مدرسۃ الحفظ(للاطفال) ایلارو، نائیجیریا کی ۱۵ویں اور مدرسۃ الحفظ (للبنات)كی ۱۰ویں گریجوایشن تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مدرسۃ الحفظ ایلارو نائیجیریا (للاطفال) کی ۱۵؍ویں اور (للبنات) کی ۱۰؍ویں تقریب تکمیل حفظ مورخہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس بابرکت موقع پر ۳۰؍طلبہ و طالبات کو سندات دی گئیں جنہوں نے قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی تھی۔ ان میں ۱۸؍طلبہ اور ۱۲؍طالبات شامل تھیں۔ تقریب میں جماعتی عہدیداران، والدین، اساتذہ، عزیز و اقارب اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی اور فارغ التحصیل حفاظ و حافظات کو مبارک باد پیش کی۔
مدرسۃالحفظ طلبہ کی تقریب: تقریب کی صدارت مکرم امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا الحاج بیرسٹر عبدالعزیز الاتوئے صاحب نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم مولوی حافظ عبدالغنی شوبامبی صاحب نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں سال بھر کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔

امیر صاحب نے اپنی تقریر میں فارغ التحصیل طلبہ کو قرآن کریم حفظ کرنے پر مبارک باد دی اور اس امر پر زور دیا کہ حفظ قرآن کے لیے نظم و ضبط، عزم اور مسلسل محنت درکار ہوتی ہے۔ آپ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ قرآن کریم سے اپنا تعلق ہمیشہ مضبوط رکھیں، اس کے معانی کو سمجھیں اور اس کی تعلیمات پر عملی زندگی میں عمل کریں۔ نیز اپنے اندر تکبر پیدا نہ ہونے دیں۔
فارغ التحصیل طلبہ نے تلاوت قرآن کریم اور دیگر پروگراموں کے ذریعے اپنی علمی استعداد کا مظاہرہ کیا۔ قائم مقام مبلغ انچارج مکرم رانا محمد اکرم صاحب اور دیگر مہمانان نے بھی حفاظ کو مبارک باد دی اور قرآن کریم کی تعلیمات کو اپنے کردار کا حصہ بنانے کی اہمیت بیان کی۔ بعد ازاں فارغ التحصیل اور دیگر مستحق طلبہ میں ان کی محنت اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اسناد، انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

مدرسۃ الحفظ طالبات کی تقریب: تقریب کی صدارت صدر لجنہ اماءاللہ نائیجیریا مکرمہ حاجیہ سویبت اودیئمی صاحبہ نے کی۔ شعبۂ حفظ طالبات کی کوآرڈینیٹر مکرمہ حاجیہ نعیمہ بابالولا صاحبہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ادارے کی ترقی میں معاون والدین، اساتذہ اور دیگر افراد کی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں ’’قرآن کریم حفظ کرنے سے اس پر عمل کرنے تک: عبادالرحمٰن کی صفات‘‘ کے عنوان سے مکرمہ حاجیہ رشیدہ راجی اوکوبینا صاحبہ نے تقریر کی۔
امسال ۱۲؍طالبات کے تکمیل حفظ کے ساتھ مدرسۃالحفظ ایلارو کے شعبۂ طالبات سے تیار ہونے والی حافظات کی تعداد ۱۴۹؍ہو گئی ہے جبکہ شعبۂ طلبہ سے ۴۱۵؍حفاظ قرآن کریم حفظ مکمل کر چکے ہیں۔ اس طرح دونوں شعبوں سے فارغ التحصیل حفاظ و حافظات کی مجموعی تعداد ۵۶۴؍ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
نائیجیریا میں مئی ۲۰۲۶ء تک مدرسۃ تحفیظ القرآن ایلارو اور دیگر احمدیوں کے زیر انتظام بعض نجی اداروں کے ذریعے مجموعی طور پر ۷۲۸ حفاظ و حافظات تیار ہو چکے تھے۔ اس کے بعد مزید ۱۰۲؍حفاظ و حافظات نے تکمیل حفظ کی سعادت حاصل کی چنانچہ اب مجموعی تعداد ۸۳۰؍ہو گئی ہے۔
طالبات کی تقریب میں بھی فارغ التحصیل ہونے والی اور چند دیگر طالبات میں ان کی محنت اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اسناد، انعامات اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ اور آخر میں صدر لجنہ اماءاللہ نائیجیریا نے دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ تمام حفاظ و حافظات کو قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے، انہیں اپنی زندگیوں میں اپنانے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ برکینافاسوکے اٹھارھویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۶ءکا کامیاب انعقاد




