نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۵؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم ملک محمود احمدصاحب ابن مکرم عبد الجلیل عشرت صاحب مرحوم (جلنگھم۔ یوکے) اور مکرم اعجاز احمد بٹ صاحب ابن مکرم محمد اشرف بٹ صاحب (جلنگھم۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

۱۔مکرم ملک محمود احمدصاحب ابن مکرم عبد الجلیل عشرت صاحب مرحوم (جلنگھم۔یوکے)

۱۹؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ۸۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت شیخ فضل حق صاحب رضی اللہ عنہ رئیس بٹالہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے اور پاکستان کے مشہور صحافی مکرم عبدالمجید سالک صاحب کے بھتیجے تھے۔ مرحوم پیشے کے لحاظ سے انکم ٹیکس کے شعبہ سے منسلک تھے۔ آپ کو گوجرانوالہ میں قائد مجلس شہراور راولپنڈی اور سیالکوٹ میں قائد ضلع اور قائد علاقہ کے طورپر خدمت کی توفیق ملی۔ پاکستان میں جماعت کی انگریزی کتب کے ترجمہ کا کام کرنےکا بھی موقع ملا۔ ۱۶؍ سال تک مجلس شوریٰ پاکستان کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کے ممبر رہے۔ ۲۰۱۰ء میں یوکےآگئے اور یہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا انگریزی ترجمہ کرنے میں معاونت کے علاوہ انصار اللہ اور لوکل جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم نماز، روزہ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، راضی برضا رہنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلافت کے سچے عاشق تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم فاروق محمود صاحب AMJاورمجلس نصرت جہاں کے بورڈ ممبر کے علاوہ جلنگھم میں صدر جماعت کے طور پر اور دوسرے بیٹے مکرم بلا ل محمود صاحب صدر جماعت ڈنکاسٹر کے طور پر خدمت کی توفیق پار ہے ہیں۔

۲۔مکرم اعجاز احمد بٹ صاحب ابن مکرم محمد اشرف بٹ صاحب (جلنگھم۔یوکے)

۲۰؍اپریل ۲۰۲۶ءکو ۸۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت محمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ رئیس کڑیا نوالہ( گجرات )صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم نیروبی سے یوکے آئے اور جماعت برطانیہ کے ابتدائی ممبران میں شامل ہوئے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، بہت نیک اور خدمت گذار انسان تھے۔آپ نے لنگر خانہ میں ڈاکٹر ولی شاہ صاحب کے ساتھ مہمانوں کی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرمہ شرمین بٹ صاحبہ (انچارج پریس اینڈ میڈیا۔ لجنہ یوکے) کے نسبتی بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم عبد السلام انور صاحب (مبلغ سلسلہ) ابن مکرم غلام محمد راتھر صاحب (آف شورت ضلع کو لگام۔ صوبہ جموں و کشمیر)

3؍اپریل 2026ء کو 69 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ سن 1979ء میں جامعہ احمدیہ قادیان سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد 34 سال جموں و کشمیر اور انڈیا کی مختلف جماعتوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ صوبہ تلنگانہ اورصوبہ ہماچل میں ان کے ذریعہ نئی جماعتیں بھی قائم ہوئیں۔ مرحوم ایک نڈر داعی الی اللہ تھے۔ اپنے فرائضِ منصبی کو ہمیشہ امانت داری کے ساتھ نبھایا۔ احمدیت اور خلافت کے ساتھ والہانہ لگاؤ تھا۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، شریف النفس،منکسر المزاج، بڑے بہادر، مہمان نواز، دیانت دار، خوش مزاج اور اطاعت گزار خادم سلسلہ تھے۔آپ کی تلاوت کی آواز بڑی اچھی تھی۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرم چودھری بشیر احمد صاحب ابن مکرم چودھری نورمحمد صاحب (ملتان )

11؍مارچ 2026ء کو 90سال کی سال عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے دادا حضرت وزیر علی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ ہواجنہوں نے سن 1900ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت پائی۔ مرحوم کو لمبا عرصہ ملتان میں نائب امیر کے طور پر خدمت کی توفیق ملی اورسیکرٹری امور عامہ ضلع بھی رہے۔ اس سے قبل بہاولپور میں قائد ضلع اورامیر ضلع کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، غریب پرور، قربانی اور ایثار کےجذبہ سے سرشار، بڑے نیک، مخلص اور باوفاانسان تھے۔ خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ آپ نے ملتان میں مساجد کی تعمیر کے لئے مثالی قربانی پیش کی۔ گھر کے ملازمین کا بہت خیال رکھتے تھے اور ان کی شادیوں پر مالی معاونت بھی کیاکرتےتھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ نے دوشادیاں کیں۔ پہلی بیوی وفات پاچکی ہیں۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم ظفراللہ صاحب ابن مکرم میاں عطاء اللہ صاحب احمدی (پنشنر تشخیص جائیداد صدر انجمن احمدیہ۔ ربوہ )

5؍مارچ2026ء کو جرمنی میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں پہلے نظارت امور عامہ میں اور بعد میں لمبا عرصہ تک نظارت بہشتی مقبرہ کے شعبہ تشخیص جائیداد موصیان میں خدمت کی توفیق پائی۔ دفتری کاموں کے علاوہ اپنے محلہ دار الرحمت غربی میں سیکرٹری مال، صدر محلہ اور زعیم انصار اللہ کے طورپر بھی خدمت بجالاتے رہے۔ سالہا سال تک جلسہ پر لنگر خانہ میں بھی ڈیوٹیاں دیتے رہے۔ دفتر میں آنے والوں کے ساتھ بڑی خندہ پیشانی سے پیش آتے اور آپ کا حلقہ احباب بہت وسیع تھا۔ 2021ء میں اہلیہ کے ہمراہ اپنے بچوں کے پاس جر منی شفٹ ہو گئے تھے۔ مرحوم بڑے خوش اخلاق، ملنسار مہمان نواز شخصیت کے حامل، شفیق اور غریب پرور انسان تھے۔ خلافت سے گہری وفا اور عشق کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے سب بچے کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب( مربی سلسلہ گھانا )کے سسر تھے۔

۴۔مکرم حافظ لطف الرحمان صاحب ابن مکرم محمد الطاف خان صاحب(ربوہ )

7 اور 8؍مارچ 2026ء کی درمیانی رات کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کی زندگی مسجد، قرآن کریم اور تنظیمی کاموں میں گزری۔ ناروے میں جاب وغیرہ کے بعد فورا ًمسجد آجاتے اور زیادہ وقت مسجد میں ہی گزارتے۔ خلافت سے دلی محبت تھی۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ مکرم فضل الرحمٰن صاحب (مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے) کے بڑے بھائی تھے۔

۵۔مکرم قمر زمان صاحب ابن مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب (آف Riedstadt جرمنی )

8؍مارچ 2026ء کو 61سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ایک فعال احمدی تھے اور مختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کی بھی توفیق پائی۔ جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شامل ہوتے تھے۔ آپ کو جب بھی کوئی کام کہا جاتا تو فوراً خدمت کے لیے حاضر ہوجاتے۔ خلافت سے اطاعت اور وفاکا گہراتعلق تھا۔ بڑے خوش اخلاق اور دوسروں کی مدد کرنے والے ایک مخلص اور باوفاانسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

۶۔مکرم چودھری عبد المجید طاہر صاحب(جرمنی ) ابن مکرم چودھری اللہ بخش کاہلوں صاحب مرحوم المعروف زراعتی ماسٹر (ربوہ)

4؍مارچ 2026ء کو 79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایک نیک دل اور ہمدرد انسان تھے۔ علمی اور ادبی شخصیت کے مالک تھے۔ جماعتی کاموں میں جس حد تک ممکن ہوتا حصہ لیتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button