متفرق مضامین

ماں: قربانی کی لازوال کہانی

(رانا منیب احمد خاں۔لندن)

جب یہ تمام سائنسی حقائق سامنے آتے ہیں تو یہ سمجھنا مشکل نہیں رہتا کہ نبی کریم ﷺ نے ماں کو تین مرتبہ کیوں مقدّم رکھا۔ سائنس اَب ماں کی قربانی کو ناپنے کی کوشش کر رہی ہے اور آج سائنس ثابت کرتی ہے کہ ماں کا دماغ بدل جاتا ہے، اس کی صحت متاثر ہوتی ہےاور اس کی زندگی کی ترجیحات ہمیشہ کے لیے تبدیل ہو جاتی ہیں، تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اسلام نے کبھی سائنس کا انتظار نہیں کیا۔ اس نےاِس انسانی حقیقت کو صدیوں پہلے پہچان لیاتھا

اس یورپی معاشرے میں عمر کے چند اہم سالوں کو محض وقت کا گزر نا نہیں بلکہ ایک سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔ چالیس برس کا ہونا یہاں خاص اہمیت رکھتا ہے، ایک ایسا لمحہ جس میں لوگ رک کر اپنی زندگی کو دیکھتے ہیں۔ جب میں خود اس عمر تک پہنچا توزندگی کی کامیابیوں اور ناکامیوں سے بےپرواہ، میرا تخیل مجھے میری ہستی کے آغاز اور کمزوری کے ابتدائی ایّام کی طرف لے گیا، جہاں میرے دل و دماغ میں صرف ایک ہی وجود سما گیا،اور وہ یقیناً ماں کی ہستی تھی۔ ایک عورت جس نے ایک بچے کو جنم دیا، اسے پالا، اس کی کمزوریوں کو اپنی ذمہ داری بنایا۔ اس موقع پرمیں نے اپنی ماں کے لیے چند الفاظ لکھنے کا سوچا، مگر دل نے کہا کہ یہ الفاظ صرف ایک ماں تک محدود نہیں رہنےچاہئیں بلکہ سب ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔کیونکہ ہر ماں کی جدوجہد ایک جیسی ہوتی ہے، جس میں خاموش قربانیاں، بے پناہ محبت اور اَن تھک محنت کی داستانیں شامل ہیں۔ یہی شعور اور احساس اس تحریر کا سبب بن گیا۔

ان خیالات کے دوران، جب میرا ذہن ماں کی قربانی اور عمر کے ان سنگِ میلوں پر الجھا ہوا تھا، اچانک میری توجہ نے پھر ایک نیا رخ اختیار کیا۔میرے ذہن میں وہ حدیث گونجنے لگی جس کو میں نےکئی بار سنا تھا، مگر شاید کبھی اس کی گہرائی میں اتر کر نہیں سوچا اوراسی لمحے اس حدیث کے الفاظ ایک نئے وزن کے ساتھ دل میں اترے۔

حضرت ابو ہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول ﷺ! لوگوں میں سے میرے حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس شخص نے پوچھا: پھر کون؟آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس شخص نے پھر پوچھا: پھر کون؟آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس شخص نے عرض کیا: پھر کون؟آپ ﷺ نے فرمایا: پھر تمہارا باپ۔(بخاری کتاب الادب باب من احق الناس بحسن الصحبۃ حدیث۵۹۷۱)

یہ الفاظ عرب کی جاہلانہ روایات کے اُس دَور میں کہے گئے، جب عورت کی نہ ہی اپنی کوئی شناخت تھی اور نہ ہی معاشرے میں کوئی وقعت حاصل تھی۔ ایک ایسا زمانہ جہاں عورت کو کم تر سمجھا جاتا تھا اور اس کی کسی قربانی کو کوئی وزن نہیں دیا جاتا تھا۔ ایسے ماحول میں ماں کو تین مرتبہ سب سے آگے رکھنا محض اخلاقی نصیحت نہیں تھی، بلکہ ایک انقلابی اعلان تھا۔ اس لمحے مجھے محسوس ہوا کہ یہ حدیث صرف رشتوں کی ترتیب نہیں، بلکہ یہ الفاظ سب ماؤں کے لیےایک خراج تحسین ہیں، جو اللہ کے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مربیانہ شان کو ظاہرکرتے ہیںاور بطور محسنِ انسانیت یہ عورتوں پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک بڑا احسان ہے۔

ہم نے اپنے ابتدائی دنوں میں اپنی ماں کی قربانیوں کو قریب سے نہیں دیکھا۔ دیکھ بھی کیسےسکتے تھے؟ کیونکہ ہم خود بچے اور ناسمجھ تھے۔ لیکن مجھ پرماں کی قربانیوں کی اہمیت تب وا ضح ہوئی جب میں نے اپنی بیوی کو ماں بنتے دیکھا۔ رات اور دن میں فرق کیے بغیر، تھکاوٹ کی وجہ سےہمت کے جواب دے جانے کے باوجود اور یہاں تک کہ راتوں میں اپنی بیماری کی پرواہ کیے بغیر بچے کو سنبھالنا اور اس کے آرام کو ترجیح دینا، اس کی بلاوجہ ضد، بدلتے موڈاور چیخوں پر بے چین ہوجانا۔ بچے کی بیماری میں راتوں کوجاگ کر اپنے آپ کو اس سے بھی زیادہ تکلیف میں ڈال لینا، اور پھر اگلے دن خود کو سنبھال کر کھڑےہونا۔یہ سب ایک آدھ مرتبہ نہیں بلکہ اکثر اس کا مشاہدہ کیا۔

اور پھر یہاں تک بس نہیں بلکہ کبھی بچے کا کوئی عمل اُسے دوسروں کے سامنے شرمندہ کر دیتا ہے، مگر وہ پھر بھی خاموش رہتی ہے۔ میں نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح آہستہ آہستہ اس کی اپنی دلچسپیاں بدل گئیں، اس کے شوق پیچھے رہ گئے، اس کی ترجیحات بدل گئیں۔ اور یہ سب کچھ کسی بھی اعلان یا شکوے شکایت کے بغیر برداشت کیا۔ ایسے مشاہدات آپ سب نے اپنے گھروں میں ضر ورکیے ہوں گے۔

پس ماں بننا کوئی وقتی کردار نہیں بلکہ ایک مستقل حالت ہے، ایک ایسا بوجھ جودکھائی تو نہیں دیتا مگر ایک ماں کی مامتا شاید اسی بوجھ تلے دب کر ہی اپنی ساری زندگی گزار دیتی ہے اور اسی دکھ اور تکلیف میں راحت پاتی ہے۔

قرآن کریم نے ماں کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: وَوَصَّیۡنَا الۡاِنۡسَانَ بِوَالِدَیۡہِ ۚ حَمَلَتۡہُ اُمُّہٗ وَہۡنًا عَلٰی وَہۡنٍ وَّفِصٰلُہٗ فِیۡ عَامَیۡنِ اَنِ اشۡکُرۡ لِیۡ وَلِوَالِدَیۡکَ ؕ اِلَیَّ الۡمَصِیۡرُ۔ (لقمان: ۱۵)اور ہم نے انسان کو اس کے والدین کے حق میں تاکیدی نصیحت کی۔ اُس کی ماں نے اُسے کمزوری پر کمزوری میں اٹھائے رکھا۔ اور اس کا دودھ چھڑانا دو سال میں (مکمل) ہوا۔ (اُسے ہم نے یہ تاکیدی نصیحت کی) کہ میرا شکر ادا کر اور اپنے والدین کا بھی۔ میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔

یعنی ماں نے انسان کو کمزوری پر کمزوری کی حالت میں اٹھائے رکھا اور برسوں تک اپنی ذات کو اس کی پرورش کے لیے وقف کیے رکھا۔ قرآن ایک ایسی مسلسل جسمانی اور ذہنی مشقت کی طرف اشارہ کرتا ہے جو وقتی نہیں بلکہ ماں کی پوری زندگی کا رخ بدل دیتی ہے۔جدید سائنس آج کھل کر اس حقیقت کو زبان دے رہی ہے جسے ماں صدیوں سے خاموشی کے ساتھ جیتی آ رہی ہے۔

آئیں کچھ سائنسی حوالےدیکھتے ہیں جو ماں کی ذہنی،جسمانی اورنفسیاتی صحت پر ہونے والے اثرات اور مجموعی زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں کوسامنےلے کر آتے ہیں۔

ہاورڈ میڈیکل سکول سے وابستہ نیورو سائنسدان Dr. Lisa Feldman Barrett اپنی معروف کتاب “Seven and a Half Lessons About the Brain”میں واضح کرتی ہیں کہ ماں بننے کے بعد عورت کے دماغ کی ساخت مستقل طور پر بدل جاتی ہے۔ خاص طور پر وہ حصے جو emotional regulation، fear response اور bonding (جذبات کو کنٹرول کرنا،کسی خوف پرردعمل کرنا اور جذباتی لگاؤ ) سے متعلق ہوتے ہیں، یہ حصےپہلے سے زیادہ حساس اور زیادہ فعال ہو جاتے ہیں۔ یہ تبدیلی وقتی نہیں ہوتی بلکہ تحقیق کے مطابق یہ اثرات برسوں اور بعض صورتوں میں پوری زندگی برقرار رہتے ہیں۔

اسی طرح ایک جریدہ Nature Neuroscience ۲۰۱۷ء میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق حمل اور زچگی کے دوران عورت کے دماغ میں grey matter کی مقدار کم ہوتی ہے(گرے میٹر یعنی دماغ کا وہ حصہ جو اعصابی خلیات (نیورونز) پر مشتمل ہوتا ہے اور سوچ، یادداشت اور فیصلے کرنے میں کردار ادا کرتا ہے)۔ ابتدا میں اسے نقصان سمجھا گیا، مگر بعد میں سائنسدانوں نے اسے ایک biological trade-off قرار دیا۔ یعنی عورت کا دماغ اپنی ساخت میں تبدیلی کر کے بچے کی ضروریات کو ترجیح دینا سیکھ لیتا ہے۔ سادہ الفاظ میں ماں بننے کا مطلب ہے خود کی ضروریات کو پیچھے رکھنا حتیٰ کہ حیاتیاتی سطح پر بھی۔

ذہنی صحت کے حوالے سے The Lancet Psychiatry اور عالمی ادارہ صحت (WHO) کی رپورٹس بتاتی ہیں کہ دنیا بھر میں تقریباً ۱۰ سے ۲۰؍فیصد خواتین بچے کی پیدائش کے بعد Postpartum Depression (یعنی زچگی کے بعد ماں میں پیدا ہونے والی شدید اداسی اور ذہنی دباؤ) کا شکار ہوتی ہیں۔جبکہ اس سے کہیں زیادہ مائیں ایسی ہیں جو مسلسل بے چینی، ذہنی دباؤ اور شدید تھکن کے باوجود تشخیص تک پہنچ ہی نہیں پاتیں۔ یہ وہ خاموش بوجھ ہے جسےہمارا معاشرہ اکثر نظر انداز کر دیتا ہے،اور ماں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ خاموش رہے، مضبوط رہے اور شکایت نہ کرے۔

جسمانی سطح پر بھی ماں بننے کی قیمت معمولی نہیں ہے۔ طبی جریدہ The Lancet اور British Medical Journal کے مطابق تقریباً ۳۰ سے ۴۰؍فیصد خواتین بچے کی پیدائش کے بعد طویل المدت جسمانی مسائل کا سامنا کرتی ہیں، جن میں chronic pain، pelvic floor disorders اور hormonal imbalance (یعنی دیرپا درد، پیلوِک فلور کے مسائل اور ہارمونز میں عدم توازن) شامل ہیں۔ مگر ہمارے معاشروں میں ان اثرات کو اکثر قدرتی کہہ کر معمول بنا دیا جاتا ہے، جیسے عورت کا جسم خود بخود اس سب کو برداشت کرنےکے لیے تیار ہو۔

جب یہ تمام سائنسی حقائق سامنے آتے ہیں تو یہ سمجھنا مشکل نہیں رہتا کہ نبی کریم ﷺ نے ماں کو تین مرتبہ کیوں مقدّم رکھا۔ آج سائنس ثابت کرتی ہے کہ ماں کا دماغ بدل جاتا ہے، اس کی صحت متاثر ہوتی ہےاور اس کی زندگی کی ترجیحات ہمیشہ کے لیے تبدیل ہو جاتی ہیں، تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اسلام نے کبھی سائنس کا انتظار نہیں کیا۔ اس نےاِس انسانی حقیقت کو صدیوں پہلے پہچان لیاتھا۔

دنیا میں آج بھی سب سے زیادہ نظر انداز ہونے والا کردار ماں کا ہی ہے۔ماں کی نیندقربان کرنا، اس کی ذہنی تھکن اور اس کی خاموش جدوجہد کو اکثر قابلِ ذکر ہی نہیں سمجھا جاتا لیکن نبی کریم ﷺ نے صدیوں پہلے ماں کو وہ مقام دیا جو اس کا حق تھا۔

شاید یہی وہ نکتہ ہے جو بظاہر خاکسارکی تحریر کو اختتام کی طرف لے جاتا نظر آتا ہے مگر درحقیقت ہر بیٹے اور بیٹی کو اپنی ماں سے اس حسنِ سلوک کی طرف ببانگ دہل بلاتا ہے جس کی طرف قرآن کریم نے پوری انسانیت کو پندرہ صدیاں قبل بلایا تھا۔ کیونکہ ہمارا خالق اور مالک ماں کی ان قربانیوں اور تکالیف کے بوجھ سے خوب واقف تھا جن کو اٹھا کر ماں اس مقام پر پہنچتی ہے کہ اس کے قدموں میں جنت، اس کی گود کو پہلی درس گاہ اور انسان کے حسنِ سلوک کے لیے کُل کائنات میں پہلے تین درجے اسلام نے عطا کیے ہیں۔رَبِّ ارۡحَمۡہُمَا کَمَا رَبَّیٰنِیۡ صَغِیۡرًا۔(بنی اسرائیل:۲۵)اے میرے ربّ! ان دونوں (والدین)پر رحم کر جس طرح ان دونوں نے بچپن میں میری تربیت کی۔آمین

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: افریقہ میں احمدیت کا چڑھتا ہوا سورج

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button