اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواستہاے دعا
٭…رانا سلطان احمد خان صاحب دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ عمیر احمد صاحب ابن امان اللہ صاحب کی والدہ محترمہ صائمہ اختر صاحبہ کے ۲۱؍ستمبر۲۰۲۱ء سے ہفتہ میں دوبار ڈائیلیسز ہورہے ہیں۔ ان کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ خوراک بھی کافی کم ہوچکی ہے۔ ان کی والدہ محترمہ کی عمر ۴۳؍سال ہے۔ عمیر صاحب دو بھائی اوردو بہنیں ہیں۔ بڑی بہن کی شادی مربی سلسلہ سے ہوئی ہے۔چھوٹی بہن کالج میں اورچھوٹا بھائی کلاس چہارم کا طالب علم ہے۔
٭… اس طرح ہمارے محلے کے ایک ناصر بھائی سید محمود احمد صاحب ابن سید سعید احمد صاحب کا گردے کا آپریشن مورخہ ۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء کوکروایا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔ مورخہ ۲؍اکتوبر کو دوبارہ چیک اپ کرا کے آئے ہیں۔ حالت بہتری کی طرف مائل ہے۔ تاہم نالی لگائی ہوئی ہے۔
احباب جماعت سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مریضان کو جلد ازجلد کامل شفا بخشے، نیز صحت و سلامتی والی لمبی فعال زندگی عطا فرمائے اور ہر قسم کی پریشانی سے بچائے۔ آمین
سانحہ ارتحال
٭…لئیق احمد مشتاق صاحب مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ سرینام کی ایک مخلص خاتون فاطمہ بی بی صاحبہ مورخہ ۲۵؍اگست ۲۰۲۶ء کوبعمر ۸۰؍سال دار فانی سے کوچ کر گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
موصوفہ۲۵؍اگست کی صبح پیدل سڑک کراس کر رہی تھیں کہ ایک کار سوار نے انہیں ٹکر مار دی۔ شدید زخمی حالت میں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں شام کو ان کی وفات ہو گئی۔ حادثاتی موت کی وجہ سے پولیس نے ان کی میت اپنی تحویل میں لے لی۔
مرحومہ اپنے خاندان میں اکیلی احمدی مسلمان تھیں۔ آپ کی چار بیٹیاں اور ایک لے پالک بیٹا ہندو مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، مگر پورے خاندان نے ان کی تجہیز و تکفین جماعت کے سپرد کی۔
مرحومہ کی چھوٹی بیٹی اور لے پالک بیٹا جنازے میں شرکت کے ليے ہالینڈ سے سرینام پہنچے۔
مورخہ ۳۱؍اگست کی صبح لجنہ ممبرات نے انہیں غسل دیا اور میت کچھ دیر کے ليے ان کے گھر لے جائی گئی جہاں اہل محلہ کثیر تعداد میں تعزیت کے ليے جمع تھے۔ بعد ازاں میت مسجد ناصر میں لائی گئی۔ یہاں افراد جماعت کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر از جماعت لوگ بھی موجود تھے۔ حامد کریم صاحب مبلغ سلسلہ( جو بطور مہمان جلسہ سالانہ میں شمولیت کے ليے ہالینڈ سے آئے تھے) نے نماز جنازہ پڑھائی۔ بعد ازاں میت تدفین کے ليے قبرستان لے جائی گئی اور قبر تیار ہونے پر خاکسار نے دعا کروائی۔
تجہیز و تکفین کے پورے عمل کے دوران ان کے خاندان نے جماعت سے مکمل تعاون کیا اور کسی موقع پر کوئی بدمزگی پیدا نہیں ہوئی۔ تدفین کے بعد خاکسار اس خاندان کا شکریہ ادا کر رہا تھا اور خاندان والے جماعت کا شکریہ ادا کر رہے کہ ان کی ماں کو اس کے عقیدے کے مطابق بڑے احترام سے سپرد خاک کیا گیا۔
مرحومہ بہت مخلص احمدی تھیں۔ چندہ بڑی باقاعدگی سے ادا کرتیں اور جماعتی کاموں میں بہت جذبے سے حصہ لیتیں۔ ان کی صحت بہت اچھی تھی۔ وفات سے دو ہفتے قبل جمعہ کے ليے آئیں تو میں نے انہیں جلسہ سالانہ کی تیاری اور مہمانوں کو ساتھ لانے کی تلقین کی۔ انہوں نے بڑے جوش سے جواب دیا کہ انشاء اللہ ضرور کوشش کروں گی۔ جمعہ کے بعد جاتے ہوئے چندہ کی رقم خاکسار کو دے کر گئیں جس کی رسید ان کے بچوں کے حوالے کی گئی۔
مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے ليے دعا کی درخواست ہے۔
اعلان نکاح و تقریب ولیمہ
شبیر احمد صاحب حلقہ ہاربُرگ، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بیٹے عزیزم دبیراحمد کی شادی کی تقریب مورخہ ۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ہمبرگ، جرمنی کے ایک شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس مبارک تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار کے چھوٹے بھائی محمود احمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے عزیزم کا نکاح عزیزہ رابعہ بی بی بنت غلام نبی صاحب کے ساتھ پڑھایا اور دعا کروائی۔
اگلے روز مورخہ ۸؍اپریل ۲۰۲۶ء کو اسی ہال میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا جس میں حسیب احمدصاحب گھمن مبلغ سلسلہ، ہمبرگ نے دعا کروائی۔
عزیزم دبیراحمد، محمد سلیم صاحب (مرحوم) کھرڑیانوالہ، فیصل آباد کا پوتا اور سلطان احمد صاحب (مرحوم) لاہور کا نواسا ہے، جبکہ عزیزہ رابعہ بی بی، نور محمد صاحب (مرحوم) کی پوتی اور بیر ولی صاحب (مرحوم) کی نواسی ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ مولا کریم اس رشتہ کو دونوں خاندانوں کے لیے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے، اس جوڑے کو دین کو دنیا پر مقدم کرنے والا، خلافت احمدیہ کا حقیقی وفادار اور سچا مطیع بنائے۔ نیز یہ جوڑا ایک دوسرے کے حقوق کماحقہٗ ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے پیار اور رحم کا وارث بنے اور ان کی آئندہ زندگی دین و دنیا کے اعتبار سے بابرکت اور کامیاب ہو۔ آمین ثم آمین
اعلانات ولادت
٭…مبارک احمد بسرا صاحب مبلغ سلسلہ بریڈفورڈ، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بیٹے اوصاف احمد بسرا اور بہو شفق بٹر صاحبہ کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مورخہ ۱۵؍اگست ۲۰۲۶ء کو بیٹی سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’زجاجہ اوصاف‘ نام عطا فرمایا ہے اور از راہِ شفقت وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں بھی قبول فرمایا ہے۔
بچی خاکسار اور فرزانہ تبسم صاحبہ آف جماعت بریڈفورڈ کی پوتی جبکہ ادریس احمد بٹر صاحب اور مسرت سعید صاحبہ آف جماعت کرالی کی نواسی ہے۔
خاکسار کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ خاکسار کے دادا چودھری حاجی بلند بخش صاحب کے ذریعہ ہوا جنہوں نے خلافت ثانیہ کے ابتدائی سالوں میں حضرت سید ڈاکٹر عبدالستار شاہ صاحبؓ کے ذریعہ احمدیت قبول کی۔ دادا جان اپنے گاؤں راڈکے رتیاں، ضلع سیالکوٹ کے پہلے احمدی تھے اور ان کے ذریعہ گاؤں اور برادری میں احمدیت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ
٭… عطیۃ الجبار صاحبہ، برطانیہ سے تحریر کرتی ہیں کہ خدا تعالیٰ نے اپنے بے پایاں فضل و کرم سے ۵؍جون ۲۰۲۶ء کو ہماری بیٹی سحرش محمود اور داماد وجاہت احمد طاہر مقیم میلبرن، آسٹریلیا کو پہلے بیٹے ’زوحان طاہر‘ کے بعد ایک بیٹی سے نوازا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک نومولود کا نام ’الائزہ طاہر‘ تجویز ہوا ہے اور اسے اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نو کی مبارک تحریک میں شامل کیا گیا ہے۔
نومولود، بشارت احمد صاحب ۹۸ شمالی، سرگودھا، حال مقیم آسٹریلیا کی پوتی اور محمود احمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے کی نواسی ہے۔
احباب جماعت کی خدمت میں درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے نومولودگان کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے، نیک، صالح اور خادم دین بنائے، اپنی حفظ و امان میں رکھے، نیز انہیں دین و دنیا کی حسنات سے نوازے اور والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ آمین



