ہالینڈ کے شہر سٹارڈ (Sittard) میں نئی مسجد ’’مسجد ناصر‘‘ کا حصول اور پہلی نمازِ جمعہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۱؍اگست ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک جماعت احمدیہ ہالینڈ کو شہر سٹارڈ (Sittard) میں ایک نئی مسجد عطا ہوئی ہے۔ یہ عمارت جو پہلے ایک چرچ تھی، اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب مسجد کی شکل میں جماعت کو عطا ہوئی ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس مسجد کا نام ’’مسجد ناصر‘‘ عطا فرمایا ہے۔

مورخہ ۲۱؍اگست کو اس نئی عمارت کی چابیاں باقاعدہ طور پر موصول ہوئیں، الحمدللہ۔ اس بابرکت موقع پر مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب، امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ، مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج، مکرم وحید احمد صاحب ریجنل امیر، ماسترخت مرزا احسن بیگ صاحب صدر جماعت اور خاکسار (مبلغ سلسلہ مسجد ناصر) کے علاوہ سٹارڈ اور گردونواح کی جماعتوں کے احباب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
چابیاں ملنے کے بعد دعا کروائی گئی جس کے بعد احباب جماعت نے قرآن کریم کی دعا رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ کا ورد کرتے ہوئے اس نئی مسجد میں قدم رکھا۔
مسجد میں داخلے کے بعد نماز جمعہ کی اذان دینے کی سعادت مکرم ریاض احمد صاحب کو ملی۔ اس تاریخی موقع پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے خطبہ جمعہ میں تمام احباب کو اس نئی مسجد کے حصول پر مبارکباد دی اور مسجد کی دینی اور روحانی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس امر کی طرف خصوصی توجہ دلائی کہ مسجد کی اصل رونق نمازیوں سے ہوتی ہے۔
نماز جمعہ کی باجماعت ادائیگی کے بعد احباب نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ بھی براہ راست سماعت کیا۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین و مہمانوں کے لیے ظہرانے کا انتظام تھا۔
اللہ تعالیٰ مسجد ناصر کو جماعت کے لیے بابرکت بنائے اور یہ مسجد اشاعت توحید اور تبلیغ اسلام کا ایک شاندار مرکز بنے اور اس کے ذریعے جماعت احمدیہ کا پُرامن پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ڈنمارک کا جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




