یورپ (رپورٹس)

فن لینڈ میں جلسہ یوم والدین اور سہ ماہی روحانی خزائن کوئز کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ کے زیر انتظام مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار جلسہ یوم والدین منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد والدین کو بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانا تھا۔ جماعت احمدیہ فن لینڈ میں تقریباً ۹۰؍فیصد خاندان ایسے ہیں جن میں کم عمر یا نوجوان بچے موجود ہیں، اس لیے بچوں کی تربیت کا موضوع خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

پروگرام کا آغاز نماز ظہر کے بعد تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے ’’والدین کی ذمہ داریاں اور بچوں کی تربیت‘‘ کے موضوع پر اپنی تقریر میں اس امر پر زور دیا کہ والدین کو اپنے بچوں کے سامنے بہترین عملی نمونہ پیش کرنا چاہیے، کیونکہ بچے اپنے والدین کے رویوں اور اعمال کا خاموشی سے مشاہدہ کرتے اور ان سے سیکھتے ہیں۔ مکرم عطاءالغالب صاحب صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ بچوں کے مسائل توجہ سے سنیں، ان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلق قائم رکھیں اور ان کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے مناسب راہنمائی کریں۔

شعبہ تربیت کے تحت رواں سال احباب جماعت کو مطالعہ کے لیے روحانی خزائن میں شامل تین کتب پڑھائی جا چکی ہیں اور ہر سہ ماہی کے اختتام پر متعلقہ کتاب سے علمی کوئز منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سہ ماہی میں ’توضیح مرام‘ کا مطالعہ کروایا گیا۔ چنانچہ جلسہ یوم والدین کے موقع پر اسی کتاب سے متعلق سہ ماہی علمی کوئز بھی منعقد ہوا۔

کوئز میں چار ٹیموں نے حصہ لیا جن میں دو ٹیمیں مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ اور دو مجلس انصاراللہ فن لینڈ کی تھیں۔ کوئز تین مراحل پر مشتمل تھا۔ پہلے مرحلے میں کثیرالانتخابی سوالات، دوسرے میں بغیر آپشن کے براہ راست جواب اور تیسرے مرحلے میں نسبتاً مشکل اور تفصیلی سوالات شامل تھے۔ اس علمی مقابلے سے پروگرام میں دلچسپی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے مطالعہ اور ان کے مضامین کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی ملا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس پروگرام میں مردوں، خواتین اور بچوں سمیت کُل ۱۰۵؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ

(رپورٹ: بشارت الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری تربیت فن لینڈ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سویڈن کے شمالی شہروں کے گرمائی بازاروں میں تبلیغی سرگرمیاں

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button