تازہ ترین: ۳۱ویں سالانہ نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ فرانس کا پہلا دن

مجلس انصاراللہ فرانس کا ۳۱واں سالانہ اجتماع مورخہ ۲ تا ۴؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو فرانس کی اپنی جلسہ گاہ بیت العطاء میں منعقد ہورہا ہے۔ اس سال کے اجتماع کا مرکزی موضوع ’’خلافت علی منھاج النبوۃ‘‘ ہے۔
اجتماع کے پہلے دن کا آغاز مقامی نمازِ جمعہ کی ادا ئیگی سے ہوا جس کے بعد تمام انصار بھائیوں نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطبہ جمعہ سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد احبابِ جماعت کے لیے چائے کا وقفہ ہوا۔ شام چار بجے اجتماع کے باقاعدہ پروگرام کا آغاز لوائے انصار اللہ کے لہرانے سے ہوا جس کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد عہدانصاراللہ دہرایا گیا اور نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد صدر مجلس انصاراللہ فرانس سید سہیل احمد شاہ صاحب نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع انصار اللہ کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم نصیر احمد شاہد صاحب قائم مقام امیر جماعت فرانس نے افتتاحی تقریر کی۔ تقریر کے اختتام پر اجتماعی دعا کروائی گئی۔
اجتماع کے پہلے دن تین علمی اور دو ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآنِ کریم، حفظ قرآن اور ترجمۃ القرآن شامل تھے۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں ٹیبل ٹینس اور کلائی پکڑنا شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں انصار نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
