۔ سوموار کو بھی موسم کی کچھ اسی طرح کی کیفیت تھی تاہم دوپہر کے وقت جنوب کی طرف سے گہرے بادلوں کی گھٹا آئی اور آسمان پر چھا گئی، پھر ڈیڑھ گھنٹے تک بارش برستی رہی اور موسم بدل گیا، دن کا بقیہ حصہ ہلکے بادلوں اور آہستہ چلنے والی ہوا کی وجہ سے خوشگوار گزر گیا۔

منگل کو دن بھر مطلع جزوی طور پر ابر آلو دتھا، ہلکی ہوا بھی چلتی رہی، جب ہوا بند ہوتی تو حبس کی وجہ سے گرمی محسوس ہوتی۔ شام کے وقت حبس کی یہ کیفیت زیادہ ہوگئی۔ بدھ کو دن بھر ہلکی ہوا چلتی رہی، عصر کے وقت وہ بھی بند ہوگئی، اور شام سے لے کر رات گئے تک حبس نے ڈیرے ڈالے رکھے۔ جمعرات کو نماز فجر کےوقت ہوا بالکل بند تھی، آسمان پر کہیں کہیں بادل نظر آرہے تھے، صبح چھ بجے کالی گھٹا آئی اور تمام آسمان پر چھا گئی، کچھ ہی دیر میں موسلادھار بارش برسنا شروع ہوگئی، تیز بارش کا یہ سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا، بارش کے دوران ہوا بند رہی۔ بارش کے بعد بادل چھٹ گئے اور سورج کو اپنی کرنیں بکھیر نے کا موقع مل گیا، دھوپ کی وجہ سے گرمی بڑھ گئی اور ہوا بند ہونے کی وجہ سے حبس بھی زیادہ ہوگیا جو مون سون کے موسم کا ایک حصہ ہے۔ رات گئے آسمان پر بادل آموجود ہوئے اور بجلی بھی چمکنا شروع ہوگئی، کچھ ہی دیر میں تیز بارش بھی شروع ہوگئی۔ اس ہفتے کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۶؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button