یورپ (رپورٹس)

مسجد مبارک، سینٹ پری، فرانس میں اوپن ڈے کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد مبارک، سینٹ پری، فرانس میں مورخہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ اوپن ڈے کا انعقاد ہوا جس میں تقریباً ۴۰؍افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف معلوماتی و تبلیغی سٹالز، نمائشوں اور تعارفی و تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد مہمانوں کو اسلام کی حقیقی اور پُرامن تعلیمات سے روشناس کروانا، ان کے سوالات کے جواب دینا اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔

معلوماتی و تبلیغی سٹالز: پروگرام کے دوران ایک خصوصی سٹال قائم کیا گیا جہاں مہمانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات، عقائد اور اسلام کے متعلق پائے جانے والے غلط تصورات کے بارے میں سوالات کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس سٹال پر مکرم نصیر احمد شاہد صاحب قائم مقام امیر و مبلغ انچارج فرانس موجود تھے جنہوں نے مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے۔

دوسرے سٹال پر مکرم اسامہ عمر جوئیہ صاحب نائب امیر و نائب مبلغ انچارج فرانس نے اسلامی نماز کے طریق اور اس کی روحانی اہمیت کا تعارف کروایا۔ مہمانوں کو نماز کے مختلف مراحل اور اس کے مقصد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اسی طرح مسجد اور لائبریری کا تعارفی دورہ بھی کروایا گیا جس کے دوران مسجد مبارک، سینٹ پری کی تاریخ اور وہاں موجود کتب و لٹریچر کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

پروگرام میں مختلف سٹالز کے ذریعے جماعت احمدیہ کی دینی، تبلیغی اور انسانیت کی خدمت کے حوالے سے سرگرمیوں کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری مکرم محمد عدیم صاحب نے مہمانوں کو ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعے اسلام کی تعلیمات اور پیغام حق دنیا بھر میں پہنچانے کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے انسانیت کی خدمت کے لیے انجام دی جانے والی مختلف خدمات کو بھی اُجاگر کیا گیا۔ مکرم اسامہ احمد صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے سٹال پر جماعت احمدیہ مسلمہ کی وطن سے محبت، وفاداری، امن و اتحاد اور معاشرے کی بہتری کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

قرآن کریم کے متعلق نمائش: اس موقع پر ’قرآن کریم کی تاریخ‘ کے موضوع پر ایک خصوصی نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں زائرین کو قرآن کریم کی حفاظت، اشاعت اور اس کے پیغام کی دنیا بھر میں اشاعت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ نمائش میں آنے والے افراد نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف سوالات کیے جن کے جواب خاکسار(مبلغ سلسلہ) اور نیشنل سیکرٹری اشاعت مکرم علی ایشو صاحب نے دیے۔

خواتین کی خصوصی نمائش اور ورکشاپس: خواتین کے لیے لجنہ ہال میں مختلف سٹالز لگائے گئے جہاں جماعت احمدیہ میں خواتین کی مختلف شعبہ جات میں خدمات اور سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا گیا۔ قیام امن، بین المذاہب مکالمے، معاشرتی ہم آہنگی، انسانیت کی خدمت اور شہری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالے سے خواتین کی کاوشوں کو اُجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر ’اسلام میں عورت کا مقام‘ کے موضوع پر ایک خصوصی نمائش بھی پیش کی گئی۔ مزید برآں ’حجاب کا تجربہ‘ کے عنوان سے ایک ورکشاپ اور خطاطی کا سٹال بھی لگایا گیا۔

تاثراتی دیوار: پروگرام کے اختتام پر زائرین کے لیے ایک تاثراتی دیوار بھی بنائی گئی جس پر متعدد مہمانوں نے اپنے تاثرات قلم بند کیے۔

اس موقع کی ایک خاص بات یہ تھی کہ سینٹ پری کے میئر جناب Daniel Kayal اور میونسپل کونسلر جناب Jean-Marie Hervé تشریف لانے والے ابتدائی مہمانوں میں شامل تھے۔ انہوں نے پروگرام کے مختلف حصوں کو سراہا۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ فرانس کو مزید ترقیات سے نوازے اور اس قسم کی تبلیغی مساعی کو بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ایکواڈور کی طرف سے بین الاقوامی کتاب میلے میں نمائش کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button