خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمدایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۵؍جنوری ۲۰۲۴ء میں وقفِ جدید کے چھیاسٹھ ویں سال کے اختتام پر گذشتہ سال کے کوائف بیان فرمائے نیز وقف جدید کے سڑسٹھ ویں سال کے آغاز کا اعلان فرمایا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ عالمگیر نے دوران سال ایک کروڑ انتیس لاکھ اکتالیس ہزار پاؤنڈ کی مالی قربانی پیش کی جوگذشتہ سال سے سات لاکھ اٹھارہ ہزار پاؤنڈ زیادہ ہے۔شاملین کی کُل تعداد پندرہ لاکھ پچاس ہزار ہے۔امسال اس تعداد میں چوالیس ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
برطانیہ امسال پھر دنیا کے تمام ممالک میں وصولی کے لحاظ سے سر فہرست رہا جبکہ کینیڈا نمبر دو اور جرمنی نمبر تین ہے۔(تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو صفحہ اوّل )
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمدایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۵؍جنوری ۲۰۲۴ء کے آخر پر ایک مرتبہ پھر مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعا کی مکرر تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ فلسطین کے لیے تو مَیں دعا کی تحریک کرتا ہی رہتا ہوں۔ اب بھی ان کو یاد رکھیں۔ اپنے اپنے حلقۂ احباب میں ان کے حق میں آواز بھی اٹھاتے رہیں۔ لوگوں کو بتاتے بھی رہیں، خاص طور پر سیاستدانوں کو، پہلے بھی میں نے کہا تھا۔
اسرائیل کی حکومت تو اپنے ظلموں سے باز آنے والی نہیں لگتی بلکہ اب تو انہوں نے فوجیوں کو پیغام دیا ہے کہ ۲۰۲۴ء کا سال بھی جنگ کا سال ہے۔ اللہ تعالیٰ فلسطینیوں پر رحم فرمائے۔(تفصیل کے لیے دیکھیں صفحہ نمبر تین)
٭… سخت سردی کے باوجود امریکہ کے شہر نیویارک میں غزہ کی حمایت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔عرب میڈیا کے مطابق مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
٭… بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے جاری پولنگ کے دوران چٹاگانگ میں پولیس اور اپوزیشن ارکان کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد بنگلہ دیش میں پولنگ جاری ہے، اپوزیشن کارکنان نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شاٹ گن سے فائرنگ بھی کی ہے۔