جماعت احمدیہ کینیڈا کے زیر اہتمام بزرگ احباب کے لیے صحت سے متعلق ایک پروگرام کا انعقاد
مکرم غلام احمد عابد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیڈا کے شعبہ امور عامہ کو مجلس انصاراللہ کینیڈا اور لجنہ اماءاللہ کینیڈا کے تعاون سے ۱۹؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد بیت الاسلام کمپلیکس کے طاہر ہال میں ۶۵؍سال سے زائد عمر کے افراد جماعت کے لیے ’میٹ اینڈ گریٹ‘ کے عنوان سے مفید معلومات پر مشتمل ایک پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک ملاقات میں توجہ دلائی تھی کہ امور عامہ کا کام صرف تنازعات کا ازالہ نہیں بلکہ بڑی عمر کے افراد کو بہتر اور صحت مند زندگی کے لیے راہنمائی اور معاونت فراہم کرنا بھی ہے۔ چنانچہ آج کا پروگرام اسی ہدایت کی روشنی میں ترتیب دیا گیا ہے جس میں دو ڈاکٹرز اردو اور انگریزی میں اپنی پریزنٹیشنز پیش کریں گے۔
صحت مند طرز زندگی:اس کے بعد مکرم ڈاکٹر نعمان افتخار صاحب نے ’’صحت مند طرز زندگی‘‘ کے موضوع پر اپنی پریزنٹیشن میں متوازن غذا، مناسب ورزش، پوری نیند، تمباکو نوشی سے اجتناب، وزن، شوگر اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔ نیز حاضرین کو تاکید کی کہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے ڈاکٹر کے ذریعے خون کا معائنہ ضرور کروائیں۔
ذہنی صحت کے متعلق آگاہی:بعدازاں ڈاکٹر عثمان خان صاحب نے ’’ذہنی صحت کی حفاظت کے بارے میں آگاہی‘‘ کے موضوع پر بتایا کہ ذہنی صحت مجموعی صحت کا اہم حصہ ہے اور بڑی عمر میں ذہنی دباؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ آپ نے توجہ دلائی کہ بروقت ڈاکٹر سے مشورہ، دعا، جماعتی پروگراموں میں شمولیت اور خاندان و دوستوں کا تعاون اس ضمن میں نہایت مفید ہے۔
خدمت خلق کی سرگرمیاں:مکرم مبشر حسین خالد صاحب قائد ایثار مجلس انصاراللہ کینیڈا نے اپنے شعبہ کے تحت انجام دی جانے والی خدمت خلق کی مختلف سرگرمیوں کا تعارف کروایا۔
آخر میں مکرم لال خاں ملک صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اپنی تقریر میں شکرگزاری اختیار کرنے، اپنے آپ کو بوڑھا نہ سمجھنے، صحت کا خیال رکھنے تاکہ جماعتی خدمت جاری رہے اور دعاؤں کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی نصیحت کی جس کے بعد سوال و جواب کا اجلاس ہوا اور آخر پر دعا کروائی گئی۔ بعدازاں حاضرین انصار مختلف ورزشوں کے متعلق ہدایات حاصل کرتے رہے اور انصاراللہ کے سائیکلنگ پروگراموں سے متعلق بھی سٹال پر جاکر معلومات لیتے رہے۔ اسی دوران تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں مجموعی طور پر ۵۰۰؍سے زائد انصار اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کے علاوہ مختلف عہدیداران اور رضاکاروں نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک نتائج پیدا فرمائے، شاملین کو صحت و عافیت سے نوازے اور انہیں آئندہ بھی خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مدرسۃ الحفظ گھانا کے ۱۰۳ویں طالب علم کا اعزاز تکمیلِ حفظ قرآن




