تازہ ترین: لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کا ۴۷واں سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ء۔ پہلا روز

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ برطانیہ کا ۴۷واں سالانہ اجتماع ۱۸ تا ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء کو ہک لین، پٹنہم کے سبزہ زار میں نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہورہا ہے۔ امسال پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماع کا مرکزی عنوان ’’تقویٰ‘‘ منظور فرمایا۔ یہی پیغام اجتماع کے ہر لمحے اور ہر سرگرمی میں جھلک رہا ہے۔
پہلا دن: اجتماع کا آغاز جمعہ ۱۸؍ستمبر کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کی براہِ راست سماعت سے ہوا۔ نماز جمعہ کے لیے اجتماع گاہ میں انتظام کیا گیا۔ نماز جمعہ اور عصر کی ادائیگی کے بعد ضیافت مارکی میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
سہ پہر پہلے اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ حصغپ ےمد شاپ محترمہ ایمان ابو دقّہ صاحبہ نے سورۃ البقرہ آیت نمبر ۱۷۸ کی تلاوت کی اور اس کا انگریزی میں ترجمہ پیش کیا۔ محترمہ بشریٰ طلعت صاحبہ نےاردو ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں صدر صاحبہ نے عہد دہرایا۔
بعد ازاں چار بجے نیشنل سیکرٹری تعلیم بشریٰ عبدللہ صاحبہ نے علمی مقابلوں کا باقاعدہ آغاز کروایا۔ چانچہ تلاوت قرآنِ مجید، حفظِ قرآن اور انگریزی شاعری کے مقابلے ہوئے جن میں بچیوں اور خواتین نے نہایت ذوق و شوق سے حصہ لیا۔ شاعری کے مقابلے میں ایمان اور محبت، تقویٰ، نیکی اور راست بازی، لجنہ اماءاللہ کی میراث اور خلافت جیسے موضوعات کو نہایت والہانہ انداز میں پیش کیا گیا۔
سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دور میں تقویٰ کی اہمیت کے عنوان پر پریزنٹیشن: محترمہ حمیرا چوہدری صاحبہ (انچارج ایم ٹی اے لجنہ یوکے) نے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دور میں تقویٰ کی اہمیت پر انگریزی میں پریزنٹیشن دی جس میں آپ نے بتایا کہ جماعت احمدیہ ٹیکنالوجی کو دین کے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔ ٹیکنالوجی اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت ہے جو ہمیں خلافت سے جوڑنے، قرآنِ کریم اور خطبات تک رسائی حاصل کرنے اور جماعت کی خدمت کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح ٹیکنالوجی ہمارے لیے ایک امتحان بھی بن سکتی ہے کیونکہ یہ ہمیں اپنے اصل مقصد سے غافل کر سکتی ہے۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں کہ اگر ہم نماز کو چھوڑ کر سوشل میڈیا اسکرول کرنے میں مصروف رہیں گے تو اللہ تعالیٰ سے محبت پیدا نہیں ہو سکتی۔ ٹیکنالوجی ہمارے تقویٰ کی سمت کے مطابق ہوتی ہے۔ یہ ہمارے لیے نعمت بھی بن سکتی ہے اور نقصان کا باعث بھی۔ انتخاب ہمارا ہے اور اس کا انحصار ہمارے تقویٰ کی سطح پر ہے۔
مقابلہ جات کا انعقاد: بعد ازاں مقابلہ تلاوتِ قرآن کریم ( گروپ ۲۵+) کا انعقاد لجنہ اجتماع گاہ میں ہوا اور اس کی صدارت کے فرائض محترمہ قرة العین عینی صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ یوکے، محترمہ صفیہ سلام صاحبہ اور محترمہ ڈاکٹر سائرہ ظفر صاحبہ (عائشہ ریجنل صدر) نے ادا کیے۔ جبکہ مقابلہ تلاوت (گروپ۱۵۔۲۵) کا انعقاد competition مارکی میں ہوا اور اس کی صدارت کے فرائض محترمہ عائشہ خان صاحبہ نے ادا کیے۔ مقابلہ حفطِ قرآن کا انعقاد لیکچر مارکی میں ہوا۔ اور اس کی صدارت کے فرائض محترمہ روبینہ نصار صاحبہ نے ادا کیے۔
علمی ایوارڈ کی تقریب: اسی شام علمی ایوارڈز کی تقریب بھی ہوئی جس میں صاحبزادی امتہ الوارث فرح صاحبہ (دختر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ) اور نیشنل صدر صاحبہ نے GCSE اورA-level میں کامیاب طالبات کو میڈلز، سرٹیفکیٹس اور قرآن کریم کی دستخط شدہ کاپیاں عطا کی گئیں۔
تقسیم انعامات کی تقریب: علمی مقابلہ جات کے اختتام پر مین مارکی میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تلاوت، حفظِ قرآن، انگریزی شاعری، تعلیم ایڈوانس سٹڈیز (اردو، انگلش) میں کامیاب ہونے والی طالبات کو ٹرافیاں، القصیدہ حفظ کرنے والیوں کو میڈلز اور سرٹیفکیٹ جبکہ انگریزی شاعری میں جیتنے والی لجنہ کو ٹرافیاں دی گئیں۔ تقسیمِ انعامات کے اختتام پر صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ یوکے نے اجتماعی دعا کروائی۔
اس کے بعد صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برطانیہ اور نیشل سیکرٹری ناصرات کی ناصرات الاحمدیہ کے ساتھ نشست ہوئی۔اس نشست کے بعد کھانے کی مارکیوں میں کھانے کا انتظام تھا۔ اور اس کے بعد اجتماع گاہ میں اجتماعی نماز مغرب و عشاء کی ادئیگی ہوئی۔
سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے بعض شعبہ جات کا تعارف
شعبہ ٹک شاپ: لجنہ اماء اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع میں شعبہ ٹک شاپ بھی اپنی خدمات بخوبی سرانجام دے رہا ہے۔ اس شعبہ میں ۱۲ رضاکار خدمت پر مامور ہیں جو نہایت خوش دلی اور مستعدی کے ساتھ اجتماع میں شاملین کی ضروریات پوری کرنے میں مصروف ہیں۔ ٹک شاپ میں مختلف اقسام کی ہلکی پھلکی اشیائے خوردونوش اور مشروبات دستیاب ہیں۔ شاملین کی سہولت کے لیے مشروبات، کیک، کرسپس، چاکلیٹس اور دیگر پسندیدہ اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں، تاکہ اجتماع کے دوران انہیں فوری طور پر ہلکی پھلکی غذا کا سامان میسر آ سکے۔
اس سال ٹک شاپ کے انتظام میں ایک نمایاں بہتری یہ کی گئی ہے کہ اسے چائے کے اسٹال کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ اس سے ٹک شاپ تک رسائی نہایت آسان ہو گئی ہے اور شاملین بآسانی اپنی پسند کی اشیاء حاصل کر رہے ہیں۔ ٹک شاپ اجتماع میں بالخصوص بچوں کے لیے خاص کشش کا باعث بن رہی ہے۔ جب انہیں کسی اسنیک یا فوری مشروب کی خواہش ہوتی ہے تو وہ خوشی سے ٹک شاپ کا رخ کرتے ہیں اور اپنی پسندیدہ اشیاء سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ مزید اس سال خصوصی ضروریات والے بچوں ماؤں اور بزرگوں کیلئے ٹک شاپ پورا دن کھلی رہے گی۔
شعبہ ڈسپلن بازار: لجنہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع میں شعبہ ڈسپلن بازار ۱۴ رضاکاروں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ شعبہ کی بنیادی ذمہ داری بازار میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنا اور تمام شاملین کے لیے حفاظت، سہولت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ اس سال شاملین کی سہولت کے لیے انتظامات میں مزید بہتری لائی گئی ہے، جس کے نتیجہ میں قطاروں میں انتظار کا وقت کم ہو رہا ہے اور شاملین کو زیادہ تیزی اور سہولت کے ساتھ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بالخصوص SEND (Special Educational Needs and Disabilities) رکھنے والے شاملین کے لیے ان کی مخصوص ضروریات کے مطابق انفرادی اور خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
SEND ماؤں، بچوں اور بزرگوں کی سہولت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ SEND شاملین کے لیے مخصوص قطار کا انتظام ہے، جبکہ ماؤں، بچوں اور بزرگوں کو ان کی ضروریات کے مطابق رہنمائی اور مدد فراہم کی جا رہی ہے.
شعبہ صفائی اندرون ، مین مارکی اور سیٹ اَپ: لجنہ اماء اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع میں شعبہ صفائی اندرون ۵۰ رضاکاران پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس شعبہ کی اہم ذمہ داری مین مارکی کے اندر صفائی ستھرائی اور نشستوں کے مناسب انتظام کو یقینی بنانا ہے۔ اجتماع کی کارروائی کے ہر سیشن سے قبل رضاکاران کرسیوں کو ترتیب سے لگانے اور پوری مارکی کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں، تاکہ شاملین کے لیے صاف ستھرا، منظم اور آرام دہ ماحول میسر ہو۔ ہر سیشن سے قبل مین مارکی کو مکمل طور پر تیار کیا جاتا ہے تاکہ مہمانانِ اجتماع اور شاملین بروقت اور سہولت کے ساتھ اپنی نشستوں پر تشریف فرما ہو سکیں۔
(رپورٹ از شعبہ اشاعت۔ لجنہ اماء اللہ برطانیہ)
