اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ہائے ارتحال
٭…محمدسلطان ظفر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا سے تحریر کرتے ہیں کہ احمدیہ گزٹ کینیڈا (اردو) کے مدیر محترم سید ہدایت اللہ ہادی صاحب ۲۵؍اپریل ۲۰۲۶ء کو بعمر ۸۰؍سال وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم ایک نہایت مخلص، فدائی اور بزرگ خادم سلسلہ تھے۔ ۱۹۸۸ء سے احمدیہ گزٹ کینیڈا (اردو) کے مدیر کی حیثیت سے نمایاں خدمات سرانجام دیتے رہے۔ آپ عبادت گزار، تہجد کے پابند، تلاوت قرآن کریم کے شیدائی اور خلافت احمدیہ سے گہری وابستگی رکھنے والے تھے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو باقاعدگی سے خطوط لکھنا آپ کا معمول تھا۔ آپ کو چار خلفائے کرام کے بابرکت زمانہ میں زندگی گزارنے کی سعادت ملی۔
مرحوم نے کینیڈا، ربوہ اور قادیان کے جامعہ ہائے احمدیہ میں علمی و تحقیقی موضوعات پر لیکچرز دیے اور آپ کے مضامین مختلف جماعتی جرائد میں شائع ہوتے رہے۔ آپ قضاء بورڈ کینیڈا کے رکن بھی رہے اور جماعت احمدیہ کینیڈا کی تاریخ کی تدوین میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔ نہایت ہمدرد، غمخوار اور دعاگو طبیعت کے مالک تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بیت الاسلام مشن ہاؤس میں باقاعدگی سے رضاکارانہ خدمات بجا لاتے رہے۔
مرحوم کی نماز جنازہ ۲۶؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد بیت الاسلام، ٹورانٹو میں ادا کی گئی۔ احباب جماعت کی کثیر تعداد نماز جنازہ میں شامل ہوئی جبکہ ان کی تدفین ۲۸؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز منگل Maple Cemetery، میں ہوئی۔
٭…منیب احمد صاحب سابق اکاؤنٹنٹ و آفس انچارج مجلس نصرت جہاں حال مقیم ویٹ ہائم (Wertheim) جماعت اشافنبرگ (Aschaffenburg)، جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے سسر رفیق احمد صاحب آف راولپنڈی، پاکستان حال مقیم Wertheim، جرمنی مورخہ۲۷؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک بقضائے الٰہی ۶۶؍سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
نماز جنازہ ارسلان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے یکم اپریل ۲۰۲۶ء بروز بدھ صبح ۱۰؍بجے والڈفریڈہوف بیسٹن ہائڈ Wertheim قبرستان میں پڑھائی اور یہیں تدفین عمل میں آئی۔ آپ نے اپنی اہلیہ کے علاوہ ۵؍بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت اور رحمت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات بلند فرماتا چلا جائے، ان کی نیکیوں اور خدمات کو قبول فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭




