ربوہ کا موسم(۱۲تا۱۸؍جون ۲۰۲۶ء)
۱۲؍جون جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت معمول کے مطابق ہلکی اور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، آسمان پر بادلوں کا نام و نشان نہ تھا اس لیے دن بھر دھوپ کی وجہ سے گرمی محسوس ہوتی رہی۔ عصر کے بعد سر شام ہی غربی اُفق پر بادلوں کی تہ آسمان پر نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر ہر طرف چھا گئی۔ ہوا کی رفتار بھی تیز ہوگئی اور مغرب سے قبل گرج چمک شروع ہوگئی، اورموسلا دھار بارش نے اپنا رنگ جمانا شروع کردیا۔ لوگ نماز مغرب کے لیے بارش میں بھیگ کر مسجد پہنچے۔ یہ بارش رات گئے تک جاری رہی اور ہر طرف جل تھل ایک کردیا، کچی گلیوں میں کیچڑ بن گیا۔ ٹھنڈی ہوا ساری رات جاری رہی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ ہفتہ کی صبح کو گذشتہ رات کی بارش کا خوشگوار اثر موجود تھا، دوپہر تک ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، صبح کے وقت ہلکے بادل آسمان پر دیکھے گئے، تاہم دوپہر تک آسمان صاف ہوگیا اور دھوپ نکل آئی اور گرمی بھی شروع ہوگئی۔ اتوار کو آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ خوب چمک رہی تھی جس سےگرمی ہوگئی، تاہم سارا دن ہلکی رفتار سے خوشگوار ہوا چلتی رہی جس نے گرمی کی ایک نہ چلنے دی۔ شام اور رات کے موسم اچھے بن گئے۔ سوموار کی فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے ساتھ ہلکی ہوا بھی رواں دواں تھی، تمام دن بادلوں کی تہ آسمان پر موجود رہی جس سے سورج کی کرنیں زمین پر صحیح طور پر نہ پہنچ سکیں، اس کے ساتھ ساتھ ہوا نے بھی اپنا رنگ جمائے رکھا۔
منگل کو علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بادل آگئے اور موسلا دھار بارش برسی اور خوب برسی، بارش کے ساتھ بادلوں میں گرج اور چمک بھی جاری رہی، دو تین گھنٹوں کے بعد بارش ہلکی ہوگئی اور پھر کچھ دیر بعد معدوم ہوگئی۔ بدھ کو نماز فجر کے وقت ہوا بالکل بند تھی اور حبس کی کیفیت محسوس ہوتی تھی لیکن صبح کی خنکی کی وجہ سے موسم ٹھیک تھا۔ شام کو کچھ دیر کے لیے آندھی آئی پھر اپنے پیچھے ٹھنڈی ہوا چھوڑ گئی جس سے موسم خوب مزے کا بن گیا۔ جمعرات کو صبح کے وقت ہلکی اور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی لگتا تھا جیسے موسم ٹھیک رہے گا لیکن جونہی دوپہر پہنچی تو ہوا لُو کی شکل اختیار کرگئی۔ لیکن پھر بند بھی ہوگئی۔ ظہر اور عصر کے درمیان حبس ہوگیا۔ مغرب سے قبل آسمان کی غربی طرف بادل دیکھے گئے جو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر پھیل گئے، پہلے آندھی آئی اور پھر بارش شروع ہوگئی جو کچھ گھنٹے جاری رہنے کے بعد بند ہوگئی اور خوشگوار ہوا کی وجہ سے رات خوب اچھی گزری۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۳۹؍اور کم سے کم ۲۹؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔
(ابو سدید)




