جماعتی عہدیداران اور کارکنان کو خدمت کی توفیق پر شکر اور دعا کی ہدایت
امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےخطبہ جمعہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۰۳ء میں فرمایا: ’’بعض چھوٹی چھوٹی بیماریاں جو ہیں ان کی اصلاح کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہنا چا ہئے۔ مثلاً کوئی جماعتی عہدیدار ہے، کارکن ہے یا کوئی شخص دنیاوی انتظامیہ میں ہے کہ عام روزمرہ کے تعلق اور واسطوں میں ہوتاہے کہ اگرکسی کو کوئی خدمت کرنے کا موقع مل جائے، کسی کام پر مقررکردیاجائے تو مقرر ہونے کے بعد اپنے سے پہلے عہدیدار یا کارکن کے متعلق نقائص نکالنے شروع کردے کہ دیکھو یہ کام مَیں نے کیسے اعلیٰ رنگ میں کرلیاہے جب کہ مجھ سے پہلے عہدیدار یا کارکن سے ہوہی نہیں سکا۔ یااس میں اتنی لیاقت ہی نہیں تھی کہ وہ کر سکتا۔ جب کہ صحیح طریق تو یہ ہے کہ اگر کام ہو گیاہے تو اللہ تعالیٰ سے مدد مانگے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے کہ اس نے مجھے یہ توفیق دی کہ یہ کام میرے ذریعہ سے ہو گیاہے۔ اور یہ دعا کرے کہ اے اللہ !اب اس وجہ سے میرے دل میں کوئی بڑائی نہ آنے دینا اور میری اصلاح کردینا۔‘‘
(مرسلہ: مبشر احمد ظفر۔ لندن)




