آئیوری کوسٹ کے قصبہ سوکومیں ہیومینٹی فرسٹ کا فری میڈیکل کیمپ اور خون کا عطیہ
مکرم شاہد احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو قصبہ سوکو، ریجن بندوکو میں ایک فری میڈیکل کیمپ اور عطیہ خون کے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کا مقصد مستحق اور نادار افراد کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور قومی بلڈ بینک کی معاونت کے لیے رضاکارانہ خون کا عطیہ جمع کرنا تھا۔ مفت میڈیکل کیمپ میں مختلف طبی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں عام معائنہ، صحت کی جانچ، طبی مشورے اور مفت ادویات کی تقسیم شامل تھیں۔ ڈاکٹرز، نرسز اور رضاکاروں پر مشتمل ایک مستعد ٹیم نے دن بھر بھرپور خدمات سرانجام دیں تاکہ ہر مریض کو مناسب توجہ اور علاج میسر آسکے۔ اس میڈیکل کیمپ کی رپورٹ آن لائن اخبارAIP نیز البیان چینل پر بھی نشر ہوئی۔

الحمدللہ، اس میڈیکل کیمپ سے ۲۱۵؍سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عطیہ خون کی مہم بھی منعقد کی گئی جس دوران رضاکاروں نے خوش دلی سے خون کا عطیہ دیا جس کے نتیجے میں ۳۳؍بوتلیں خون جمع کی گئیں۔ یہ عطیہ قومی بلڈ بینک کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا اور ہنگامی حالات میں مریضوں کی جانیں بچانے میں مدد بھی دے گا۔
اس پروگرام کو بندوکو کے نائب میئراوّل، ڈائریکٹر محکمہ صحت بندوکو اور دیگر مقامی حکام کی شرکت سے چار چاند لگ گئے۔ علاوہ ازیں میڈیا نمائندگان اور صحافیوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور تفصیلی رپورٹنگ کے ذریعے اس خدمتِ خلق کے اقدام کو اجاگر کیا۔ یہ پروگرام باہمی تعاون، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمتِ خلق کی عمدہ مثال تھا۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ نے آئندہ بھی کمزور اور مستحق طبقات کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




