اداریہ

اداریہ: مِرا نام پوچھو تو مَیں احمدی ہوں

Identity Crisis میں مبتلا دنیا میں ایک احمدی کا لائحہ علم ۔نجات

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما ابھی کم عمر تھے۔ ایک روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری پر آپؐ کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: يَا غُلَامُ إِنِّي أُعَلِّمُكَ كَلِمَاتٍیعنی اے لڑکے! میں تمہیں چند باتیں سکھاتا ہوں۔ پھر فرمایا: اِحْفَظِ اللّٰهَ يَحْفَظْكَ، اِحْفَظِ اللّٰهَ تَجِدْهُ تُجَاهَكَ (جامع ترمذی، حدیث ۲۵۱۶) یعنی تم اللہ کو یاد رکھو، اللہ تمہاری حفاظت کرے گا، تم اللہ کو یاد رکھو، اسے اپنے سامنے پاؤ گے۔ پھر سمجھایا کہ جب مانگنا ہو تو اللہ سے مانگو اور جب مدد چاہو تو اسی سے مدد چاہو۔ غور کیجیے! اللہ کے رسول نے ایک نوخیز ذہن کو زندگی گزارنے کا جو سبق دیا وہ نہ دولت کمانے کی تلقین تھی، نہ شہرت حاصل کرنے کی خواہش اور نہ کسی بڑے منصب تک پہنچنے کی لگن بلکہ اسے اُس کے خالق سے متعارف کروایا گیا تاکہ زندگی میں آگے چل کر اسے جس راستے کا بھی انتخاب کرنا پڑے، اس کے سامنے اصل منزل بالکل واضح ہو۔

ہم ایک ایسے دَور سے گزر رہے ہیں جس میں انسانی ترقی نے حیرت انگیز منازل طے کرلی ہیں۔ علوم و معلومات کے خزانے سمٹ کر ہماری ہتھیلی میں آگئے ہیں۔ دنیا کے کسی کونے میں ہونے والا واقعہ چند لمحوں میں ہمارے سامنے ہوتا ہے۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے جغرافیائی فاصلے مٹا دیے ہیں اور انسان کے لیے نت نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔ لیکن ان تمام ترقیات اور سہولتوں کے باوجود ایک سوال ایسا ہے جس کا جواب آج بھی بہت سے لوگوں کے پاس واضح نہیں: مَیں کون ہوں، میری زندگی کا مقصد کیا ہے اور مجھے بالآخر جانا کہاں ہے؟

آج کسی بچے یا نوجوان سے پوچھا جائے کہ وہ بڑا ہوکر کیا بننا چاہتا ہے تو ڈاکٹر، انجینئر، کاروباریا کسی اَور پیشے کا نام فوراً سامنے آجاتا ہے۔ بعض نوجوان دولت، شہرت اور آسائشوں کو اپنی منزل قرار دیتے ہیں۔ لیکن جب یہی سوال زندگی کے اصل مقصد، اخلاقی اقدار اور اپنے خالق کے ساتھ تعلق کے حوالے سے کیا جائے تو بہت سوں کے لیے جواب دینا آسان نہیں رہتا۔ یہ کیفیت صرف نوجوانوں تک محدود نہیں بلکہ عمر کے مختلف مراحل میں انسان اپنی شناخت اور زندگی کے مقصد کے متعلق اسی قسم کی بے یقینی کا شکار ہوسکتا ہے۔ ماہرِنفسیات ایرک ایرکسن نے انسانی شخصیت کی نشوونما کے مختلف مراحل بیان کرتے ہوئے ’شناخت‘ یعنی identity کے مسئلے کو خاص اہمیت دی ہے۔ ان کے نزدیک نوجوانی وہ دَور ہے جب انسان اپنے بارے میں ایک واضح تصور قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ اس کی اقدار کیا ہیں، معاشرے میں اس کا مقام کیا ہے اور اسے زندگی کس مقصد کے تحت گزارنی چاہیے۔ اس تلاش میں پیدا ہونے والی الجھن کو انہوں نے ’شناخت کا بحران‘ یعنی Identity Crisis کا نام دیا۔ (Erik H. Erikson, Identity: Youth and Crisis) ماضی میں بچے کی شخصیت اور شناخت کی تشکیل میں والدین، خاندان، اساتذہ، محلے اور مذہبی ماحول نمایاں کردار ادا کرتے تھے۔ آج بھی ان کی اہمیت اپنی جگہ مسلّم ہے لیکن اب تربیت کے اس دائرے میں ایک ایسی دنیا شامل ہوگئی ہے جس کی جغرافیائی حد نہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں متفرق خبروں اور متنوع نظریات کی بھرمار ہے۔ ایک نوجوان کسی پس ماندہ ملک کے دُور دراز علاقے میں اپنے گھر میں بیٹھے بیٹھے اپنے آباؤ اجداد سے بالکل مختلف مذاہب، نظریات اور لائف اسٹائلز سے متاثر ہوسکتا ہے۔ وہ ہزاروں میل دُور بسنے والی کسی بھی مشہور شخصیت کو اپنا آئیڈیل بناسکتا اور کسی بھی آن لائن کمیونٹی سے اپنی وابستگی قائم کرسکتا ہے۔ یوں بعض اوقات اس کی اپنی اصل پہچان کئی پرتوں میں چھپ جاتی ہے۔ وہ دوسروں جیسا بننے کی کوشش میں خود اپنے آپ سے دُور ہونے لگتا ہے۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ محض جدید ترقیات ہی اس مسئلے کی بنیادی وجہ ہیں۔ دراصل مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انسان کے پاس معلومات تو بہت ہوں مگر انہیں پرکھنے کا کوئی واضح معیار نہ ہو۔ جب زندگی میں آپشنز تو بے شمار ہوں مگر فیصلے کے لیے کوئی مضبوط اصول موجود نہ ہو۔ ایسا انسان بظاہر ہر طرح باخبر ہونے کے باوجود اپنے مقصدِحیات سے بے خبر رہ جاتا ہے۔

قرآن کریم اس سوال کا جواب نہایت واضح الفاظ میں دیتا ہے: وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُوْنِ(الذاریات:۵۷) یعنی میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔ گویا انسان کی اصل شناخت اس کے خالق کے ساتھ تعلق سے شروع ہوتی ہے۔ اس کے بعد اس کی قومیت، زبان، پیشہ، تعلیم اور دوسری تمام نسبتیں اپنی اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہیں، لیکن زندگی کا بنیادی مقصد ان سب سے بلند ہے۔ اسی حقیقت کی ایک نہایت خوبصورت اور جامع تصویر آج سے ایک سو ایک سال قبل، ۹؍ مئی ۱۹۲۵ء کے روزنامہ الفضل میں شائع ہونے والی حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کی نظم ’’احمدی کی تعریف‘‘ میں نظر آتی ہے۔ آپ نے گویا ایک احمدی مسلمان کی پوری زندگی کا خلاصہ چند مصرعوں میں بیان کردیا ہے:

ہوں اللہ کا بندہ

محمدؐ کی اُمَّت

ہے احمدؑ سے بیعت

خلیفہ سے طاعت

مِرا نام پوچھو

تو مَیں احمدی ہوں

ان مصرعوں میں محض ایک مذہبی وابستگی کا اظہار نہیں بلکہ زندگی کی چار بنیادی حقیقتیں بیان ہوئی ہیں۔ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی بندگی، پھر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی کامل پیروی، اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کے ذریعے تجدیدِ ایمان اور آخر پر خلافت کی اطاعت کے ذریعے اس روحانی نظام سے وابستگی جو انسان کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔ لیکن کیا صرف احمدی کہلانا اس شناخت کے تقاضے پورے کردیتا ہے؟ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس بارے میں نہایت واضح تنبیہ فرمائی ہے کہ ’’تم نِرے اس بیعت پر ہی بھروسہ نہ کرنا اس کی حقیقت تک جب تک نہ پہنچو گے تب تک نجات نہیں۔‘‘ (ملفوظات، جلد چہارم، صفحات ۲۳۲ تا ۲۳۳، ایڈیشن ۱۹۸۵ء)

یہ ارشاد ہمیں باور کراتا ہے کہ مذہبی شناخت محض وراثت میں ملنے والا نام نہیں بلکہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے ہر کسی نے اپنے علم، ایمان اور عمل سے زندہ رکھنا ہے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے بھی نئی نسل کی تربیت میں اسی بنیادی حقیقت کو پیش نظر رکھا۔ چنانچہ ۱۱؍ اگست ۱۹۵۵ء کو نوجوانانِ احمدیت کو خصوصی توجہ دلاتے ہوئے آپؓ نے تقویٰ اور عبادت پر زور دیا اور اس قدر عبادت کرنے کی تحریک فرمائی کہ ان پر آسمان کے دروازے کھل جائیں اور وہ خدا تعالیٰ کے قرب اور اس کی تائید کے مظاہر دیکھنے والے ہوں۔ (بحوالہ الفضل، ۱۷ نومبر ۱۹۵۵ء؛ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی تحریکات، باب تعلق باللہ اور عبادات) اس نصیحت میں ہمارے لیے ایک گہرا پیغام پوشیدہ ہے۔ دنیا میں ترقی کرنا، علم حاصل کرنا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا یقیناً ضروری ہے، لیکن ایک احمدی نوجوان کی زندگی کی اصل کامیابی اس امر میں ہے جب ان تمام کوششوں کے ساتھ اس کا خدا تعالیٰ سے زندہ تعلق بھی قائم ہو۔ یہی تعلق اسے حالات کے بدلتے ہوئے دھارے میں اپنی منزل سے لاپروا نہیں برتنے دیتا۔

اسی طرح حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے خلافت کی اطاعت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’نصرت ہمیشہ اطاعت سے ملتی ہے۔‘‘ (الفضل،۴ستمبر۱۹۳۷ء) یہ مختصر سا ارشاد اس حقیقت کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ جماعت احمدیہ کی اجتماعی شناخت کا ایک بنیادی پہلو خلافت سے وابستگی ہے۔ دنیا میں نظریات بدلتے رہتے ہیں، معاشرتی رجحانات آتے اور گزر جاتے ہیں، لیکن خلافت کے ساتھ وابستگی ایک احمدی کو ایسے روحانی نظام سے جوڑے رکھتی ہے جو اسے خدا تعالیٰ، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کی طرف مسلسل متوجہ رکھتا ہے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بھی ۲؍ نومبر ۲۰۱۸ء کے خطبہ جمعہ میں حقیقی احمدی بننے کی شرائط بیان کرتے ہوئے اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ بیعت اور اطاعت کا عہد محض الفاظ تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور خلیفۂ وقت کی جماعتی ہدایات پر عمل کرنا بھی اس عہد کا تقاضا ہے۔ اسی طرح ۲۴؍ مئی ۲۰۱۹ء کے خطبہ جمعہ میں حضور انور نے افرادِ جماعت کو اپنی عبادتوں، سنتِ نبویؐ کی پیروی اور اطاعت کے معیار کا خود جائزہ لینے کی تلقین فرمائی۔ ان ارشادات کی روشنی میں دیکھا جائے تو احمدی ہونے کی شناخت محض لفّاظی نہیں بلکہ ایک مسلسل محاسبۂ نفس کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں اپنے جائزے لینے ہوں گے کہ ہماری عبادات کا کیا حال ہے؟ ہمارے معاملات میں سچائی اور دیانت کس حد تک پائی جاتی ہے؟ ہم اپنے گھروں میں، اپنے معاشرے میں اور انسانیت کی خدمت کے میدان میں کس حد تک ان تعلیمات کی عملی تصویر پیش کررہے ہیں جن سے وابستگی کا ہم دعویٰ کرتے ہیں؟ یہی وجہ ہے کہ حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ نے اپنی نظم کے اگلے بند میں ایک احمدی ذمہ داریاں بھی بیان کردیں:

خدا کی عِبادت

رسولوں کی نُصرت

قیامِ شریعت

ہُدیٰ کی اِشاعت

مِرا کام پوچھو

تو مَیں احمدی ہوں

گویا پہلے بند میں احمدی کی پہچان بیان ہوئی تھی اور دوسرے میں اس پہچان پر پورا اترنے کے لیے عملی تقاضے۔ گویا ایک احمدی کی شناخت صرف اس بات سے نہیں ہوتی کہ وہ کس جماعت سے تعلق رکھتا ہے بلکہ اس سے بھی ہوتی ہے کہ اس کی عبادت، اس کا اخلاق، اس کی دیانت، اس کا حسنِ سلوک اور اس کی خدمتِ انسانیت کس معیار کی ہے۔

اس پس منظر میں آج ہمارے لیے، بالخصوص نئی نسل کے لیے، یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم اپنی شناخت کو محض ایک خاندانی یا معاشرتی نسبت سمجھنے کے بجائے سمجھتے بوجھتے ہوئے شعوری طور پر اختیار کریں۔ ہمارے بچوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اللہ کے بندے کیوں ہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی ان کے لیے کیوں ضروری ہے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا حقیقی مفہوم کیا ہے اور خلافت سے وابستگی ان کی زندگی میں کیا اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کو سننا، انہیں تحقیق کی طرف راغب کرنا، قرآن کریم اور دینی تعلیمات سے روشناس کروانا اور اپنے عملی نمونے سے ان کی رہنمائی کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اگرچہ بچے میں شناخت کی بنیاد بچپن ہی سے رکھی جانی چاہیے لیکن نوجوانی میں اسے علم، غوروفکر اور ذاتی تجربے کے ذریعے پختہ کرنا ضروری ہے۔ والدین کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ محض یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ ہم احمدی ہیں اور ہمارے بچے بھی احمدی ہیں۔ اصل ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری نئی نسل اس نسبت کی حقیقت کو سمجھے اور شعوری طور پر اسے اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔

یاد رہے کہ کسی انسان کی دینی شناخت نہ دنیاوی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ ہے اور نہ سائنسی ترقی سے متصادم۔ بلکہ یہ انسان کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ اپنے اصولوں اور مقصدِ حیات پر کاربند رہتے ہوئے دنیا کی ترقیات سے بھی فائدہ اٹھائے۔

مضبوط دینی شناخت رکھنے والے انسان کو زندگی میں کبھی پریشانی، الجھن یا آزمائش کا سامنا ہو یا اُس نے کوئی اہم فیصلہ کرنا ہو تو اس کے پاس ان حالات میں رہنمائی حاصل کرنے اور فیصلہ کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل اور اصول موجود ہوتا ہے۔ وہ کسی بھی تذبذب میں مبتلا نہیں ہوتا۔ آج جبکہ دنیا ہر روز انسان کو کوئی نئی شناخت اختیار کرنے، کسی نئے رجحان کے پیچھے چلنے اور کامیابی کا کوئی نیا معیار اپنانے کی دعوت دے رہی ہے، ہمیں خود سے یہ سوال ضرور کرنا چاہیے کہ کہیں ہم دنیا کے حصول کی کوشش میں اپنی اصل پہچان، اپنی حقیقی identity تو نہیں کھو رہے؟ اور کیا ہم نے اپنی نئی نسل کو صرف دنیا میں کامیاب ہونے کے طریقے سکھائے ہیں یا اسے یہ بھی بتایا ہے کہ کامیابی کا حقیقی مفہوم کیا ہے؟ حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ نے ایک صدی قبل جس اعتماد سے کہا تھا کہ ’’مِرا نام پوچھو تو مَیں احمدی ہوں‘‘، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس اعتماد کو اپنے ایمان، کردار اور عمل میں بھی پیدا کریں۔ کیونکہ اصل شناخت وہ نہیں جو صرف ہمارے نام کے ساتھ لکھی ہو، بلکہ وہ ہے جو ہمارے ذہنوں میں راسخ اور ہمارے فیصلوں اور اعمال سے ظاہر ہو۔ آج کے اس پُرآشوب اور تیزی سے بدلتے ہوئے دور میں اپنی نئی نسل کو دینے کے لیے شاید سب سے قیمتی تحفہ یہی ہے کہ ہم اسے صرف یہ نہ بتائیں کہ وہ دنیا میں کیا بن سکتی ہے، بلکہ یہ بھی سمجھائیں کہ وہ کون ہے، کس مقصد کے لیے پیدا ہوئی ہے اور اس کی زندگی کی اصل منزل کیا ہے۔

ہیں اَثمارِ ایماں

نَجات اور عِرفاں

مَقاماتِ مَرداں

مُلاقاتِ یَزداں

جو قَسّام پوچھو

تو مَیں احمدی ہوں

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: محمدؐ ہی نام اور محمدؐ ہی کام عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامُ

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button