متفرق

ربوہ کا موسم( ۲۹؍مئی تا۴؍جون ۲۰۲۶ء)

۲۹؍مئی جمعۃ المبارک، عید الاضحی کے تیسرے دن بھی گرمی نے اپنا رنگ دکھائے رکھا۔ دوپہر کے وقت تیز رفتار لُو چلتی رہی، جو شام تک جاری رہی، شام کو اس کے درجہ حرارت میں کچھ کمی آگئی، جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ہفتہ کو صبح کے وقت ہلکی ہوا چل رہی تھی، صبح ۹؍ بجے کے قریب آسمان ہلکے بادلوں سے ڈھک گیا اور ہوا کی رفتار بھی تیز ہوگئی اور ساتھ ہی اس میں مٹی بھی شامل ہوگئی اور تیز آندھی کی شکل اختیار کرگئی، یہ آندھی تین چار گھنٹے تک جاری رہی، شام کے وقت اس میں سے مٹی ختم ہوگئی اور تیز ٹھنڈی صاف ستھری ہوا جاری رہی جو رات کو قدرے ہلکی ہوگئی اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ اتوار کی فجر سے ہی گذشتہ رات کی ٹھنڈی ہواکا موسم پر اثر تھا، یہ ہوا دن بھر چلتی رہی، اس کے ساتھ ساتھ آسمان پر بادلوں کی ہلکی تہ آگئی، جس کی وجہ سے دھوپ زیادہ نہ نکل سکی گرمی کی تمازت کم رہی اور سرد ہوا نے موسم کو ٹھنڈاکیے رکھا۔ سوموار کو معمول کے مطابق گرم دن تھا۔ جون کی روایتی گرمی پڑ رہی تھی۔ دوپہر کو لُو بھی جاری رہی۔

منگل کو صبح کے وقت ہلکی ہوا رواں دواں تھی جس سے موسم قدرے ٹھیک رہا۔ دوپہر کو لُو کی وجہ سے گرمی آ دھمکی۔ یوں لگتا تھا شام اور رات تک اسی طرح گرمی براجمان رہے گی، لیکن رات آٹھ بجے اچانک بادل آسمان پر چھا گئے اور گرج چمک شروع ہوئی ۔کچھ ہی دیر میں موسلا دھا ر بارش شروع ہوگئی اور تین چار گھنٹے تک جاری رہی۔ اس وجہ سے موسم خوشگوار بن گیا۔ بدھ کی نماز فجر کے وقت، گذشتہ رات کی بارش کا موسم پر اثر تھا، ہوا کے ساتھ یہ خوشگوار موسم دن بھر جاری رہا۔ جمعرات کو صبح کے وقت ہوا نے موسم خنک بنا دیا، جو سارا دن جاری رہی۔ شام کے وقت یہ ٹھنڈی ہوا تیز ہوگئی اور موسم مزید خنک ہوگیا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۶؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔

(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button