الفضل ڈائجسٹ
اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم و دلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کیے جاتے ہیں۔
آنحضورﷺکا ایتاءِ ذی القربیٰ اور صلہ رحمی
آنحضورﷺ کی زندگی میں آپؐ کے اپنے رضاعی رشتوں، خادموں، ازواج و اولاد، ربائب اور دورونزدیک کے تمام رشتہ داروں پر لطف و عنایات کے بےشمار واقعات ملتے ہیں۔ آپؐ نے رشتہ داروں سے حُسنِ سلوک اور خدا کی خاطر مستحق عزیزوں پر خرچ کرنے کو ایک اعلیٰ نیکی اور خدا کے حضور دہرے اجر کا مستحق قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے ایک مضمون ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ کے ’’سیرت خیرالوریٰؐ نمبر‘‘ برائے نومبرو دسمبر ۲۰۱۲ء میں مکرم لقمان احمد کشور صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
کئی احادیث میں والدین سے حُسنِ سلوک کو خداتعالیٰ کے حضور خاص قبولیت کا شرف پانے والی نیکیوں میں سے قرار دیا گیا ہے۔ ماں کو صلہ رحمی کا سب سے زیادہ مستحق قرار دیا خواہ وہ مسلمان نہ بھی ہو۔ پھر باپ سے حُسنِ سلوک کو مغفرت کا ذریعہ بیان فرمایا۔ خالہ کو تو والدہ جیسے حقوق کا مستحق ٹھہرادیا۔ فرمایا: والدین کی وفات کے بعد اُن کے لیے دعائے مغفرت کرنا، اُن کے دوستوں سے بھی حُسنِ سلوک کرنا اور اُن کے واسطہ سے رشتوں کو جوڑے رکھنا۔
آنحضورﷺ کی رضاعی والدہ حضرت حلیمہؓ جب آپؐ کے پاس آتیں تو آپؐ اُن کی بہت تعظیم کرتے، کھڑے ہوکر اُن کا استقبال فرماتے اور اپنی چادر اُن کے بیٹھنے کے لیے بچھادیتے۔ اُن کو اناج وغیرہ دے کر رخصت فرماتے۔
ایک بار آپؐ کے رضاعی والد حارث بن عبدالعزیٰ ، رضاعی والدہ حضرت حلیمہؓ اور رضاعی بھائی آئے تو آپؐ نے اپنی چادر بچھاکر اُن تینوں کو بٹھادیا اور خود کھڑے ہوگئے۔
ایک بار جب حضرت حلیمہؓ تشریف لائیں تو آپؐ ’’میری ماں‘‘ کہتے ہوئے اُن سے لپٹ گئے۔
حضرت اُمّ سلمہؓ کے پوچھنے پر ایک بار رسول کریم ﷺ نے اُنہیں فرمایا کہ اگر وہ ابوسلمہؓ کی اولاد پر کچھ خرچ کریں گی تو اس کا اجر انہیں ملے گا۔
حضرت ابوطالب کی بیوی حضرت فاطمہ بنت اسد بن ہاشم نے اسلام قبول کرلیا تھا۔ انہوں نے بچپن میں آپؐ کی پرورش بھی فرمائی تھی۔ آپؐ فرمایا کرتے تھے کہ ابوطالب کے بعد مَیں اس نیک سیرت خاتون کا ممنون احسان ہوں۔ اُن کی وفات پر آپؐ نے اُن کے کفن کے لیے اپنی قمیص عطا فرمائی۔
اُمّ ایمنؓ کا اصل نام برکہ تھا۔ یہ آپؐ کی خاندانی لونڈی تھیں اور ترکہ میں آپؐ کو ملی تھیں۔ انہوں نے بطور آیا بھی آپؐ کی خدمت کی۔ آپؐ اُنہیں بھی ’’اے ماں‘‘ کہہ کر پکارتے، ہمیشہ حُسنِ سلوک فرماتے اور مال عطا فرماتے۔
حضرت فاطمہؓ سے آپؐ کو بہت محبت تھی۔ وہ آتیں تو آپؐ اُن کا ماتھا چومتے اور اپنے بیٹھنے کی جگہ پر بٹھاتے۔ فرمایا کرتے تھے کہ جس نے اس کو ناراض کیا اس نے گویا مجھے ناراض کیا۔ اُن کو بہشتی عورتوں کی سردار بھی قرار دیا۔
حضرت زینبؓ کی بیٹی امامہؓ سے بھی آنحضور ﷺ کو بےحد محبت تھی۔ کئی بار نماز پر تشریف لاتے تو وہ ساتھ ہوتیں اور نماز کےدوران بھی آپؐ اُن کو اٹھائے ہوئے ہوتے۔
حضرت زینبؓ کے خاوند ابوالعاص بن الربیع جنگ بدر میں قید ہوکر آئے تو اُن کے فدیہ کے لیے حضرت زینبؓ نے اپنا وہ ہار بھجوادیا جو اُن کی والدہ حضرت خدیجہؓ نے اُنہیں دیا تھا۔ آنحضورﷺ نے جب وہ ہار دیکھا تو آپؐ پر شدید رقّت طاری ہوگئی اور آپؐ نے صحابہؓ سے فرمایا کہ اگر تم چاہو تو بیٹی کو ماں کی یادگار واپس کردوں؟ یوں ابوالعاص کو بغیر فدیہ کے رہا کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے مکہ جاکر حضرت زینبؓ کو مدینہ بھجوادیا۔ اسی طرح ایک موقع پر ابوالعاص حضرت زینبؓ کی پناہ میں آگئے تو رسول کریمﷺ نے بھی اُن کو پناہ دے دی۔ آنحضورﷺ نے فرمایا کہ مَیں نے اپنے دامادوں کے لیے اور جن کا مَیں داماد ہوں اُن کے لیے اللہ سے دعا کی ہے کہ ان میں سے کسی کو آگ میں داخل نہ کرے۔
حضرت رقیہؓ کی وفات کے بعد ایک دفعہ آنحضورﷺ نے حضرت عثمانؓ کو روتے دیکھا تو فرمایا کہ مت رو، تُو تو مجھے اتنا پیارا ہے کہ اگر میری سو بیٹیاں ہوتیں اور ایک تجھ سے بیاہنے کے بعد فوت ہوجاتی تو دوسری بیٹی تجھے دے دیتا اور اگر وہ فوت ہوجاتی تو تیسری بیٹی تجھے دے دیتا یہاں تک کہ میرے گھر میں ان میں سے ایک بیٹی بھی نہ رہتی۔
حضرت جعفر بن ابی طالبؓ (جنہوں نے ہجرت حبشہ کے دوران نجاشی کے دربار میں شاندار تقریر کی تھی) جب حبشہ سے واپس آئے تو آنحضورﷺ نے اُن کو گلے لگاکر اُن کی پیشانی چوم کر اُن کا استقبال فرمایا۔
غزوۂ موتہ میں جب حضرت جعفرؓ اور حضرت زیدؓ کی شہادت کی اطلاع ملی تو آنحضورﷺ دونوں کے گھروں میں تشریف لے گئے، اُن کو تسلّی دی اور دعا بھی کی، بچوں کو پیار کیا اور پھر اُن کی اولاد سے ہمیشہ محبت کا سلوک فرمایا۔
ازواج مطہرات سے بھی آنحضورﷺ کو بہت محبت تھی۔ ہمیشہ اُن کی جائز ضروریات کا خیال فرماتے۔ فرمایا: جو دینار خدا کی راہ میں اپنے اہل پر خرچ ہو وہ دوسرے بعض کاموں میں خرچ کیے گئے دینار کی نسبت زیادہ اجر کا مستحق ہے۔
اپنے گھروں میں حضورؐ ازواج کا ہاتھ بٹاتے اور اپنے کام خود ہی کرلیا کرتے۔ آپؐ روزانہ تمام ازواج کے ہاں تشریف لے جاکر احوال دریافت فرماتے اور پھر جس کے ہاں قیام کی باری ہوتی وہاں قیام فرماتے۔
حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعد آنحضور ﷺ کا معمول تھا کہ جب بھی گھر میں جانور ذبح ہوتا تو اُن کی سہیلیوں کو بھی گوشت بھجواتے تھے۔ حضرت عائشہؓ کی سہیلیوں کو خود بلاکر کھیلنے کے لیے اُن کے پاس بھیجتے۔ اگر کبھی حضرت ابوبکرؓ اپنی بیٹی پر ناراض ہوتے تو آپؐ درمیان میں آکر ناراضگی ختم کرواتے۔ ایک عید کے دن حضرت عائشہؓ کو اپنے پیچھے کھڑا کرکے حبشیوں کے جنگی کرتب دکھاتے رہے۔ آپؐ تب تک وہاں کھڑے رہے جب تک وہ تھک نہیں گئیں اور انہوں نے خود اس کا اظہار نہیں کردیا۔ آپؐ کبھی کبھی حضرت عائشہؓ کے ساتھ دوڑنے کا مقابلہ بھی کیا کرتے تھے۔
آنحضور ﷺ نے اپنی اولاد سے محبت کے باوجود دین کے معاملے میں ہمیشہ تقویٰ کا راستہ اپنائے رکھا۔ چنانچہ جب ایک کم سِن لاڈلے نواسے نے صدقے کی کھجوروں میں سے ایک کھجور اپنے منہ میں ڈال لی تو آپؐ نے فوراً نکلوادی اور فرمایا کہ یہ غریبوں کا حق ہے۔
………٭………٭………٭………
مکرم احمد سعید اختر صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ ۶؍جون ۲۰۱۴ء میں مکرمہ عطیہ انور صاحبہ اپنے شوہر محترم احمد سعید اختر صاحب کا ذکرخیر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں کہ آپ محترم ماسٹر فضل الرحمٰن بسمل صاحب سابق امیر جماعت بھیرہ کے ہاں بھیرہ میں پیدا ہوئے۔ آپ ایک صابر و شاکر اور متوکّل انسان تھے۔ اپنی ضرورتوں کو پسِ پشت ڈال کر اپنے والدین اور بہن بھائیوں کی خدمت کو ترجیح دیتے۔ واپڈا اور ایریگیشن کے شعبوں میں ملازم رہے لیکن جہاں بھی رہے جماعتی خدمات کی توفیق پاتے رہے۔ ہر جگہ نماز سینٹر میں جاکر نمازوں کی ادائیگی کی کوشش کرتے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد واپڈاٹاؤن لاہور میں مستقل سکونت اختیار کرلی اور یہاں صلوٰۃ سینٹر قائم کرنے کی خدمت بھی سرانجام دی۔ لمبا عرصہ امام الصلوٰۃ بھی رہے۔ بچوں کی تربیت کا بہت خیال رہتا۔ اپنے چھ سالہ اور گیارہ سالہ نواسوں کو بھی اپنے ہمراہ مسجد لے کر جاتے۔ آخری بیماری کے دوران اپنے پوتوں کو گھر پر نماز باجماعت پڑھاتے رہے۔
آپ لمبا عرصہ مقامی جماعت میں سیکرٹری وصایا بھی رہے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس نے نظام وصیت میں شمولیت کی خصوصی تحریک فرمائی تو آپ نے غیرمعمولی کوشش کی اور اپنے حلقے کے اکثر احمدی مردوخواتین کو نظام میں شامل کروایا اور آپ کی تحریک پر بہت سے دوستوں نے چندہ دینے میں باقاعدگی اختیار کی اور اللہ تعالیٰ کے فضلوں کا مشاہدہ کیا۔
۲۸؍مئی۲۰۱۰ء کی دہشت گردی کے دوران آپ بھی مسجد بیت النور لاہور میں موجود تھے۔ اللہ تعالیٰ نے حفاظت فرمائی لیکن اس واقعہ کا آپ کی طبیعت پر گہرا اثر تھا۔ بعد میں اکثر کہا کرتے کہ شہادت اللہ کا بہت بڑا انعام ہے لیکن میری ایسی قسمت کہاں! اپنے حلقے کے شہداء کے اہل و عیال کا بہت خیال رکھتے تھے اور اُن کے لیے ہمیشہ دعاگو رہتے۔
جب صبح دفتر جانے کے لیے تیار ہورہے ہوتے تو خلیفہ وقت کی آڈیو سنتے رہتے۔ ہر پریشانی کے وقت خلیفہ وقت کی خدمت میں خط لکھتے اور پھر اُس پریشانی کو بھول کر اپنے معمول کے کام میں مصروف ہوجاتے۔
………………………………………………………
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ ۲۲؍دسمبر۲۰۱۴ء میں مکرم ایم اے لطیف شاہد صاحب کے قلم سے اُن کے چھوٹے بھائی مکرم احمد سعید اختر صاحب کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے جو ۲۸؍اکتوبر۲۰۱۳ء کو راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں وفات پاگئے اور بوجہ موصی ہونے کے بہشتی مقبرہ ربوہ میں سپردخاک ہوئے۔ بوقت وفات اپنے بیٹے میجر احمد نعیم اختر کے ہاں مقیم تھے۔ مرحوم اپنے نام کی صحیح تصویر تھے۔ بہت ہی سادہ طبیعت کے مالک، خوش باش اور سعید فطرت انسان تھے۔ ایک سال سے زیادہ عرصے سے بیمار تھے۔ بہت ہی شدید کمزوری کے باوجود خوش مزاجی میں کمی نہیں آئی۔
ہم پانچ بھائیوں میں وہ عمر کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر تھے۔ لیکن سب سے پہلے وہ برسرروزگار ہوگئے اور انہوں نے والدین کی بہت خدمت کی۔ آپ پیشے کے لحاظ سے انجینئر تھے۔ والد صاحب مرحوم نے بھیرہ میں ایک مکان خریدا تو مرحوم نے گھر کو پینٹ کرنے اور پورے گھر کی بجلی کی وائرنگ بغیر کسی کی مدد کے خود ہی کی۔ والدین کا کہا ہوا کام فوراً کرتے تھے۔ بلکہ ہمسایوں کے کام بھی کردیا کرتے تھے۔
راولپنڈی پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ سے ڈپلومہ لینے کے بعد واپڈا میں ملازم ہوگئے اور ملازمت کے دوران مختلف مقامات پر مقیم رہے۔ پوسٹنگ زیادہ تر ملتان کے علاقہ میں رہی۔ سدھنائی بیراج (عبدالحکیم) اور مظفر گڑھ میں صدر جماعت بھی رہے لیکن ہر جگہ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ زیادہ عرصہ سیکرٹری مال رہے اور جماعت کی ڈیوٹی کو بہت ہی ذمہ داری سے ادا کرتے رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور آگئے اور واپڈا ٹاؤن میں اپنا مکان بنایا۔ ۲۰۱۰ء کے سانحہ لاہور کے وقت وہ مسجد بیت النور ماڈل ٹاؤن میں تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنی خاص حفاظت میں رکھا۔
خاکسار جب پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم اے شماریات کررہا تھا اور میرے چھوٹے بھائی مکرم محمود مجیب اصغر صاحب انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور میں زیرتعلیم تھے تو مرحوم واپڈا میں ملازمت کررہے تھے۔ ابھی غیرشادی شدہ تھے اور ہمارے اخراجات پورے کرنے میں ہمارے والدین کی بہت مدد کرتے رہے۔
اللہ تعالیٰ نے مرحوم کو دو بیٹے اور دو بیٹیاں عطا فرمائیں۔
………٭………٭………٭………
احمدی اولمپیئن کے لیے تمغۂ امتیاز
پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن جناب وسیم احمد صاحب ابن مکرم نوراحمد صاحب آف وہاڑی کو حکومت پاکستان کی جانب سے مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۱۴ء کو اعلیٰ سول ایوارڈ تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔ ۳۷؍سالہ اولمپیئن نے اپنے سترہ سالہ انٹرنیشنل ہاکی کیریئر میں ۴۱۰؍بین الاقوامی میچز کھیلے۔ انہوں نے تین مرتبہ اولمپکس، بارہ مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی، چار مرتبہ ورلڈکپ اور چار مرتبہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کی سرکردگی میں قومی ہاکی ٹیم نے ایک مرتبہ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ بھی حاصل کیا۔ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے کُل چالیس گول سکور کیے۔
یہ خبر روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ ۱۹؍اپریل ۲۰۱۴ء میں مکرم سیّد شاہد احمد شاہ صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
………٭………٭………٭………
مزید پڑھیں: گریٹر بلیو سٹارلنگ: ایک خوب صورت اور ذہین پرندہ




