حضرت مسیح موعودؑ کے کارنامے(قسط دوم)
(خطبہ جمعہ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ (فرمودہ ۲؍ اکتوبر ۱۹۲۵ء)
حضرت مصلح موعودؓ کے بیان فرمودہ اس خطبہ جمعہ میں حضورؓ نے حضرت مسیح موعودؑ کے کارناموں کے مضمون پر روشنی ڈالی۔ قارئین کے استفادے کے لیے یہ خطبہ شائع کیا جاتا ہے۔(ادارہ)
یہ ایمان کہ خدا ہے یہ کافی نہیں۔ یہ ایمان بالغیب ہے جو کامل نہیں ہوتا۔ ایمان بالمشاہدہ ہونا چاہیے اور ایمان بالمشاہدہ صرف اسی صورت میں پیدا ہوتا ہے کہ ایک انسان اس حد تک گداز ہو کہ آخر خدا اس کے آئینہ قلب پر اپنا پر تو ڈالے اور صاف طور پر اسے نظر آجائے
[گذشتہ سے پیوستہ]صوفیاء نے تو توحید کو آئینہ کی طرح دکھایا گو آئینہ میں خدا کی شکل دکھا دی لیکن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اس سے بھی آگے بڑھایا۔ اور فرمایا کہ
تو خدا کو خود دیکھ۔ ذرائع میں نہ دیکھ۔ وسائط سے نہ دیکھ۔ بلکہ تو اپنے آپ کو گداز کر کے اس کو دیکھ۔ تو اس کے جلال کو اس طرح دیکھ کہ جس طرح کوئی چیز بغیر کسی پردہ یا روک کے سامنے کھڑی ہو اور تیری یہ حالت ہو کہ دنیا کی ہر ایک چیز بلکہ اپنے وجود کو بھی کالعدم سمجھ لے۔ یہ اصل توحید ہے۔ جس سے روحانی زندگی حاصل ہوتی ہے اور جس کے لیے توحید کا مسئلہ ہے۔
جب ہم یہ کہتے ہیں کہ فلاں دوائی میں یہ اثر ہے کہ وہ مرض کو دور کرتی اور مریض کو شفا دیتی ہے تو اس سے وہ غرض توحید کی پوری نہیں ہوتی۔ جو یہ یقین کرنے سے ہوتی ہے کہ دوائی میں یہ اثر اپنے آپ نہیں آگیا بلکہ کسی ایسی ہستی نے رکھا ہے جو اگر چاہے تو اب بھی اس سے واپس لے سکتی ہے۔ تو اس طرح صرف خیال کر لینا کہ خدا ہے۔ اور ایک ہے کوئی اس کی ذات صفات اور قدرت میں شریک نہیں۔ یہ کافی نہیں یہ خیال تو عیسائیوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ یہودیوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ ہندوؤں میں بھی پایا جاتا ہے۔
پس
یہ ایمان کہ خدا ہے یہ کافی نہیں۔ یہ ایمان بالغیب ہے جو کامل نہیں ہوتا۔ ایمان بالمشاہدہ ہونا چاہیے اور ایمان بالمشاہدہ صرف اسی صورت میں پیدا ہوتا ہے کہ ایک انسان اس حد تک گداز ہو کہ آخر خدا اس کے آئینہ قلب پر اپنا پر تو ڈالے اور صاف طور پر اسے نظر آجائے۔
یہی وہ مقام ہے جس پر خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو سرخ چھینٹوں والی رؤیا دکھائی۔ اس پر نادان مولویوں نے اعتراض کئے ہیں اور اپنی لاعلمی سے کہا ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اس کو صحیح تسلیم کر لیا جائے مگر
وہ نہیں جانتے اس مقام پر جو شخص پہنچ جاتا ہے اور خدا کی محبت میں اس حد تک محو ہو جاتا ہے کہ نہ صرف یہ یقین کرتا ہے کہ خدا ہے۔ نہ صرف اسی پر اکتفا کرتا ہے کہ اس یقین کے ماتحت اس بات کو مانے کہ خدا ہی سب کچھ کرتا ہے بلکہ وہ ذریعوں سے دیکھنے کے بعد آگے قدم بڑھا کر بغیر ذریعوں کے اسے دیکھتا ہے اور ایسا گداز ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ کئی طور پر اپنے آپ کو اس پر ظاہر کرتا ہے۔
ہر رنگ چند کیمیاوی چیزوں سے بنتا ہے اور وہ چیزیں آگے کئی چیزوں سے بنتی ہیں۔ گیسیں ہیں۔ روشنیاں ہیں اور کئی چیزیں ہوتی ہیں۔ جن سے رنگ بنتا ہے۔ روشنی کی کرنوں کا اس سے تعلق ہوتا ہے اور سورج کا بھی۔ ان کے علاوہ ملا ئکہ ہیں۔ پھر خدا کا حکم ہوتا ہے۔ غرض بیسیوں ، سینکڑوں چیزیں ہوتی ہیں۔ جن سے رنگ تیار ہوتا ہے اور سینکڑوں ہی اجزاء ہوتے ہیں۔ جن سے یہ ترکیب پاتا ہے۔ پھر سینکڑوں ہی وسائل ہوتے ہیں جن سے یہ اس طرح ظاہر ہوتا ہے لیکن خدا تعالیٰ نے اپنے مسبب الاسباب ہونے کا مشاہدہ کرانے کے لیے اس رنگ میں ظاہر کیا کہ عالم رؤیا میں قلم چھڑکا۔ جس سے سرخی مادی چیز کی طرح کپڑوں پر آپڑی۔ اب کہاں گئیں وہ گیسیں اور شعاعیں اور کہاں گئے وہ ہزاروں سامان جن کا ہم کو علم بھی نہیں کہ وہ کتنے ہیں، کیسے ہیں اور کیونکر ہیں۔ خدا نے بغیر ان سامانوں کے یہ رنگ پیدا کر دیا اور بغیر ذرائع کے بالمشافہ اس کو چھڑکا۔ جس کا کپڑوں پر بھی داغ رہ گیا۔ یہ ہے وہ توحید جو کامل ہے اور اسی کے حصول کے لیے کہا گیا ہے۔ اس کے معنی یہی ہیں کہ
انسان ایسا گداز ہو کہ خدا تک پہنچنے کے لئے تمام سامان بیچ سے اڑ جائیں اور وہ بغیر کسی ذریعہ کے خدا کو دیکھ لے اور اس کی صفات پورے طور پر اس پر جلوہ گر ہوں۔
اسی لیے توحید پر اس قدر زور دیا گیا ہے۔ کیونکہ اگر اس کا یہ فائدہ نہ ہوتا تو اس کا مان لینا ایسا ہی تھا۔ جیسا ہمالیہ پہاڑ کا مان لینا یا زمین کا گول ماننا۔ کیونکہ جن لوگوں نے ہمالیہ پہاڑ کو نہیں دیکھا اور جنہیں پتہ نہیں کہ زمین گول ہے وہ بھی یہ مانتے ہیں۔
پس
توحید کا مسئلہ انسان کو پاک کر کے خدا کا قرب دلانے کے لیے ہے جو شخص توحید کا قائل نہیں اور کامل توحید پر عامل نہیں۔ وہ قرب الہٰی نہیں حاصل کر سکتا۔ کیونکہ جو خدا سے دور ہو وہ اس مقام پر پہنچ نہیں سکتا جو انسان کی پیدائش کا اصل مدعا ہے۔ اسی لیے توحید پر ایمان لانے سے ایک شخص جنت میں اور نہ لانے سے دوزخ میں جاتا ہے۔
یہ وہ توحید اور تعلیم توحید ہے۔ جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے پیش کی۔
پچھلے صوفیاء نے بھی توحید پیش کی ہے۔ سید عبد القادر جیلانیؒ نے فتوح الغیب میں اور ان سے دوسرے درجہ پر محی الدین ابن عربیؒ نے اس کے قریب قریب مفہوم پیش کیا مگر وہ اس حد تک نہیں پہنچ سکے۔ لیکن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے چند سطروں میں اس ساری حقیقت کو بیان کر دیا کہ
کوئی شخص محض خیال پر ایمان نہ رکھے بلکہ رؤیت پر رکھے تب جا کر توحید مکمل ہوتی ہے اور ایک آدمی پورا موحد کہلا سکتا ہے۔
سید عبد القادر جیلانیؒ اور محی الدین ابن عربیؒ نے جو کچھ بیان کیا۔ وہ بھی عجیب کیفیت رکھتا ہے مگر ابن عربیؒ تو وحدت وجود کی طرف نکل گئے اور سید عبدالقادرؒ اپنے حال بیان کرنے میں لگے رہے۔ کہ میں نے یہ دیکھا اور مجھے یہ نظر آیا۔ لیکن حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اور آگے بڑھ کر فرمایا۔ توحید صرف حال نہیں بلکہ مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔ انسان محض خیال پر نہ ایمان رکھے بلکہ رؤیت اور مشاہدہ پر رکھے۔ تب وہ توحید ہو سکتی ہے جو اصل مقصد ہے۔
شائد کوئی کہے کہ تم اپنے قول سے آپ پکڑے گئے۔ اگر عبد القادر جیلانیؒ اور محی الدین ابن عربیؒ نے بھی توحید کے متعلق وہ بات بیان کی جو حضرت مرزا صاحب نے بیان کی اور خدا سے علم حاصل کرکے کی تو پھر حضرت مرزا صاحب میں ان سے بڑھ کر کونسی بات ہے۔ لیکن ہم نے کب کہا ہے کہ ان کا علم خدا سے حاصل کردہ نہ تھا۔ بے شک ان کا علم خدا سے ہی حاصل کیا ہوا تھا لیکن نور نبوت نہ ہونے کی وجہ سے ان کا علم کامل نہ تھا۔ اس لیے ابن عربیؒ تو وحدت وجود کی طرف نکل گئے اور سید عبد القادر حال کی کیفیات بیان کرنے تک محدود ہوگئے۔ اس سے آگے ایک قدم بھی نہ اٹھا سکے اور ہرگز اصول بتانے کی طرف نہ آئے۔ جن سے دوسرے لوگ بھی فائدہ اٹھا سکتے۔ لیکن حضرت مسیح موعودؑ نے اصول بیان کئے اور
آپؑ میں اور ان میں یہی تو فرق ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ نے آکر توحید کے اصول اور مقاصد بیان فرمائے
مگر ان لوگوں نے ایسا نہ کیا۔ پس ان میں فرق حال اور اصول کا ہے اور یہ اتنا بڑا فرق ہے کہ اس کے ہوتے ہوئے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوة والسلام نے مبعوث ہو کر توحید کو اس سے زیادہ پیش نہیں کیا۔ جتنا کہ سید عبد القادر جیلانیؒ اور محی الدین ابن عربیؒ نے کیا۔ رہے مولوی۔ وہ تو ایسا کر ہی نہیں سکے۔ باوجود اس کے کہ آج سے ۶۰۰ سال پہلے بھی مولوی موجود تھے۔ پھر ان میں نیک بھی تھے۔ پرہیزگار بھی تھے مگر چونکہ ان کے علم کسبی تھے۔ اس لیے وہ توحید کو اس رنگ میں نہ پیش کر سکتے تھے۔ اور نہ انہوں نے کیا۔ البتہ صوفیاء نے اسے کیا ہے مگر وہ بطور اصول کے نہیں۔ اب اگر کوئی اس کے بعد کہے کہ فلاں نے توحید کو پیش کیا یا فلاں نے اسے اس طور پر بیان کیا۔ یا اصول ہی بتائے تو اول تو یہ نا ممکن ہے۔ لیکن اگر مان بھی لیا جائے تو پھر بھی وہ حضرت مسیح موعودؑ کے برابر نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ صرف ایک صداقت کو پانے والا ہو گا نہ کہ اصل کو پیش کرنے والا۔
مثلاً نیوٹن نے تھیوری نکالی کہ زمین میں کشش ہے اور وہ ہر ایک شے کو اپنی طرف کھنچتی ہے۔ اسے یہ بات اس طرح معلوم ہوئی کہ ایک دفعہ وہ باغ میں بیٹھا ہوا تھا کہ سیب گرا اور وہ زمین پر آ پڑا۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک اور سیب گرا وہ بھی زمین پر آپڑا۔ اس پر اس کی توجہ اس طرح پھری کہ کیا وجہ ہے کہ یہ سیب زمین پر ہی گرتے ہیں۔ کیوں نہیں اوپر چلے جاتے یا کیوں نہیں دائیں یا بائیں پڑتے۔ اس طرف توجہ ہونے کے بعد اس نے اس پر مزید غور کیا۔ اور آخر اس نتیجہ پر پہنچا۔ یہ زمین ہی میں کوئی ایسی خاصیت ہے کہ وہ اشیاء کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ اس سے اس نے کشش ثقل کی تھیوری قائم کی اور اب بعض سائنس دان کہتے ہیں کہ ساری سائنس کی بنیاد اسی پر ہے۔ مگر خیر اب اگر کوئی شخص سیب کو گرتا دیکھ کر یہ کہے کہ زمین پر آپڑا کیونکہ بھاری چیز ہمیشہ زمین پر گرتی ہے۔ تو اس کے متعلق یہ نہیں کہا جائے گا کہ اس نے زمین پر گرنے کی وجہ معلوم کرلی بلکہ یہ کہا جائے گا کہ اسے یہ معلوم ہو گیا کہ ہر وزن دار شے زمین پر گرتی ہے۔ کیونکہ وہ صرف حال بیان کرتا ہے۔ یہ اصل کہ کیوں گرتی ہے۔ اسے نیوٹن نے ہی دریافت کیا تھا اور اسی نے اس ’’اصل‘‘ کو بیان کیا۔ اس کے بعد اب جو شخص بھی کسی وزن دار شئے کو زمین پر گرتے دیکھ کر یہ کہے گا کہ ہر بھاری شے زمین پر گرتی ہے۔ وہ حال بتانے والا ہو گا۔ اور نیوٹن کی طرح اصل کو معلوم کرنے والا نہ ہو گا۔
سید عبدالقادر جیلانیؒ نے اپنے آپ کو اپنے حال کی کیفیات بیان کرنے تک رکھا۔ کیونکہ وہ مامور نہیں تھے۔ مجدّد تھے اور مجدّدیت کے مقام پر کھڑے تھے۔ اس لئے انہوں نے اپنے اندر کی کیفیت بیان کر دی کہ یہ کچھ میرے اندر گزر رہا ہے اور میں نے یہ کچھ دیکھا ہے۔ وہ مجدّد تھے۔ مخاطبہ مکالمہ الٰہیہ سے مشرف تھے اور اپنے زمانہ میں لوگوں کے لیے رحمت تھے۔ مگر توحید کو اصولی طور پر بیان کرنا ان کے لئے نہ تھا۔ بلکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لئے رکھا گیا تھا۔ جو مامور کر کے بھیجے گئے۔ اس لیے آپؑ سے پہلے لوگ ایسا نہ کر سکتے تھے کہ توحید کے اصول بھی بیان کرتے۔ توحید کا حال اور خاص کر وہ حال جو ان کے ساتھ گزر رہا تھا۔ وہی بیان کر سکتے تھے۔ اور یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ہی کام تھا۔ کہ توحید کا اصل اور اس کے اصول اور اس کی غرض بیان فرماتے۔ پس یہ فرق ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور گزشتہ صوفیاء حضرت سید عبدالقادر جیلانیؒ وغیرہ کے درمیان توحید بیان کرنے کے متعلق ہے۔
(جاری ہے)
مزید پڑھیں: حضرت مسیح موعودؑ کے کارنامے(قسط اول)




