یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ کی سالانہ امن کانفرنس ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سال کی طرح امسال بھی سکاٹ لینڈ ریجن کے زیراہتمام مورخہ ۲۸؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ ایڈنبرااکیڈمی میں امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

شہر کے قلب میں واقع یہ تاریخی اور یادگار عمارت عالمی عدم استحکام کے اس دور میں باہمی مکالمے کے لیے ایک مثبت پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ اس کانفرنس کے انتظامات کےليے دو ماہ قبل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے لیفلٹس تقسیم کرنے، معززین کو دعوت نامے بھجوانے، سوشل میڈیا مہم چلانے، کیٹرنگ اور ہال کی تیاری جیسے تمام انتظامات تندہی سے انجام دیے۔

پروگرام کا آغاز ایک استقبالیہ سے ہوا جہاں مہمانوں کی تواضع چائے، کافی اور ریفریشمنٹ سے کی گئی۔ نمائش میں مہمانوں نے احمدیہ لٹریچر، بینرز اور قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ یہ گوشہ علمی گفتگو کا مرکز بنا رہا جہاں معزز مہمانوں نے ریجنل امیر ڈاکٹر عبدالحئی صاحب، مبلغین سلسلہ مکرم داؤد احمد قریشی صاحب، مکرم فخر احمد آفتاب صاحب اور جماعت کے دیگر اراکین کے ساتھ مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تقریب میں کل ۲۰۰؍احباب نے شرکت کی جن میں ۱۱۵؍غیر مسلم سکاٹش مہمان شامل تھے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و انگریزی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد ریجنل امیر صاحب نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ جماعت احمدیہ عالمگیر کے تعارف پر مبنی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ اس شام مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے درج ذیل ممتاز مقررین نے امن کے لیے انصاف کے قیام کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا:

Hon. Arthur Scott, MP (Edinburgh SW)

نے مقامی اور عالمی عدم استحکام کو حل کرنے کے لیے سیاسی دیانت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

Hon. Susan Catherine Murray, MP Mid Dunbartonshireنے جماعت کے ماٹو ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ کی بھرپور ستائش کی اور جماعت کی جانب سے مقامی سطح پر کی جانے والی خدمت خلق، جیسے پارکوں کی صفائی اور فنڈ ریزنگ کے کاموں کو سراہا۔

Rev. Gareth Jones of Interfaith Scotland نے اس پیغام کو دہرایا کہ جہاں سے انصاف اٹھ جاتا ہے وہاں تباہی مقدر بن جاتی ہے۔

مکرم فرید احمد صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ جماعت احمدیہ یوکے نے اپنی تقریر میں خبردار کیا کہ اصل میں ’عالمی جنگ‘ کا آغاز ہو چکا ہے اور حقیقی امن کی خاطر عدل کے قیام کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

کانفرنس کے دوران Lord Provost of Edinburgh, Councillor Robert Aldridge، Chief Constable Jo Farrell of Police Scotland and Graeme Downie MPکے تہنیتی ویڈیو پیغامات سنوائے گئے۔

سوال و جواب کی نشست کے بعد کئی مہمانوں نے ویڈیو انٹرویوز میں اپنے تاثرات ریکارڈ کروائے اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر جماعت کی پوسٹس کو لائک اور شیئر کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد گروپ تصاویر بنائی گئیں اور مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button