جرمنی کے شہر ہیمبرگ کی ایک سیاسی پارٹی کے نائب صدر اور پولیس سربراہ کا مسجد بیت الرشید ہمبرگ کا دورہ
مکرم محمد اجمل عارف صاحب لوکل امیر جماعت احمدیہ ہمبرگ، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۸؍نومبر ۲۰۲۵ء کو جرمنی کے شہر ہیمبرگ کی سیاسی پارٹی CDUکے نائب صدرجناب ڈی فریز نے مسجد بیت الرشید ہمبرگ کا دورہ کیا۔ مسجد کی زیارت کے ساتھ ساتھ موصوف سے جرمنی میں اسلام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا جس میں معاشرتی انضمام، باہمی ہم آہنگی، نوجوانوں کی تربیت، نیز حالیہ پابندیوں اور درپیش بڑھتی ہوئی مشکلات کے تناظر میں جماعت احمدیہ مسلمہ کی کوششوں کا ذکر شامل تھا۔

مکرم حسیب احمد گھمن صاحب مبلغ سلسلہ نے نظامِ خلافت اور اس کی برکات کے حوالے سے سیرحاصل گفتگو کی۔ اسی طرح لوکل سیکرٹری صاحب امور خارجیہ نے احمدی پناہ گزینوں کے معاملات اور اس سے متعلق موجودہ صورتِ حال پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں مکرم داؤد عطاء صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ ہمبرگ نے ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے Disaster Relief پروگرام متعارف کروایا جو ملکی سطح پر آفات سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔ اسے خصوصی دلچسپی کے ساتھ سراہا گیا۔

اسی طرح مورخہ ۳؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو ہمبرگ کی پولیس کے سربراہ جناب Falk Schnabel نے مسجد بیت الرشید کا دورہ کیا۔ مسجد کے تعارف اور دورے کے بعد اسلام اور اس کے مختلف پہلوؤں پر ایک مفصّل اور بامقصد تبادلۂ خیال ہوا۔
جناب Schnabel نے اسلام احمدیت کی نہایت بلند پایہ تعلیمات اور اس کے نقطۂ نظر پر اپنے گہرے احترام کا اظہار کیا جو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں عملی صورت اختیار کر رہی ہیں اور جس کے نتیجے میں معاشرے میں پائیدار امن قائم ہو رہا ہے۔
اس سے قبل موصوف جب کولون کی پولیس کے چیف تھے تو انہوں نے جماعت احمدیہ کی معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے انجام دی جانے والی سرگرمیوں کو بھی نہایت قدر کی نگاہ سے یاد کیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کا پیغام تمام انسانیت تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برازیل کے ایک اہم شہر Foz do Iguaçu میں تبلیغی سرگرمیاں




