جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر کا ایک عیسائی وفد کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو مورخہ ۱۴؍مارچ ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ ماہ رمضان کے بابرکت ایام میں بین المذاہب اخوت کو فروغ دینے کا ایک عمدہ موقع ملا جب عیسائی تنظیم Taizé Community کے مشنری Brother Giom کی قیادت میں ایک وفد نے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ کا دورہ کیا۔

مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے اپنی ایک ٹیم کے ساتھ معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد تعارف پیش کیا گیا۔ افطار کے وقت مسنون دعا مع ترجمہ معزز مہمانوں کے سامنے دہرائی گئی اور وفد نے بھی افطار میں شرکت کی۔
نماز مغرب کے بعد ایک مختصر نشست منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے بائبل کے حوالہ جات کی روشنی میں آنحضرتﷺ کی صداقت، حضرت عیسیٰؑ کی دوبارہ آمد اور حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ پر مختصر سی تقریر کی۔ اس دوران معزز مہمانوں کی جانب سے جہاد کے موضوع پر سوالات بھی کیے گئے جن کے جواب قرآن کریم اور احادیث نبویہﷺ کی روشنی میں پیش کیے گئے۔ Brother Giom اور دیگر مہمانوں نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ اور اس بامقصد اور پُروقار تقریب کے انعقاد پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ آخر پر دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: داسا زومے، بینن کا ریجنل جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء




