افریقہ (رپورٹس)

ریجن جگوں (Djougou)، بینن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی مساعی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ڈونگا (Donga) ڈیپارٹمنٹ کے ریجن جگوں (Djougou) میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مساعی کی توفیق مل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں نئے سال، عیدالفطر، عیدالاضحی اور بینن کے یوم آزادی کے مواقع پر گورنر، میئرز، پولیس افسران، ججز، کیتھولک پادریوں اور مسلمان ائمہ سے ملاقاتیں کرکے جماعت احمدیہ کا تعارف اور لٹریچر پیش کیا گیا۔ نئے سال کے موقع پر خیرسگالی کارڈ بھی پیش کیے گئے جن میں نیک تمناؤں کے ساتھ جماعت احمدیہ کا تعارف شامل تھا۔

نئے سال کے موقع پر ڈونگا ڈیپارٹمنٹ کے کیتھولک چرچ کے پادری جناب Bernad de Clairvaux Toha کی دعوت پر ریجن جگوں کے سینٹرل مشنری مکرم مبرور احمد نوید صاحب نے لوکل مشنری مکرم الحاجی مامودو ڈیکو صاحب اور ریجنل صدر مکرم جابرو یعقوبو صاحب کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ پادری صاحب کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے ساتھ فرنچ زبان میں قرآن کریم، ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘، ’’حضرت محمد ﷺ کی زندگی‘‘ اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتب پیش کی گئیں۔ انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور انہیں ریجن جگوں میں جماعتی مشن کے دورہ کی دعوت دی گئی۔

ماہ اگست میں کیتھولک چرچ کے شعبہ بین المذاہب مکالمہ کے انچارج کی دعوت پر ایک جماعتی وفد نے ’’بین المذاہب مکالمہ‘‘ کے موضوع پر کانفرنس میں شرکت کی۔ یہ کانفرنس ۱۷؍اگست بروز سوموار کیتھولک مشن کے ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وسطی افریقہ سے تشریف لائے ہوئے کارڈینل جناب DieuDonné Nzapalainga جبکہ دیگر مہمانوں میں جگوں کے بادشاہ Baparapé صاحب شامل تھے۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے سینٹرل مشنری صاحب، مکرم گومنا ناصر صاحب اور مکرم جابرو یعقوبو صاحب نے شرکت کی۔

کانفرنس میں وسطی افریقہ کی تیسری خانہ جنگی کے دوران مذہبی رواداری و قیام امن کی مساعی اور ڈونگا ڈیپارٹمنٹ میں امن و مذہبی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ کاوشوں کا ذکر ہوا۔ جماعتی وفد کو بھی اظہار خیال کا موقع ملا اور حضرت رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں مذہبی رواداری بیان کی گئی۔ اختتام پر جماعت احمدیہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی قیام امن کی مساعی کا تعارف کروایا گیا۔

مہمان خصوصی کو فرنچ ترجمہ والا قرآن کریم اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘، جبکہ بادشاہ Baparapé صاحب کو ’’حضرت محمد ﷺ کی زندگی‘‘ اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتب پیش کی گئیں۔ بعض دیگر شرکاء کو بھی ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ تحفۃً پیش کی گئی۔ کانفرنس میں کیتھولک چرچ، سنی مسلمانوں، جماعت احمدیہ اور دیگر مذہبی نمائندگان نے شرکت کی۔

(رپورٹ:مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: احمدیہ میڈیکل کلینک Porto Novo، بینن کے زیر اہتمام مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button