حضور انور کے ساتھ ملاقات

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھUWT Swiss Systemsکے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسراور جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے شعبے کے سربراہ کی ملاقات

مورخہ ۱۱؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء، بروز اتوار، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ یو ڈبلیو ٹی سوئس سسٹمز (UWT Swiss Systems) کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسچن نیوشل (Christian Knuchel) اور جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (OHCHR) کے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے شعبے کے سربراہ پردیپ واگلے (Pradeep Wagle) کوبالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا، دونوں مہمان انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجنیئرز (IAAAE) کے سالانہ سمپوزیم میں شرکت کے لیے تشریف لائے تھے ، یہ ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں واقع حضورِ انور کے دفتر میں منعقد ہوئی۔

ملاقات کے آغاز میں دونوں مہمانوں کو حضورِ انور کی خدمت ِاقدس میں اپنا تعارف پیش کرنے کا بھی موقع ملا۔

یو ڈبلیو ٹی سوئس سسٹمز کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسچن نیوشل نے عرض کیا کہ ان کی اپنی کمپنی ہے اور وہ ہر قسم کے آبی راستوں کی صفائی کرتے ہیں۔اس پر حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ تو آپ ہماری بین الاقوامی ایسوسی ایشن کو کس قسم کی مدد فراہم کریں گے، کیا آپ انہیں کوئی مدد یا تعاون فراہم کریں گے؟

جس پرانہوں نے عرض کیا کہ میرا خیال ہے کہ خاص طور پر افریقہ میں بہت سے دریا اور جھیلیں آلودہ ہیں۔ اس پر حضورِ انور نے ارشاد فرمایا کہ تو کیا آپ ان کے ساتھ مل کر کوئی مشترکہ منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے عرض کیا کہ ہمارا ایسا ارادہ ہے۔ حضورِ انور نے فرمایا کہ اگر وہ کوئی پُرعزم پروگرام بنائیں تو پھر ضرور۔

کانفرنس کے علمی اور تربیتی سیشنز کے حوالے سے تاثرات کے تناظر میں حضورِ انور نے استفسار فرمایا کہ کیا یہاں کوئی ایسا خطاب، لیکچر یا رپورٹ تھی کہ جو آپ کے لیے مفید ثابت ہوئی ہو؟

اس پر مہمانِ گرامی پردیپ واگلےنے عرض کیا کہ ہر چیز بالخصوص مصنوعی ذہانت اور پانی کی صفائی کے بارے میں گفتگو مفید تھی ۔ انہوں نے کرسچن نیوشل کی پریزنٹیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کے لیے مفید تھی۔ انہوں نے مزید بیان کیا کہ ان تمام موضوعات کا تعلق اس بات سے ہے کہ صاف پانی، صفائی ستھرائی اور رہائش وغیرہ کی سہولیات کس طرح فراہم کی جائیں۔

آخر پر حضورِ انور نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے فرمایا کہ بہرحال آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔ یہاں آنے کا بہت شکریہ۔

ملاقات کے اختتام پر معزز مہمانوں کو حضورِ انور کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

ملاقات کے بعد مہمانِ گرامی کرسچن نیوشل نے جماعتی نظام، رضاکاروں کے غیر معمولی جذبے اور آبی مسائل پر کام کرنے کے انداز سے متاثر ہو کر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیان کیا کہ یہ واقعی بہت متاثر کن ہے کہ ہم آبی راستوں سے متعلق مسائل پر بات کرتے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ آلودہ آبی راستے صحت کے لیے بھی بہت نقصان دہ ہو سکتے ہیں، اس لیے ان کی صفائی ضروری ہے۔مَیں حضورِ انور کی معزز شخصیت سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ مجھے آپ کی جماعت کے بہت سے انجینئرز اور آرکیٹکٹس سے مل کر بھی بہت خوشی ہوئی۔

مَیں یہاں آ کر اس جگہ اور خاص طور پر رضاکاروں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ یہ حیرت انگیز بات ہے۔ میرا خیال ہے کہ کل یہاں بہت سے لوگ موجود تھے اور بہت سے لوگوں نے رضاکارانہ طور پر مدد کی۔ مَیں نے اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا۔ لہٰذا مَیں واقعی بہت متاثر ہوا ہوں، اور آپ جو کام کر رہے ہیں، وہ واقعی بہت عمدہ ہے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۶ء کے موقع پر حضورِ انور ایّدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف ممالک کے وفود، مہمانان ، نمائندگان اور نَومبائعین سے ملاقاتوں اور بصیرت افروز راہنمائی کا اجمالی خاکہ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button